|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، خیبرپختونخوا|

12ستمبر کو سوات کے علاقے مدین میں 9 سالہ بچی کے بہیمانہ قتل کے خلاف بڑی تعداد میں عوامی احتجاج کیا گیا جس میں اکثریت خواتین اور بچیوں کی شامل تھی۔ اس 9 سالہ بچی جس کا نام ایشمل تھا اور دوسری جماعت کی طالبہ تھی، کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کے بعد گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ مدین میں اپنی نوعیت کا ایک غیر معمولی احتجاج تھا، جہاں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں خواتین اپنے گھروں سے نکل کر احتجاج میں شریک ہوئیں اور معصوم بچی کے قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور اس کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزم کو فوری طور پر سخت ترین سزا دی جائے۔ بعض مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسے عوام کے حوالے کیا جائے۔یہ احتجاج آج بھی جاری ہیں۔
رواں سال پاکستان، بالخصوص خیبرپختونخوا میں جنسی زیادتی، قتل اور گھریلو تشدد کے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد معصوم بچوں اور خواتین کی ہے۔ ایسے واقعات نے عوام کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

پولیس اور ریاستی ادارے عام شہریوں کے تحفظ کی بجائے وزراء، مشیروں، بااثر افراد اور اشرافیہ کے پروٹوکول میں مصروف نظر آتے ہیں۔ دوسری جانب جنسی زیادتی، قتل اور گھریلو تشدد جیسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی اور ایف آئی آر کے اندراج کے لیے بھی عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی خیبرپختونخوا مدین کے واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ملزم کو فوری طور پر سخت سے سخت سزا دی جائے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے محض قانونی اقدامات کافی نہیں، بلکہ ان سماجی و معاشی حالات کو بھی تبدیل کرنا ہو گا جو انسانی زندگی، خصوصاً خواتین اور بچوں کے تحفظ کو غیر یقینی بناتے ہیں۔
ایک سرمایہ دارانہ معاشرے میں جہاں دولت، طاقت اور طبقاتی مفادات کو انسانی زندگی پر فوقیت حاصل ہو، وہاں خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے خلاف جدوجہد کو وسیع تر سماجی تبدیلی کی جدوجہد سے جوڑنا ضروری ہے۔ حقیقی تحفظ، برابری اور آزادی کے لیے سرمایہ دارانہ نظام کے ساتھ ان پدرشاہانہ روایات اور عورت دشمن سوچ کا خاتمہ بھی ناگزیر ہے۔
لہٰذا سوشلسٹ انقلاب ہی وہ واحد راستہ ہے جو نہ صرف سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کریں گا بلکہ ان تمام پدرشاہانہ روایات و سوچ کا بھی خاتمہ کریں گا جو عورت دشمن ہے۔ اگر آپ عورت دشمن پر دستور کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں اور اس کی ہر بنیاد کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہتے ہیں تو آج ہی انقلابی کمیونسٹ پارٹی کا ممبر بنیں۔