|رپورٹ: عباس تاج، صادق آباد|
دنیا بھر کی طرح صادق آباد میں بھی شکاگو کے شہیدوں کے خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یومِ مئی بھرپور طریقہ سے منایا گیا۔ پریس کلب صادق آباد کے سامنے صادق آبا دکے مزدور رہنماؤں نے شکاگو کے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یومِ مئی بھرپور طریقہ سے منایا۔ یومِ مئی کے اس موقع پر صادق آباد کی مختلف تنظیموں کے مزدور رہنماؤں سید مختار الحسن گُل ایڈوکیٹ سابق صدر بار، محمد ندیم بٹ صدر انقلابی رکشہ یونین صادق آباد، ضیاء الحق بٹ سماجی رہنماء، محمد راشد کار ٹیکسی اسٹینڈ، ملک فیاض احمد ٹیچر یونین اور عباس تاج انقلابی کمیونسٹ پارٹی، صادق آباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم شکاگو کے شہیدوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ شکاگو کے شہیدوں نے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف بھرپور احتجاج کر کے دنیا بھر کے سرمایہ داروں کو بتا دیا تھا کہ ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں۔ سرمایہ داروں نے ہمیشہ محنت کشوں کا استحصال کیا ہے۔ ہماری محنت پر پلنے والے سرمایہ دار دولت مند ہو رہے ہیں اور محنت کرنے والے غریب سے غریب تر ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر مزدور رہنماؤں نے کہا کہ آج بھی حکمران طبقہ اپنے عوام سے لوٹے ہوئے ٹیکسوں کے ذریعے خود تو عیاشیاں کر رہا ہے مگر محنت کرنے والے بھوک و افلاس کا شکار ہیں۔ روز بروز کی بڑھتی ہوئی غربت، مہنگائی اور بیروزگاری نے لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے۔ سرمایہ دار طبقے کے لوٹ مار کی وجہ سے غریب خود کشیوں پر مجبور اور دولت مندوں کی دولت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہم حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پٹرول، ڈیزل، بجلی، گیس اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی اشیاء پر لگائے گئے کھربوں روپوں کے ناجائز ٹیکس ختم کیے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ لیبر کی افسر شاہی اپنے دفتروں میں بیٹھ کر سرمایہ داروں سے رشوت وصول کرتی ہے اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔ جس کے باعث مزدور کا استحصال ہور ہا ہے۔ غربت کے باعث چھوٹے چھوٹے بچے محنت مشقت پر مجبور ہیں۔ ٹھیکیداری کے ظالمانہ نظام کے تحت مزدورں کے معاشی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دن بدن کی بڑھتی ہوئی لاقانونیت، بدامنی اور جنگوں کے باعث انسانیت اس وقت شدید خطرات سے دور چار ہے۔ ہم عزم کرتے ہیں کہ ہم پوری دنیا کے محنت کش طبقے کے ساتھ متحد ہو کر سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کریں گے اور سوشلسٹ انقلاب لا کر ظلم و جبراور ناانصافی کا خاتمہ کریں گے۔
یوم مئی کے موقع پر مزدور رہنماؤں نے مہنگی بجلی، مہنگی گیس، مہنگے پٹرول، مہنگے آٹے، جنگوں اور دیگر عوامی مسائل کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ جاگیرداری، ٹھیکے داری اور سرمایہ داری کے خلاف بھی نعرے لگائے گئے۔
