|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، بلوچستان|

کوئٹہ میں گزشتہ چند روز کے دوران وفاقی محکموں میں ملازمتوں کے حصول کے لیے آنے والے ہزاروں بے روزگار نوجوان سڑکوں پر نکل آئے۔ پہلے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور پھر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے انٹرویوز میں بدانتظامی، ناقص منصوبہ بندی اور امیدواروں کے ساتھ ناروا سلوک نے نوجوانوں کے اندر موجود غصے کو احتجاج میں بدل دیا۔ یہ واقعات محض انتظامی نااہلی نہیں بلکہ بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، سرمایہ دارانہ نظام کے بحران اور نوجوان نسل کے تباہ ہوتے مستقبل کی عکاسی کرتے ہیں۔
کیسکو کے انٹرویوز اور نوجوانوں کا احتجاج
وفاقی حکومت نے بلوچستان فیڈرل ایمپلائمنٹ فیسیلیٹیشن سیل (BEFC) کے تحت بلوچستان میں مختلف وفاقی محکموں کی بھرتیوں کا اعلان کیا تھا، جن میں کیسکو کی گریڈ ایک سے پندرہ تک 2798 بھی شامل تھیں۔ ان میں اسسٹنٹ لائن مین، میٹر ریڈر، کلرک، ڈرائیور، آپریٹر اور دیگر تکنیکی و غیر تکنیکی ملازمتیں شامل تھیں۔ کیسکو نے 16 سے 20 نومبر 2026ء تک انٹرویوز کا شیڈول جاری کیا، جبکہ کوئٹہ کے امیدواروں کو 20 نومبر کو BUITEMS یونیورسٹی، بلیلی روڈ پر بلایا گیا۔
اس موقع پر پورے بلوچستان سے ہزاروں نوجوان اپنے اصل تعلیمی کاغذات، شناختی کارڈ اور ڈومیسائل لے کر کوئٹہ پہنچے، لیکن امیدواروں کی بڑی تعداد کے باوجود مناسب انتظامات نہیں کیے گئے۔ یونیورسٹی کا مرکزی گیٹ بند ہونے اور انٹرویوز کے ناقص انتظامات کے باعث امیدوار مشتعل ہو گئے۔ اس دوران ایئرپورٹ روڈ سے بلیلی تک ٹریفک متاثر ہوئی، مظاہرین نے جناح پیپلز ٹرین کو BUITEMS کے سامنے روک دیا اور بلیلی کے مقام پر قومی شاہراہ بھی بند کر دی۔ احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔ امیدواروں نے مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں کا مطالبہ کیا۔ بالآخر بدنظمی کے باعث کیسکو کے کوئٹہ میں ہونے والے انٹرویوز تا حکم ثانی ملتوی کر دیے گئے۔
ایف بی آر کے انٹرویوز اور نوجوانوں کی مشکلات
کیسکو کے واقعے سے کچھ روز قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی بھرتیوں میں بھی اسی نوعیت کی صورتحال پیدا ہوئی۔ کوئٹہ اور شمالی بلوچستان کے امیدواروں کی توقع تھی کہ ان کے انٹرویوز کوئٹہ میں ہوں گے، لیکن انہیں حب میں قائم دفاتر میں انٹرویو دینے کی ہدایت کی گئی۔ اس فیصلے نے پہلے ہی بے روزگاری اور معاشی مشکلات کے شکار نوجوانوں کے لیے مزید مسائل پیدا کر دیے۔ حب تک سفر اور رہائش کے اضافی اخراجات برداشت کرنا ہر امیدوار کے لیے ممکن نہیں تھا، جس کے باعث متعدد نوجوان انٹرویوز میں شرکت سے محروم ہونے کے خدشے سے دوچار ہوئے۔ اس فیصلے کے خلاف بے روزگار نوجوانوں اور طلبہ نے کوئٹہ میں احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ انٹرویوز کوئٹہ میں لیے جائیں یا کم از کم ڈویژنل سطح پر مراکز قائم کیے جائیں۔ یہ واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کا حصول پہلے ہی مشکل ہے، جبکہ سرکاری اداروں کی ناقص منصوبہ بندی ان مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔
بلوچستان میں بے روزگاری کا بحران اور نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد
بلوچستان میں بے روزگاری کسی ایک محکمے یا واقعے تک محدود نہیں بلکہ ایک وسیع سماجی و معاشی مسئلہ ہے۔ ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبائی اسمبلی کو بتایا کہ بلوچستان کے لیے 25 ہزار وفاقی آسامیاں مختص کی گئی ہیں۔ اسی طرح وفاقی حکومت نے 31 وزارتوں اور ڈویژنوں میں بلوچستان کوٹے کی 5387 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا۔ ان چند ہزار آسامیوں کے لیے ہزاروں نوجوانوں کا ایک ہی مقام پر جمع ہونا اس حقیقت کو ظاہر کرتا ہے کہ صوبے میں روزگار کے مواقع کس قدر محدود ہیں۔
بلوچستان کے ہزاروں نوجوان اعلیٰ تعلیم کے لیے ملک کے دیگر صوبوں کا رخ بھی کرتے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دستیاب اعداد و شمار میں بلوچستان اور سابق فاٹا کے طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگراموں کے تحت زیرِ تعلیم نوجوانوں کی تعداد سامنے آتی ہے، تاہم بیرونِ بلوچستان زیرِ تعلیم تمام طلبہ کا مجموعی سرکاری عدد دستیاب نہیں۔ یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ ہر سال بڑی تعداد میں نوجوان اعلیٰ تعلیم مکمل کرکے محنت کی منڈی میں داخل ہوتے ہیں، لیکن سرمایہ دارانہ نظام ان کے لیے مستقل اور باعزت روزگار فراہم کرنے سے قاصر ہے۔
تعلیم کی گرتی ہوئی رسائی اور فیسوں میں اضافہ
ایک طرف نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا، دوسری طرف اعلیٰ تعلیم تک رسائی مسلسل مشکل ہو رہی ہے۔ ڈان کے مطابق ملک میں جامعات کی تعداد پانچ سال میں 220 سے بڑھ کر 269 ہو گئی ہے (169 سرکاری اور 110 نجی)، لیکن اسی دوران طلبہ کی تعداد کم ہوتی گئی۔ پاکستان میں جامعات کی انرولمنٹ 2020-21ء میں تقریباً 22 لاکھ 30 ہزار تھی جو کم ہو کر تقریباً 19 لاکھ 60 ہزار رہ گئی۔ اب چار سالہ بی ایس جامعات کے ساتھ ڈگری کالجوں میں بھی ہوتا ہے، مگر کالجوں میں بھی طلبہ کم ہوئے ہیں: ڈگری کالجوں میں 2019-20ء کے عرصے میں طلبہ کی تعداد 7 لاکھ 71 ہزار چھ سو سے کم ہو کر 2023-24ء میں 6 لاکھ 50 ہزار رہ گئی ہے۔ وجوہات میں فیسوں میں اضافہ، معاشی دباؤ اور انتظامی مسائل شامل ہیں۔
بلوچستان میں صورتحال زیادہ سنگین ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دستیاب اعداد کے مطابق صوبے کی جامعات میں داخلے 2020-21ء میں 49063 سے کم ہو کر 2021-22ء میں 40337 رہ گئے، یعنی ایک سال میں 8726 (تقریباً 17.8 فیصد) کمی ہوئی۔
محکمہ کالجز، اعلیٰ و فنی تعلیم کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے کی 12 سرکاری جامعات میں اس وقت 34564 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں جبکہ گنجائش 55 ہزار سے زائد نشستوں کی ہے۔ جامعہ بلوچستان کے تقریباً 70 فیصد طلبہ غریب دیہی گھرانوں سے ہیں، جن کے لیے فیسوں میں اضافہ تعلیم جاری رکھنے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ یوں تعلیم سرمایہ دارانہ نظام میں ایک مہنگی سہولت بنتی جا رہی ہے، جس تک رسائی محنت کش اور غریب گھرانوں کے بچوں کے لیے مسلسل مشکل ہو رہی ہے۔
خالی آسامیاں، بجٹ اور مستقل روزگار کا بحران
بلوچستان میں ایک طرف بے روزگار نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جبکہ دوسری طرف سرکاری محکموں میں ہزاروں آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ بلوچستان کے وزیر خزانہ نے 2024-25ء کے بجٹ میں بتایا تھا کہ گریڈ 9 سے 15 تک تقریباً 10 ہزار آسامیاں خالی ہیں۔ دوسری جانب مختلف محکموں میں 7 ہزار غیر ضروری قرار دی گئی آسامیاں ختم کرنے اور اسی دوران 2900 نئی آسامیاں پیدا کرنے کی اطلاع بھی سامنے آئی۔
مالی سال 2025-26ء کے بجٹ میں مجموعی طور پر 6146 نئی آسامیوں کا اعلان کیا گیا، جن میں 4188 کنٹریکٹ اور صرف 1958 مستقل آسامیاں تھیں۔ محکمہ صحت میں 2120 کنٹریکٹ کے مقابلے میں صرف 37 مستقل، جبکہ سکول ایجوکیشن میں 1170 کنٹریکٹ کے مقابلے میں صرف 67 مستقل آسامیاں رکھی گئیں۔ اسی طرح مالی سال 2026-27ء کے بجٹ میں مزید 5000 نئی آسامیوں کا اعلان کیا گیا، جن میں 3000 شعبہ تعلیم، 500 شعبہ صحت، 1000 نئے اضلاع اور 500 دیگر محکموں کے لیے مختص ہیں۔ تاہم ان آسامیوں کی مستقل اور کنٹریکٹ بنیادوں پر مکمل تقسیم واضح نہیں کی گئی۔ ایک طرف بلوچستان کی سرکاری جامعات میں زیرِ تعلیم طلبہ تقریباً 35 ہزار ہیں، جبکہ دوسری جانب صوبائی بجٹ میں سالانہ محض چند ہزار نئی آسامیاں (2025-26ء میں 6146 اور 2026-27ء میں 5000) پیدا ہوتی ہیں، جس کے باعث ہر سال ہزاروں نوجوان تعلیم مکمل کر کے بے روزگار ہو جاتے ہیں۔ یہ اعداد ظاہر کرتے ہیں کہ ہزاروں نوجوان روزگار کے انتظار میں ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے تخلیق کردہ ملازمتوں میں مستقل روزگار کی ضمانت مسلسل کمزور ہو رہی ہے۔
کنٹریکٹ، ایڈہاک اور ڈیلی ویجز بھرتیاں: نوجوانوں کا استحصال
انقلابی کمیونسٹ پارٹی کا مؤقف ہے کہ جولائی 2024ء کے بعد سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں پر زیادہ تر بھرتیاں ایڈہاک، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ بلوچستان سول سرونٹس (ترمیمی) ایکٹ کے تحت یکم جولائی 2024ء سے باقاعدہ بنیادوں پر بھرتی ہونے والے ملازمین کو روایتی پنشن کی بجائے کنٹریبیوٹری پنشن اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسری طرف 2025-26ء کے بجٹ میں کنٹریکٹ آسامیوں کی بڑی تعداد بھی اسی رجحان کی نشاندہی کرتی ہے۔
یہ رجحان عملی بھرتیوں میں بھی نظر آتا ہے۔ محکمہ تعلیم میں مارچ 2024ء میں تقریباً 2000 اساتذہ کو برطرف کرنے اور خالی آسامیاں کنٹریکٹ پر پُر کرنے کا فیصلہ ہوا۔ مئی 2024ء میں 9000 اساتذہ کی کنٹریکٹ پر بھرتی کا اعلان ہوا اور وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام آسامیاں کنٹریکٹ پر پُر ہوئی ہیں۔ جنوری 2026ء میں گریڈ 17 میں 4000 اساتذہ کی ایڈہاک پر بھرتی کا اعلان ہوا۔
محکمہ صحت میں 2019ء میں 487 ڈاکٹر اور نرسیں کنٹریکٹ پر رکھی گئیں۔ مارچ 2023ء میں 897 ڈاکٹروں کی ایڈہاک/کنٹریکٹ بھرتی کا اعلان ہوا اور 849 کو بھرتی کے خطوط جاری ہوئے۔ وزیراعلیٰ بگٹی کے مطابق 3000 ڈاکٹروں کی کنٹریکٹ بھرتی مکمل ہو چکی ہے۔
کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمتوں میں نہ نوکری کا تحفظ ہوتا ہے، نہ مستقل ترقی اور دیگر بنیادی سہولیات کی ضمانت، جبکہ ہر وقت برطرفی کا خوف موجود رہتا ہے۔ اس طرح نوجوانوں کو مستقل روزگار فراہم کرنے کی بجائے ان کی محنت کو سستے داموں استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ روزگار کی فراہمی نہیں بلکہ محنت کش طبقے کے استحصال کی ایک نئی شکل ہے۔
بلوچستان کے وسائل اور سرمایہ دارانہ نظام کا تضاد
بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے۔ یہاں گیس، معدنیات، سونا اور دیگر قیمتی ذخائر موجود ہیں، لیکن ان وسائل کی موجودگی کے باوجود عوام غربت، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی محرومی کا شکار ہیں۔ ایک طرف قدرتی وسائل سے سرمایہ دار اور سامراجی کمپنیاں منافع حاصل کر رہی ہیں، دوسری طرف بلوچستان کا نوجوان ایک کلرک یا لائن مین کی ملازمت کے حصول کے لیے ذلت اور دھکے برداشت کرنے پر مجبور ہے۔ یہ تضاد اس نظام کی بنیادی حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے جہاں وسائل پیدا کرنے والے عوام خود ان سے محروم رہتے ہیں، جبکہ چند سرمایہ دار اور حکمران طبقات ان وسائل پر قابض ہیں۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی کا مؤقف، فوری مطالبات اور سوشلسٹ پروگرام
انقلابی کمیونسٹ پارٹی بلوچستان بے روزگار نوجوانوں کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتی ہے اور سمجھتی ہے کہ روزگار ہر نوجوان کا بنیادی حق ہے۔ ہمارے فوری مطالبات یہ ہیں کہ تمام سرکاری انٹرویوز ضلعی اور ڈویژنل سطح پر الگ الگ تاریخوں میں منظم انداز سے منعقد کیے جائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے امیدواروں کو غیر ضروری سفری اور مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کوئٹہ کے امیدواروں کو حب یا دیگر دور دراز مقامات پر بھیجنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور ملتوی ہونے والے کیسکو اور ایف بی آر انٹرویوز کا نیا شیڈول فوری جاری کیا جائے۔ تمام بھرتیاں شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر ہوں، سفارش اور رشوت کا خاتمہ کیا جائے اور احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کسی قسم کی انتقامی کاروائی نہ کی جائے۔ ہر سال صوبائی بجٹ کے ساتھ تمام سرکاری محکموں کی خالی آسامیوں کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائیں اور ان پر مستقل بنیادوں پر بھرتیاں کی جائیں۔ ایڈہاک، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز کا نظام ختم کیا جائے اور پہلے سے ان بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ سرکاری جامعات اور کالجوں کی فیسوں میں کمی کی جائے، تعلیمی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہو اور محنت کش و غریب گھرانوں کے بچوں کے لیے تعلیم مفت ہو۔ تمام بے روزگار نوجوانوں کو مستقل روزگار دیا جائے اور روزگار ملنے تک مناسب بے روزگاری الاؤنس فراہم کیا جائے۔
ہم ان مطالبات کو الگ الگ اصلاحات نہیں سمجھتے بلکہ انہیں ایک سوشلسٹ پروگرام کی کڑیوں کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ جب تک معیشت منافع کے تابع ہے، حکومتیں مالی تنگی کے نام پر مستقل آسامیاں کم کرتی رہیں گی اور کنٹریکٹ نظام کو پھیلاتی رہیں گی، جیسا کہ بجٹ کے اعداد سے ظاہر ہے۔ اس لیے ان مطالبات کی پائیدار ضمانت اسی وقت ممکن ہے جب معیشت کی بنیاد منافع کی بجائے اجتماعی ضروریات پر رکھی جائے۔
بلوچستان کے نوجوانوں کو سمجھنا ہو گا کہ ان کی لڑائی محض چند ہزار سرکاری ملازمتوں کے حصول کی لڑائی نہیں بلکہ ایک وسیع طبقاتی اور سماجی مسئلے کا حصہ ہے۔ جب تک سرمایہ دارانہ نظام قائم ہے، جہاں منافع کو انسانی ضروریات پر فوقیت حاصل ہے، وہاں بے روزگاری، غربت، سفارش، رشوت اور نوجوانوں کا استحصال ختم نہیں ہو سکتا۔ ہر سال محنت کی منڈی میں داخل ہونے والے نوجوانوں کی تعداد کے مقابلے میں روزگار کے مواقع انتہائی محدود ہیں، جبکہ دستیاب ملازمتوں کو بھی مستقل بنیادوں پر فراہم نہیں کیا جا رہا۔
اس صورتحال کا حقیقی حل ایک انقلابی سوشلسٹ تبدیلی میں مضمر ہے۔ ایک سوشلسٹ پروگرام کے تحت بلوچستان کے تمام قدرتی وسائل، یعنی گیس، معدنیات، سونا اور دیگر ذخائر، چند سرمایہ داروں اور سامراجی کمپنیوں کی بجائے محنت کش عوام کے جمہوری کنٹرول میں ہوں گے۔ معیشت کے کلیدی شعبے محنت کشوں کی اجتماعی ملکیت میں ہوں جو محنت کشوں کی منتخب نمائندگی کے تحت اجتماعی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کے ساتھ چلائے جائیں گے، جس سے ہر نوجوان کو باعزت اور مستقل روزگار ملے گا اور تعلیم و صحت ہر انسان کو مفت میسر ہو گی۔ روزگار کوئی خیرات نہیں بلکہ ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ اس حق کے حصول کے لیے نوجوانوں کو محنت کش طبقے کے ساتھ مل کر ایک منظم انقلابی جدوجہد تعمیر کرنا ہو گی۔