بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا خاتمہ نامنظور! عوامی اداروں کی نجکاری اور بندش کی پالیسی مسترد کرتے ہیں!

|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، بلوچستان|

انقلابی کمیونسٹ پارٹی بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کو ختم کرنے، اس کی خودمختار حیثیت تبدیل کرنے یا اسے حکومتی انتظامی ڈھانچے میں ضم کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتی ہے اور اسے بلوچستان کے غریب طلبہ کے تعلیمی مستقبل اور محنت کش عوام کے معاشی و سماجی حقوق پر ایک کھلا حملہ قرار دیتی ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے 19 ہزار 548 طلبہ اور 90 سے زائد ملازمین کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ ان طلبہ میں بیرونِ ملک قانون کی تعلیم حاصل کرنے والے 45 طلبہ بھی شامل ہیں۔ BEEF بلوچستان کے غریب اور محنت کش خاندانوں کے ان بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیم تک رسائی کا ایک اہم ذریعہ ہے جو معاشی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ ایسے ادارے کو ختم یا کمزور کرنے کی بجائے اس کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ اگر ادارے میں انتظامی یا مالی مسائل موجود ہیں تو ان کا حل شفافیت اور جمہوری نگرانی ہے، نہ کہ اس کی بندش یا خودمختاری کا خاتمہ۔

اس فیصلے کو بلوچستان کی مجموعی تعلیمی، معاشی اور سماجی صورتحال سے الگ نہیں کیا جا سکتا، جہاں غربت، بے روزگاری اور تعلیمی پسماندگی پہلے ہی سنگین بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ صوبے میں مستقل، محفوظ اور باعزت روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔ محدود سرکاری ملازمتوں کا بڑا حصہ عارضی، کنٹریکٹ یا روزانہ اجرت کی بنیاد پر ہے، جبکہ چھوٹے کاروبار بھی حکومتی سرپرستی اور معاشی سہولتوں کی عدم موجودگی میں مشکلات کا شکار ہیں۔ افغانستان اور ایران سے منسلک سرحدی تجارت ہزاروں محنت کشوں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کا اہم ذریعہ ہے، لیکن یہ بھی مستقل معاشی تحفظ فراہم نہیں کرتی۔ افغانستان کے ساتھ سرحدی تجارت ایک سال سے زائد عرصے سے بندشوں کا شکار ہے، جس کے باعث لاکھوں افراد اور خاندان شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ ایران کے ساتھ تجارت بھی مسلسل غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔

بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی کی صورتحال بھی انتہائی تشویشناک ہے۔ دستیاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے کی جامعات میں داخلوں کی تعداد 2020-21ء میں 49 ہزار تریسٹھ سے کم ہو کر 2021-22ء میں 40 ہزار 337 رہ گئی۔ دوسری جانب بے روزگاری کے سرکاری اعداد و شمار بھی صوبے کی حقیقی معاشی صورتحال کی مکمل عکاسی نہیں کرتے، کیونکہ عارضی اور غیر رسمی روزگار کو ملازمت شمار کرنے سے بے روزگاری کی اصل شدت سامنے نہیں آتی۔ ایسے حالات میں BEEF جیسے ادارے کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے، کیونکہ یہ معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے نوجوانوں کو تعلیم جاری رکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس ادارے کو ختم یا کمزور کرنا بلوچستان کے نوجوانوں کے محدود تعلیمی مواقع بھی چھیننے کے مترادف ہے۔

بلوچستان کے عوامی اداروں پر حکومتی حملوں کا یہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں بلکہ نجکاری کی ایک وسیع تر پالیسی کا حصہ ہے۔ بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (BDA)، میٹروپولیٹن کارپوریشنز، BEEF اور دیگر عوامی اداروں کی نجکاری، بندش، تحلیل یا انتظامی اختیارات کی منتقلی کے اقدامات درحقیقت عوامی وسائل، ملازمین کے روزگار اور بنیادی سہولتوں پر حملہ ہیں۔ عوام کے ٹیکسوں اور محنت سے قائم ہونے والے ادارے کسی حکومت، بیوروکریٹ یا سرمایہ دار کی ذاتی ملکیت نہیں کہ انہیں اپنی مرضی سے فروخت یا ختم کر دیا جائے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ عوامی اداروں کی نجکاری عوامی دولت کو نجی منافع خوروں کے حوالے کرنے کا عمل ہے، جبکہ ان کی بندش ہزاروں خاندانوں کو معاشی عدم تحفظ کی طرف دھکیلتی ہے۔ اداروں کی بدانتظامی اور کرپشن کا بوجھ ملازمین اور عوام پر ڈالنے کی بجائے ذمہ دار حکام کا احتساب کیا جائے اور ان اداروں کو عوامی ملکیت، مناسب بجٹ اور جمہوری نگرانی میں مزید مضبوط بنایا جائے۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی واضح کرتی ہے کہ تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی عوامی سہولتیں عوام کے بنیادی حقوق ہیں، حکمرانوں کی خیرات نہیں۔ معاشی بحران کا بوجھ غریب عوام، طلبہ اور ملازمین پر منتقل کرنے کی بجائے حکمران طبقے کی مراعات، شاہانہ اخراجات، کرپشن اور عوامی وسائل کی لوٹ مار کا خاتمہ کیا جائے۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے مطالبات

1۔ BEEF کو ختم کرنے، اس کی خودمختار حیثیت تبدیل کرنے یا کسی دوسرے انتظامی ڈھانچے میں ضم کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور ادارے کی خودمختاری، مالی وسائل اور انتظامی اختیارات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

2۔ تمام 19 ہزار 548 طلبہ کے وظائف اور تعلیمی معاونت کا تسلسل برقرار رکھا جائے، جبکہ ادارے کے 90 سے زائد ملازمین کے روزگار، تنخواہوں، مراعات اور تمام سروس حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ کسی قسم کی جبری برطرفی یا حقوق کی کٹوتی قبول نہیں کی جائے گی۔

3۔ بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، میٹروپولیٹن کارپوریشنز، BEEF اور دیگر تمام عوامی اداروں کی نجکاری، بندش، تحلیل اور اثاثوں کی منتقلی کے اقدامات فوری طور پر ختم کیے جائیں۔ ان اداروں کو عوامی ملکیت اور جمہوری نگرانی میں رکھتے ہوئے مناسب بجٹ اور وسائل فراہم کیے جائیں۔

4۔ تمام عوامی اداروں کے مالی و انتظامی معاملات کا شفاف آڈٹ کیا جائے اور کرپشن، بدعنوانی اور بدانتظامی کے ذمہ دار حکام کا احتساب کیا جائے۔ اس عمل میں ملازمین، متعلقہ یونینز، طلبہ اور عوامی نمائندوں کو شامل کیا جائے۔

5۔ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے لیے وظائف اور تعلیمی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے، جامعات اور دیگر سرکاری اداروں کو مضبوط بنایا جائے اور نوجوانوں کے لیے مستقل، محفوظ اور باعزت روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔ سرحدی تجارت پر غیر ضروری پابندیاں ختم کر کے اس سے وابستہ محنت کشوں کے معاشی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی سمجھتی ہے کہ ان مطالبات کا حصول محض حکومتی یقین دہانیوں اور مذاکرات سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے طلبہ، ملازمین، اساتذہ، محنت کشوں اور تمام ترقی پسند قوتوں کی منظم اور مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔ ہم BEEF کے طلبہ اور ملازمین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور بلوچستان کے تمام عوامی اداروں کے تحفظ کی جدوجہد کو ایک مشترکہ سیاسی اور طبقاتی جدوجہد کا حصہ سمجھتے ہیں۔ ہم طلبہ تنظیموں، ملازمین کی یونینز، اساتذہ اور ترقی پسند سیاسی قوتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ نجکاری، اداروں کی بندش اور عوامی حقوق پر حملوں کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد کریں۔

ہم حکومت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ عوامی ادارے کوئی منافع بخش کاروباری مال نہیں، طلبہ کے وظائف حکومتی خیرات نہیں اور محنت کشوں کا روزگار کسی بیوروکریٹ کی صوابدید کا محتاج نہیں۔ ہم عوامی اداروں کی نجکاری، بندش اور تباہی کی ہر کوشش کے خلاف بھرپور سیاسی، جمہوری اور منظم عوامی مزاحمت کریں گے۔ BEEF کا خاتمہ نامنظور! عوامی اداروں کی نجکاری نا منظور! بلوچستان کے نوجوانوں کا تعلیمی مستقبل اور محنت کشوں کا روزگار کسی صورت داؤ پر نہیں لگنے دیں گے!