|تحریر: پارس جان|

آج کل بائیں بازو کے حلقوں میں ہم انقلابی کمیونسٹوں کا اس ناقابلِ معافی جرم کی پاداش میں تمسخر اڑانا ایک معمول بن گیا ہے کہ ہم ہر احتجاج یا تحریک کو مبینہ انقلاب قرار دے کر اس میں کود پڑتے ہیں اور بہت سی خوش فہمیاں پال لیتے ہیں۔ حال ہی میں اس روش کو پاکستانی زیر ِ انتظام کشمیر میں جاری عوامی تحریک پر ہونے والی بحثوں میں بآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔ ہمارا جرم یہ بتایا جا رہا ہے کہ ہم کشمیر کی تحریک کو انقلاب قرار دے کر کشمیر کی عوام کو مہم جوئی پر اکسا رہے ہیں جبکہ کشمیر کی تحریک تو محض حقوق کی تحریک ہے۔ کچھ لوگوں کا اصرار یہ ہے کہ اگر کشمیر میں عوام واقعی انقلاب برپا کر بھی دیں یعنی اگر مسندِ اقتدار عوام کے ہاتھوں میں آ بھی جائے تو وہ کر ہی کیا سکتے ہیں کیونکہ کشمیر ایک چھوٹا سا خطہ ہے جہاں ذرائع پیداوار ناپید ہیں اور وہاں ایک آزاد اور خود مختار حکومت کا قیام سیاسی بڑھک بازی ہی ہے وغیرہ وغیرہ۔
اسی طرح ماضی میں عرب بہار یا وینزویلا کے عوام کی تاریخی مزاحمت پر ہمارے مؤقف کو بھی بطور حوالہ پیش کر کے ہم پر اس الزام کو ثابت کرنے کی نہ صرف کوشش کی جاتی ہے بلکہ یہ فیصلہ بھی صادر کر دیا جاتا ہے کہ ہم انتہا پسند، الٹرا لیفٹ یا مہم جو ہیں لہٰذا ہمیں مرتدین قرار دے کر بائیں بازو سے نکال باہر کر دینا چاہیے۔ ہمارے ان ناقدین میں این جی اوٹک لیفٹ، سابقہ کمیونسٹ یعنی لیفٹ لبرلز، سٹالنسٹ، ماؤاسٹ، نیو مارکسسٹ یا اکیڈمک لیفٹ اور حتیٰ کہ چند ایک ٹراٹسکائیٹ فرقے بھی شامل ہیں۔ ان سب کا ہمارے خلاف اس نکتے پر باہم متفق ہونا محض اتفاق نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے اور ان سب کے مابین ایک معیاری فرق کی غمازی ہے اور وہ فرق ہے میتھڈ کا فرق۔ اس فرق کی نوعیت اور اہمیت پر ہم آگے چل کر روشنی ڈالیں گے۔ اول تو ہم ہر سیاسی واقعے کو انقلاب ہر گز نہیں کہتے بلکہ ہر انفرادی واقعے کو اس کے طبقاتی سیاق و سباق اور محرکات و اثرات کے میزان پر تولتے ہیں۔ یہی مارکس اور لینن کا میتھڈ تھا۔ بائیں بازو کے ان نوسربازوں سے پوچھنا چاہیے کہ اگر انقلاب محض نظام کی حتمی تبدیلی ہی کو کہا جانا چاہیے تو پھر سترھویں صدی کے برطانوی انقلاب کو کس کھاتے میں ڈالیں گے، اور مارکس اور اینگلز نے 1848ء کو جرمنی اور فرانس کے سیاسی بحران کے باعث انقلابات کا سال کیوں قرار دیا تھا؟ مزید برآں لینن نے روس میں 1905ء کی ناکام عوامی بغاوت کے لیے بھی انقلاب کی اصطلاح کیوں استعمال کی؟ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ ہمارے ان ناقدین میں سے بہت سے لوگ خود ماضی میں کبھی نواز شریف کے ”مجھے کیوں نکالا“ والے لانگ مارچ اور کبھی ان کے دماغوں میں خبط کی صورت موجود ”عمرانی فاشزم“ کے خاتمے کی سیاسی گھمن گھیریوں سے انقلاب برآمد کرنے میں مصروف رہے ہیں۔ ہاں البتہ ہم انقلابی کمیونسٹوں کے موجودہ عالمی تناظر اور انقلابی حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لینے سے قبل چند بنیادی تصورات کی طرف توجہ مبذول کرانا بے حد ضروری ہے۔
انقلاب: تاریخ کا انجن
کارل مارکس نے انقلابات کو انسانی تاریخ کے انجن قرار دیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ کارل مارکس اور فریڈرک اینگلز نے اپنی تصانیف میں جگہ جگہ اور بار بار انقلابی عمل کی وضاحت اسی لیے کی تھی کہ تاریخ کی سائنس کے طلبہ اور انقلابی جدوجہد کے کارکنان اس سوال پر کسی بھی قسم کے تذبذب اور ابہام کا شکار نہ ہوں۔ لیکن کبھی کبھی تو یہ لگتا ہے کہ شاید ان عظیم اساتذہ کی یہ تمام تر کاوشیں رائیگاں ہی چلی گئیں۔ بالخصوص جب ہم آج ان بائیں بازو کے حلقوں میں انقلاب کے سوال پر ہونے والی بحثوں کا جائزہ لیتے ہیں تو بظاہر یہی لگتا ہے کہ یہ خواتین و حضرات کارل مارکس اور فریڈرک اینگلز کا لکھا شاید ایک لفظ بھی سمجھ نہیں پائے۔ انقلاب کی انتہائی طفلانہ تعریف و تشریح جس یقین اور اعتماد کے ساتھ پیش کی جا رہی ہوتی ہے اس پر جدلیاتی میتھڈ تو کیا خود عقلِ سلیم کو بھی شرمندگی محسوس ہوتی ہو گی۔ عظیم مارکسی استاد ٹیڈ گرانٹ اپنے دور میں بائیں بازو میں غالب فرقہ پرور رجحانات کو دیکھ کر اپنے کامریڈوں سے کہا کرتے تھے، ”مجھے سمجھ نہیں آتی کہ لینن نے اتنا زیادہ مواد کیوں لکھا جب کسی کو اس کی الف، ب بھی سمجھ نہیں آئی!“ کامریڈ ٹیڈ گرانٹ کی یہ بات آج کل کے بائیں بازو، بالخصوص پاپولر، نیو یا اکیڈمک لیفٹ پر ہو بہو صادق آتی ہے۔ یہ گلابی ”سرخے“ جتنے بڑے نام بنتے چلے جاتے ہیں ان کی عقل دانی اتنی ہی سکڑتی چلی جاتی ہے اور ان کی دی گئی تعریف و توضیحات کی رو سے انقلاب ایک رواں دواں نامیاتی عمل کی بجائے خالی اور کھوکھلی تجرید بن کر رہ جاتا ہے۔ اس طرح کی بے مصرف تجریدات کی جگہ تاریخی عمل یا معروضی دنیا میں نہیں بلکہ ان کوڑھ مغزوں کے کھوکھلے دماغوں میں ہی ہو سکتی ہے۔

اس وقت جب یہ الفاظ تحریر کیے جا رہے ہیں ساری دنیا ایک انقلابی اتھل پتھل سے گزر رہی ہے۔ برسوں نہیں دہائیوں سے قائم پارٹیاں، قیادتیں اور سیاسی ڈھانچے چیلنج ہو رہے ہیں اور ایک نئے سیاسی و سماجی متبادل کی جستجو عروج پر ہے۔ بالخصوص یورپ اپنی جدید یعنی سرمایہ دارانہ تاریخ کے سب سے بڑے سیاسی بحران میں دھنستا دکھائی دے رہا ہے۔ ان عقل کے اندھوں سے زیادہ بدقسمت اور کون ہو سکتا ہے جو اپنی آنکھوں کے سامنے وقوع پذیر ان تاریخی واقعات کے انقلابی کردار کو قبول کرنے اور سمجھنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔ ان کے خیال میں اس سب سے کچھ نہیں بدلے گا اور اگر بدلا بھی تو محض حکومتیں ہی تبدیل ہوں گی، نظام پہلے جیسا ہی رہے گا، جیسا کہ ماضی میں بھی آج تک کچھ نہیں بدلا، کچھ لوگ تو اس قنوطی نکتہ نظر کو اس بیانیے کی سطح تک لے جاتے ہیں جو سارے پوسٹ ماڈرنسٹ فلسفے کی روح ہے، یعنی ”تاریخ میں کبھی کوئی ترقی ہوئی ہی نہیں“۔ لیکن جو تاریخی ترقی کے لفظی اعتبار سے قائل بھی ہیں وہ بھی ترقی کے ہیگلیائی یا انقلاب کے مارکسی تصور کی انتہائی میکانکی تشریح کرتے ہیں۔ یعنی یہ ساری تحریکیں اس لیے انقلاب کہلانے کی مستحق نہیں ہیں کیونکہ ان کا نتیجہ اول تو ناکامی ہی ہو گا اور اگر یہ کامیاب ہو بھی جائیں تب بھی نظام جوں کا توں ہی رہے گا۔ لہٰذا ان تحریکوں پر زیادہ شادیانے بجانے کی ضرورت نہیں۔
ہم ان حالیہ انقلابی تحریکوں کے مستقبل کے بارے میں پائے جانے والے چند شکوک و شبہات کی تائید کرنے کے باوجود ان کے انقلابی کردار کے نہ صرف قائل ہیں بلکہ وکیل بھی ہیں اور ان تحریکوں میں عملی کردار ادا کرنے کو تاریخی فریضہ سمجھتے ہیں۔ جبکہ ان تحریکوں کے انقلابی کردار کا انکاری بایاں بازو اگر ان تحریکوں کے مطالبات کی تائید کرتا یا ان میں عملی طور پر حصہ لیتا بھی ہے تو اس کا تناظر یکسر مختلف ہوتا ہے۔ ان کے نزدیک یہ تحریکیں انقلاب اس لیے نہیں ہیں کیونکہ یہ انقلاب کی مارکسی تعریف پر پورا نہیں اترتیں۔ اب یہ انقلاب کی مبینہ ”مارکسی تعریف“ کیا ہے؟ اس پر بات کر لیتے ہیں۔ یہ درست ہے کہ مارکس نے ”معاشی و فلسفیانہ مسودات“ اور دیگر کئی تصانیف میں انقلاب کو پیداواری تعلقات میں یعنی طرزِ پیداوار میں تبدیلی کے ساتھ منسلک کیا تھا۔ یعنی تاریخ میں ذرائع پیداوار کی ترقی کے سبب انقلابی طبقات کی بغاوتوں کے ذریعے رجعتی طبقات کو شکست ہوتی ہے اور طرزِ پیداوار یا موڈ آف پروڈکشن تبدیل ہو جاتا ہے اور نئے سماجی طبقات یا نیا طبقاتی توازن معرضِ وجود میں آتا ہے اور ایک جدید معاشی و سماجی ڈھانچہ ظہور پذیر ہوتا ہے۔ ہم انقلابی کمیونسٹ انقلاب کے مارکسی تصور کی اس عمومی تعریف کو تسلیم کرتے ہیں مگر اس کی تفہیم رسمی منطق کی بجائے جدلیاتی میتھڈ سے ہی ممکن ہے۔ مثال کے طور پر اگر مذکورہ بالا تعریف کی روشنی میں انسانی تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو ساری تاریخ میں تین یا چار طبع ہائے یا طرز ہائے پیداوار ہی نظر آتے ہیں۔ یعنی اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ ساری انسانی تاریخ میں محض چار انقلابات ہی ہوئے یا پھر پوری دنیا میں یہ چار انقلابات بار بار دہرائے گئے۔ اب کیا یہ ذہین و فطین خواتین و حضرات ان چار انقلابات کے زمان و مکاں کا تعین کر سکتے ہیں کہ یہ کب اور کہاں برپا ہوئے اور پھر بعد ازاں باقی دنیا میں ان کی کیسے نقالی کی گئی۔ یہ انسانی تاریخ کا مضحکہ اڑانے والی بات ہے۔
یہ درست ہے کہ مارکسی سوچ انقلابی عمل کی مقصدیت کو طرزِ پیداوار کی تبدیلی سے ہی مشروط کرتی ہے۔ مگر طرزِ پیداوار یا نظام کی یہ تبدیلی نہ تو محض کوئی ایک واقعہ ہے جو کسی خاص دن عظیم افراد کی سربراہی میں آناً فاناً وقوع پذیر ہو جاتا ہے اور نہ ہی یہ عظیم افراد کا برپا کردہ کوئی موضوعی کارنامہ ہے جو معروضی لازمیت سے ماورا ان کی مرضی اور صوابدید پر منحصر ہے۔ اس کے برعکس انقلاب ایک نامیاتی پراسیس ہے جو مختلف معروضی و موضوعی عوامل کے امتزاج سے پایہ تکمیل کو پہنچتا ہے۔ ان عوامل میں سے کسی بھی لازمی عنصر کی عدم موجودگی میں یہ پراسیس ادھورا رہ جاتا ہے اور پھر نئے معروضی مرحلے تک تاریخی طور پر مؤخر ہو جاتا ہے۔ لیکن محض کسی ایک عنصر کی عدم موجودگی اس پورے نامیاتی پراسیس کے وجود کے ہی استرداد کی دلیل نہیں بن سکتی۔ بالکل ویسے ہی جیسے بصارت سے محروم شخص بھی انسان ہی کہلائے گا بھلے اسے اندھا ہی کیوں نہ کہا جائے۔ حتیٰ کہ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم فرد بھی انسان ہی ہوتا ہے چاہے اسے پاگل ہی کیوں نہ کہا جائے۔ اسی طرح اگر دورانِ زچگی کسی بھی معروضی حادثے یا موضوعی غلطی کے باعث حمل ضائع ہو جائے تو اس سے نہ تو یہ حقیقت تبدیل ہو جاتی ہے کہ حمل واقعی ایک سچ تھا اور نہ ہی دوبارہ تولید کی خواہش ختم ہو جاتی ہے بلکہ زیادہ تر صورتوں میں یہ خواہش پہلے سے زیادہ شدت اور ولولے سے نمودار ہوتی ہے۔ یوں انقلاب کو بھی ایک نامیاتی عمل کے طور پر ہی سمجھا اور پرکھا جا سکتا ہے۔

طرزِ پیداوار کی تبدیلی روز روز وقوع پذیر نہیں ہوتی بلکہ ایک طویل عرصے تک جو صدیوں اور ہزاریوں پر بھی محیط ہو سکتا ہے (غلام داری تین ہزار سال سے زائد رہی اور جاگیر داری کی تاریخ ڈیڑھ ہزار سال کے لگ بھگ ہے، جبکہ سرمایہ دارانہ نظام کو بھی پانچ صدیاں ہونے کو آئی ہیں) ایک ہی طرزِ پیداوار مخصوص پیداواری تعلقات اور ملکیتی رشتوں کے ذریعے سماج پر مسلط رہتا ہے۔ البتہ تاریخی ارتقا نے سرمایہ داری تک پہنچتے پہنچتے نظاموں کی طبعی عمریں کافی گھٹا دی ہیں۔ تاہم ایک خاص وقت تک یہ پیداواری تعلقات اور ملکیتی رشتے ہی پیداواری قوتوں کے فروغ اور اس کے نتیجے میں سماجی فلاح و بہبود کی ضمانت ہوتے ہیں۔ پھر ذرائع پیداوار کی ترقی اس معیاری سطح تک پہنچ جاتی ہے جہاں وہی پیداواری تعلقات جو ان ذرائع پیداوار کی ترقی کی ضمانت تھے، اب ان کی مزید ترقی کے رستے کی رکاوٹ اور پاؤں کی زنجیر بن جاتے ہیں۔ ہیگل کے بقول پیداواری تعلقات کے ماضی کے کردار کی نفی ہو جاتی ہے یا دلیل عدم دلیل میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ یہاں سے معروضی طور پر انقلابی امکانات کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ مارکسی نظریے کی روشنی میں کسی بھی طرزِ پیداوار کو اس وقت تک تبدیل کیا ہی نہیں جا سکتا جب تک وہ سماج کو ترقی دینے یا ذرائع پیداوار کو بڑھوتری دینے کا اپنا مکمل پوٹینشل زائل نہ کر چکا ہو۔ یوں سماج میں ایک انقلابی بحران کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔ مگر اس مارکسی توضیح کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ جس دن اور جس لمحے پیداواری تعلقات اور پیداواری قوتوں میں یہ تضاد جنم لیتا ہے اسی دن انقلاب برپا ہو جاتا ہے، بلکہ اس کا اصل مفہوم یہ ہے کہ اس دن سے ان پیداواری تعلقات کی تبدیلی یا نفی کی تاریخی لازمیت مختلف اشکال میں ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہے اور اس عمل میں ہر وہ قدر، سوچ، رویہ، نظریہ اور اقدام جو ان فرسودہ پیداواری تعلقات کی منسوخی کے امکانات کو بڑھاتا ہے، انقلابی کردار کا حامل قرار پاتا ہے اور اس کے برعکس ہر سوچ، رویہ اور اقدام جو ان فرسودہ پیداواری تعلقات کو برقرار رکھنے کا حامی ہو وہ رجعتی اور رد انقلابی بن جاتا ہے۔
یوں ہر نظام اپنی طبعی زندگی میں کئی مراحل سے گزرتا ہے۔ پہلا مرحلہ تو وہ ہوتا ہے جب وہ نظام ترقی پسندانہ کردار ادا کرتے ہوئے ماضی کے نظام کی فرسودگی اور باقیات کا قلع قمع کرتا ہے، پھر ایک مرحلے میں وہ ذرائع پیداوار کو ترقی کی نئی معراج تک پہنچا دیتا ہے اور پھر وہ آخری مرحلہ آتا ہے جب وہ اپنا تمام تر ترقی پسندانہ پوٹینشل زائل کر دینے کے باوجود اس وقت تک سماج پر مسلط رہتا ہے جب تک اس کی جگہ لینے والی تاریخی قوتیں فیصلہ کن طور پر غالب نہیں آ جاتیں۔ یوں نظام کا یہ آخری مرحلہ انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے مگر یہ تکلیف ایک نئی زندگی کی پیدائش کی تکلیف کی طرح فرحت بخش بھی ہوتی ہے۔ اس آخری مرحلے کے دوران بار بار اس عہد کے انقلابی طبقات اس تاریخی فریضے کی تکمیل کے لیے میدانِ عمل میں اترتے ہیں اور اس وقت تک متحارب قوتوں کی یہ لڑائی وقفوں وقفوں سے جاری رہتی ہے جب تک مستقبل کی نمائندہ قوتوں کو ماضی کی فرسودہ طاقتوں پر فیصلہ کن فتح نہیں مل جاتی۔ اس عمل کے ہر مرحلے پر طبقاتی توازن کی ٹھوس صورت حال کی بنیاد پر ہی یہ قرار دیا جا سکتا ہے کہ کون سی لڑائی یا جدوجہد انقلابی کردار کی حامل ہے۔ یعنی نتیجے پر نہیں بلکہ نامیاتی عمل میں طبقاتی توازن پر ہی کسی تحریک کے کردار کا تعین کیا جا سکتا ہے۔ دوسرے معنوں میں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہر وہ تحریک جو اپنے ارتقا کے دوران اس نہج پر پہنچ جائے جہاں وہ پیداواری تعلقات یا ملکیتی رشتوں کو یا حکمران طبقے کے حقِ حاکمیت کو چیلنج کر دے (خاتمہ کرے یا نہ کرے، یہ الگ بات ہے) وہ انقلاب بن جاتی ہے اور اگر اسے مستعد، منظم اور سائنسی شعور یافتہ انقلابی قیادت میسر آ جائے تو وہ نئے طرزِ پیداوار کی تخلیق کا تاریخی فریضہ پورا کرنے کی طرف نئے سفر کا آغاز کر سکتی ہے۔
ہم نے یہاں اس ایک اہم ترین کامیابی کو بھی نئے سفر یا نئے مرحلے کا آغاز کیوں کہا اس پر آگے چل کر مزید روشنی ڈالی جائے گی۔ پہلے یہاں اس تصورِ انقلاب کے جدلیاتی مغز پر مزید اصرار کرنا ضروری محسوس ہو رہا ہے۔ یعنی وہی پیداواری تعلقات جو ایک وقت میں پیداواری قوتوں کو مہمیز دے رہے تھے اب یہ وہی پیداواری تعلقات ہی ہوتے ہیں جو اپنے الٹ میں بدل کر پیداواری قوتوں کے پاؤں کی زنجیر بن جاتے ہیں اور انہی نامیاتی تضادات کے بطن سے ہی نئے طبع پیداوار کا جنم ہوتا ہے۔ یوں بھی کہا جا سکتا ہے کہ وہ پیداواری تعلقات جو اب غیر ضروری یا فرسودہ نظر آ رہے ہوتے ہیں وہ شروع سے ایسے ہی نہیں ہوتے، بلکہ پہلے وہ عین حقیقی اور تعقلی ہوتے ہیں، بعد ازاں جب وہ اپنا تعقلی جواز کھو دیتے ہیں تو غیر حقیقی، غیر ضروری اور فرسودہ ہو جاتے ہیں۔ یعنی ہمارے وہ ناقدین جو ان انقلابی تحریکوں کو اس لیے انقلاب کہنے پر ہمارا تمسخر اڑا رہے ہیں کہ نیا نظام یا نیا طرزِ پیداوار تو آیا ہی نہیں محض چہرے ہی بدلے ہیں یا بدلیں گے تو پھر یہ انقلاب کیسے ہوا، وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ نیا طرزِ پیداوار اور اس سے منسلک پیداواری تعلقات آسمان سے وارد نہیں ہوتے بلکہ وہ پہلے سے ہی ماضی اور مستقبل کے مابین کشمکش کی حالت میں سانس لے رہے ہوتے ہیں۔ کوئی غیر مرئی قوت یا عظیم لیڈر خود وہ طبع پیداوار تخلیق کر کے اسے اپنی صوابدید پر تاریخ کے اس مخصوص مرحلے پر متعارف نہیں کرواتا بلکہ وہ اس متحارب طبقاتی کشمکش کے منطقی انجام کی ناگزیر سماجی تشکیل و تدوین سے برآمد ہوتا ہے۔ اور اس کا دوسرا جدلیاتی پہلو مقدار اور معیار کی ایک دوسرے میں تبدیلی سے متعلق ہے۔ یعنی انقلاب کی معیاری کامیابی بہت ساری مقداری ناکامیوں (کاوشوں) کے تجربات سے اخذ شدہ اسباق کی مرہونِ منت ہوتی ہے۔ ہر وہ انقلابی تحریک جو ملکیتی رشتوں کو چیلنج کرتی ہے، چاہے ناکام ہی کیوں نہ ہو جائے، تاریخی لازمیت کی تکمیل کی طرف ایک ناگزیر تسلسل کی اہم کڑی ثابت ہوتی ہے۔ یعنی ایسی کڑی جو خود ایک معیاری جست ہوتے ہوئے بھی ایک بڑے انقلابی پراسیس کی کلیت (whole) کا لازمی جزو بھی ہے، یعنی ایسا جزو جس کے بغیر سارا پراسیس ہی نامکمل اور ناقابلِ فہم ہے۔ اسی لیے ہم ان تحریکوں کو ہی انقلابی تحریکیں کہتے ہیں جو اس انقلابی پراسیس کی ناگزیر کڑیاں ہیں، جو ہمارے عہد میں عالمگیر یا بین الاقوامی پراسیس کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
عظیم سپارٹیکس جسے تاریخ کا پہلا انقلابی بھی کہا جا سکتا ہے، کی قیادت میں برپا ہونے والی غلاموں کی بغاوت نے غلام دارانہ طرزِ پیداوار کی تاریخی متروکیت کا سیاسی اظہار کر دیا تھا۔ اس سے قبل گلیڈی ایٹرز یعنی اشرافیہ کے تماشے کے لیے انسانوں کے مابین کھیلے جانے والے موت کے کھیل کی شکل میں اس نظام کی سماجی فرسودگی بھی عیاں تھی یعنی پیداواری قوتوں کا ضیاع واضح تھا مگر سپارٹیکس اس تاریخی لازمیت کی تجسیم بن کر سامنے آیا۔ لیکن اس سے غلام داری کا خاتمہ نہیں ہو سکا اور غلام داری اس کے کئی صدی بعد تک سماج پر مسلط رہی۔ یہی معاملہ یورپ سے لے کر ایشیائی ممالک میں کسانوں کی بے شمار بغاوتوں کی صورت میں دیکھا جا سکتا ہے جو جاگیرداری کو ختم تو نہ کر سکیں البتہ اس متروک نظام پر شدید کاری ضربیں لگانے کا موجب بنیں۔ اسی طرح پیرس کمیون اور بعد ازاں سوویت یونین کے قیام نے سرمایہ داری کے خاتمے کی تاریخی لازمیت پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی تھی مگر سرمایہ داری آج بھی پوری دنیا میں موجود ہے اور اس کی لاش کے پھیلائے گئے تعفن میں کروڑوں نہیں اربوں انسان سسک اور بلک رہے ہیں، مگر گزشتہ پوری صدی میں ایسے کئی انقلاب برپا ہوئے جو یا تو سرمایہ داری کا خاتمہ کر ہی نہیں پائے اور اگر وہ اس میں کامیاب ہو بھی گئے تو اس کامیابی کو پائیداری اور استحکام نصیب نہیں ہو سکا اور بالآخر ان ممالک میں سرمایہ داری پھر واپس آ گئی۔ لیکن ان تمام افسوسناک نتائج کے باوجود ان انقلابات کو انقلاب کے درجے سے ہی گرا دینا دانشمندی نہیں بلکہ موضوعی عینیت پسندی ہی ہے۔ یہ انقلابات تاریخ سے حذف نہیں کیے جا سکتے بلکہ یہی انقلابات اپنی تمام تر شکست خوردگی کے باوجود مستقبل کے خد و خال کی تعیین میں معاون و رہنما کا کردار بھی ادا کریں گے۔
اسی طرح آج جو کچھ ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں وہ ایک عالمی انقلابی عہد کا آغاز ہے۔ یہ جین زی انقلابات نام نہاد بائیں بازو سے کسی بھی انقلاب کی سند کے طالب نہیں ہیں مگر یہ ہر قسم کے تعصبات اور توہمات سے بالاتر سرمایہ دار طبقے کے حقِ حاکمیت پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ اب محض اس لیے کہ چونکہ ہم انقلابی ان انقلابات سے قبل ان کی تیاری نہیں کر سکے، اپنی اس ناکامی یا نا اہلی کا ملبہ ان سرکش نوجوانوں کے سر پر نہیں تھوپنا چاہیے۔ یہ ایک طرح کا چین ری ایکشن (chain reaction) ہے، کوئی ایک تحریک اپنے فوری مطالبات حاصل کر پائے یا اس کے بغیر ہی دم توڑ دے، ہر دو صورتوں میں وہ کسی دوسرے ملک یا خطے میں نئے انقلابی ابھار کا سبب ضرور بن رہی ہے اور یہی آئندہ برسوں یا شاید عشروں کا نیا سیاسی معمول بنتا نظر آ رہا ہے۔
کشمیر کا انقلاب اور ذرائع پیداوار
اب اس بحث کے ایک اور اہم اور آخری پہلو کی طرف آتے ہیں اور وہ ہے ذرائع پیداوار کی ترقی کی موجودہ کیفیت کا سوال۔ یعنی فلاں ملک یا خطے میں تو ذرائع پیداوار ہیں ہی نہیں یا ترقی کے کم ترین درجے پر ہیں تو وہاں عوام فتح مند ہو بھی جائیں یا اقتدار کی باگ ڈور سنبھال بھی لیں تو ناکامی ہی ان کا مقدر ہو گی، لہٰذا اس مہم جوئی کی ضرورت ہی کیا ہے۔ یہی سوال کشمیری عوام کی موجودہ انقلابی تحریک کے ضمن میں بھی بار بار دہرایا جاتا رہا ہے۔ سب سے پہلے تو ہم اس سوال کے زیادہ درست اور واضح جواب کے لیے اسے پہلے دو حصوں یا دو زاویوں میں منقسم کر لیتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ ان خطوں میں جہاں ذرائع پیداوار ابھی تک ترقی کے اس مرحلے پر نہیں ہیں جو سوشلزم کے لیے ضروری ہے، کیا وہاں عوام اقتدار پر قبضہ کر سکتے ہیں؟ یا اگر انہیں موقع ملتا ہے تو کیا انہیں قبضہ کر لینا چاہیے؟ اور اس سوال کا دوسرا حصہ یا زاویہ یہ بنتا ہے کہ کیا اس ملک یا خطے میں نئے یعنی سوشلسٹ طبع پیداوار کی حتمی اور ناقابلِ مراجعت تعمیر ممکن ہے؟ اب یہ سوال کرنے والے زیادہ تر لوگ خود اس سوال کے ان دو حصوں یا زاویوں یا پہلوؤں کے مابین معیاری فرق کو سمجھے بغیر انہیں ایسے خلط ملط کر دیتے ہیں کہ معاملہ مزید مبہم اور ناقابلِ فہم ہو جاتا ہے۔ یہ دو الگ الگ معاملات ہیں۔ جہاں تک سوال کے پہلے حصے کا تعلق ہے ہم اوپر کی گئی تفصیلی پُر مغز بحث کی روشنی میں برملا اور اعلانیہ یہ کہتے ہیں کہ پیداواری قوتوں کی ترقی کی شرح یا سطح جو بھی ہو ایسے تاریخی مواقع جنم لے سکتے ہیں جہاں عوام کو اقتدار حاصل کرنے کی گنجائش ملتی ہے اور ان مواقع پر پہل گامی کرتے ہوئے عوام کو اقتدار حاصل کر لینا چاہیے۔ سوال کے دوسرے حصے کا جواب نفی میں ہے۔ اگر عوامی قیادت اقتدار میں آ کر یہ سمجھ لے کہ وہ دنیا سے کٹ کر اپنی خالص ”قومی معیشت“ چاہے اسے قومی سوشلزم ہی کیوں نہ کہا جائے، پروان چڑھا سکتی ہے تو وہ احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہو گا۔ اب کوئی بھی سیانا کوا کائیں کائیں شروع کر سکتا ہے کہ میاں جب اپنی خود مختار معیشت کی تعمیر خارج از امکان ہے تو پھر اس اقتدار کو جیتنے کی ضرورت ہی کیا ہے۔ آئیے اس گتھی کو سلجھانے کی حقیر سی کوشش کرتے ہیں۔

سب سے پہلے تو آج کے عہد میں ذرائع پیداوار کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ آج کے عہد میں ذرائع پیداوار مکمل طور پر عالمگیریت کے تابع ہیں۔ یعنی تقسیمِ محنت اپنی کلیت اور فعالیت میں شروع سے آخر تک عالمی کردار کی حامل ہو چکی ہے۔ کارل مارکس اور فریڈرک اینگلز نے کمیونسٹ مینی فیسٹو میں اس مظہر کی درست پیشن گوئی کی تھی۔ سرمایہ دارانہ طرزِ پیداوار کا وجود آج کے عہد میں اس عالمگیریت کے بغیر انسانی تصور میں سما ہی نہیں سکتا۔ نوے فیصد مصنوعات بالخصوص جدید تکنیکی صنعت کی پیداوار مختلف مراحل میں دنیا کے مختلف خطوں کے محنت کشوں کی مخصوص ہنر مند محنت سے مستفید ہوتی ہے۔ اب اگر اس پراسیس کو واپس قومی معیشت کی طرف موڑنے کی کوشش کی جاتی ہے جو ٹرمپ ازم کی معاشی مہم جوئی کی شکل میں کی بھی جا چکی، اس کا انجام حقارت آمیز شکست کی صورت میں ہی نکلے گا۔ یوں آج کے عہد میں جو معیشت ذرائع پیداوار میں جتنی زیادہ ترقی یافتہ ہے، وہ اپنی بقا اور ترقی کے لیے عالمی منڈی اور عالمی تقسیمِ محنت پر اتنی ہی زیادہ انحصار کرتی ہے، یعنی بڑے پیمانے پر پیداوار کرنے والے ممالک عالمی منڈی پر کشمیر جیسے چھوٹے خطوں سے بھی زیادہ دار و مدار رکھتے ہیں۔ اب اس معروضی حقیقت کی روشنی میں ہی مذکورہ بالا سوال کے دونوں حصوں اور ان کے باہمی تعلق کو سمجھا جا سکتا ہے۔
سوال کے پہلا حصے کو کشمیر کی تحریک کی ٹھوس شکل پر منطبق کر کے دیکھتے ہیں تاکہ اس کی تفہیم مزید آسان ہو سکے۔ کیا کشمیر میں عوام اقتدار پر قابض ہو سکتے ہیں۔ جی بالکل، بلکہ کشمیر میں اگر کوئی قوت اب تک اس اقدام میں مانع رہی ہے تو وہ خود کشمیر کی عوامی قیادت ہی ہے۔ ہم انقلابی کمیونسٹ کشمیر کی تحریک کو اسی لیے انقلاب قرار دے رہے ہیں کیونکہ اس نے بہت عرصہ قبل پاکستانی ریاست کی ہی نہیں بلکہ کشمیر کے حکمرانوں کے حقِ حاکمیت کو بھی چیلنج کر دیا تھا۔ حکمران خود تسلیم کر چکے ہیں کہ وہ کشمیر میں ریاستی رٹ کی بحالی کے لیے ہر ضروری قدم اٹھا رہے ہیں۔ یعنی کشمیر میں حکمران طبقے کی نہیں بلکہ عوام کی رٹ موجود ہے۔ یہ دوہرے اقتدار کی کیفیت انقلاب کا لازمی خاصہ ہوتی ہے۔ جو لوگ یہ دلیل دیتے ہیں کہ یہ تو محض بنیادی حقوق کی تحریک ہے، اقتدار حاصل کرنا تو اس کے ایجنڈے اور منشور میں شامل ہی نہیں ہے، ان کی ذہنی حالت پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے۔ وہ تحریک جو ایک نامیاتی مظہر ہے، اسے جامد اور بے جان بنا کر پیش کر رہے ہیں۔ انقلاب کا آغاز کسی بھی بنیادی حق سے محرومی کے ردعمل یا کسی بھی چھوٹے سے چھوٹے واقعے کے نتیجے میں کسی فوری مطالبے سے ہو سکتا ہے، مگر جب عوام متحرک ہوتے ہیں تو وہ حالات کے ساتھ ساتھ خود کو بھی تبدیل کرتے چلے جاتے ہیں اور اگر یہ تحرک برقرار رہے تو رد انقلابی تازیانوں سے شعور میں آنے والی معیاری تبدیلی اس تحریک کو انقلاب میں بدل کر رکھ دیتی ہے۔ انقلابِ فرانس سے لے کر بالشویک انقلاب تک ہر انقلاب میں ایسا ہی ہوتا آیا ہے۔ اب اس وقت کشمیر میں دوہرا اقتدار موجود ہے جسے اندھا بھی دیکھ سکتا ہے۔ عقل کے اندھوں کو بہرحال استثنا حاصل ہے۔ یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ قیادت کے تذبذب کے باعث چار ماہ قبل کی نسبت آج طاقت کا توازن حکمران طبقے کے حق میں ہے مگر انقلاب کو فیصلہ کن شکست نہیں ہوئی ہے۔ یعنی اگر عوام دھرنے میں بیٹھنے کی بجائے آگے بڑھ کر ریاست کو شکست دے دیتے تو اقتدار ان کی جھولی میں آ گرتا اور ایک بالکل نئی سیاسی کیفیت جنم لے لیتی جس کے دور رس اثرات سارے خطے میں محسوس کیے جاتے، البتہ ایسا نہیں ہو سکا۔ مگر قیادت کی کمزوری کی بنیاد پر اس امکان کو ہی رد کر دینے کی روش کو پھر نری موضوعیت ہی کہا جائے گا۔
کشمیر میں اقتدار پر عوام کے قبضے کا کیا مطلب ہوتا؟ یعنی ریاستی مشینری اور حکمران طبقے کو غیر مسلح کر کے عوام خود مسلح ہو جاتے۔ اب ایسی کیفیت میں جو لوگ یہ دلیل دیتے ہیں کہ ان مسلح عوام کو پاکستانی افواج پلک جھپکتے ہی پھر فتح کر کے ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیتیں، تو وہ عوام کی طاقت پر یقین ہی نہیں رکھتے اور انہوں نے تاریخ سے بھی کچھ نہیں سیکھا۔ ہم ان کو صرف ویت نام کی ایک مثال دے کر اس عوامی مزاحمت کے مطالعے کی تلقین ہی کر سکتے ہیں۔ اگر کوئی آبادی کی کمی کی دلیل دیتا ہے تو وہ کیوبا کے انقلاب کے وقت وہاں کی آبادی دیکھ سکتا ہے۔ لیکن ذرائع پیداوار کی ترقی کے اعتبار سے دونوں ممالک کشمیر کی طرح اس وقت انتہائی پسماندہ ہی تھے۔ گویا منصوبہ بندی کے تحت کشمیر کی عوامی حکومت قابلِ ذکر وقت تک مزاحمت کر سکتی تھی۔ یہ بھی درست ہے کہ سوشلزم کی تعمیر تو دور کی بات بہت طویل عرصے تک اس الگ تھلگ چھوٹی سی عوامی جمہوریہ کو بچائے رکھنا بھی ممکن نہیں تھا۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس عوامی حکومت کے قیام اور پھر سامراجی یلغار کے خلاف اس کی مزاحمت کے دوران کیا یہ پورا خطہ ٹس سے مس بھی نہ ہوتا۔ عرب بہار کی مثال سے اس اہم ترین سوال کا جواب تلاش کرتے ہیں۔ ایک چھوٹے سے ملک تیونس میں ایک نوجوان کی خودکشی کے رد عمل میں شروع ہونے والی عوامی بغاوت نے جہاں زین العابدین کی آمریت کو اکھاڑ پھینکا تھا، وہیں چندہ ماہ میں وہ جنگل کی آگ کی طرح پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی۔ یہ ہمارے جدید عہد کا عمومی کردار ہے۔ ایسے میں کشمیر میں بغاوت کی یہ چنگاری پاکستان اور بھارت سمیت پورے خطے میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف عوامی بغاوتوں کو جنم دینے کا باعث بن سکتی تھی۔ یاد رکھنا چاہیے کہ بھارت میں نوجوانوں کی شاندار مزاحمتی تحریک جاری ہے، اس پس منظر میں تو کشمیر کے عوام کی یہ کامیاب انقلابی بغاوت اس پار کشمیر سمیت سارے خطے کے عوام کے لیے انقلاب کی دعوت، ترغیب اور شاندار مثال بن کر سامنے آتی۔ اب اس سارے معروضی عمل کو محض اس لیے رد کر دینا کہ انقلابی پارٹی کی عدم موجودگی میں یہ سب ضائع ہو جاتا، سراسر سیاسی بد دیانتی ہے۔ انقلابی پارٹیاں بھی انہی واقعات کے تھپیڑوں میں ہی بلوغت کے درجے تک پہنچتی ہیں۔ اپنی چھوٹی حیثیت اور کم حجم کی بنیاد پر ہر معروضی جست کے وجود کے استرداد نہیں بلکہ ہر معروضی تغیر کی درست تفہیم اور اس میں بر وقت مقداری اور معیاری مداخلت کے ذریعے ہی انقلابی رجحانات چھوٹی تنظیموں سے پارٹیوں کی مسافرت طے کر سکتے ہیں۔

مختصر یہ کہ لینن کے بقول سرمایہ داری اپنی کمزور کڑی سے ٹوٹتی ہے۔ لینن بھی سوویت یونین کو عالمی انقلاب کے آغاز کے طور پر ہی دیکھا کرتا تھا۔ اور وہ اس سوال پر کسی ابہام کا شکار نہیں تھا کہ روس جیسے پسماندہ ملک میں سوشلزم تعمیر کیا جا سکتا ہے۔ اسی لیے اس نے قحط، خانہ جنگی اور جنگ کے تلاطم خیز واقعات کے دوران بھی تیسری انٹرنیشل کے قیام اور اس کے باقاعدہ سالانہ کانگریس کے اجلاسوں کے انعقاد کو یقینی بنایا تاکہ انقلاب کے عالمی پھیلاؤ کو مہمیز دی جا سکے۔ وہ کامیاب نہیں ہو سکا لیکن سوویت یونین کے انہدام کے بعد روس میں سرمایہ داری کی واپسی سے اس کا تناظر ضرور درست ثابت ہو گیا۔ آج لینن کی وفات کے ایک صدی کے بعد معیشت اور سیاست پہلے سے بھی کہیں زیادہ عالمگیریت کی حامل ہے۔ ذرائع پیداوار کی عالمگیریت پر ہم پہلے تفصیلی بات کر چکے ہیں۔ ذرائع پیداوار کا سوال اٹھانے والے شاید یہ بھول جاتے ہیں کہ محنت کش طبقہ خود سب سے بڑا ذریعہ پیداوار ہوتا ہے۔ اور آج ذرائع پیداوار کی عالمگیریت کا موضوعی پہلو عالمی طبقاتی شعور یعنی شعور کی عالمگیریت کی شکل میں نظر آ رہا ہے۔ پندرہ سال قبل آکو پائی وال سٹریٹ (Occupy Wall Street) سے لے کر آج فلسطین یکجہتی کی عالمگیر تحریک تک اس مظہر کی واضح مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ اور آج سرمایہ داری کے ترقی یافتہ ممالک بھی اس کی کمزور کڑیوں میں شامل ہو چکے ہیں۔ اس لیے دنیا کے کسی بھی ایک ملک میں سرمایہ داری کی شکست عالمی مزدور تحریک میں نئی روح پھونک کر عالمی انقلابی پراسیس میں اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
نتائج
یوں عالمی صورتحال کے معروضی تجزیے کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ ذرائع پیداوار کسی ایک ملک میں کبھی اس مقام پر نہیں پہنچ سکتے کہ دنیا سے کٹ کر ایک سوشلسٹ منصوبہ بند معیشت کو زیادہ عرصے تک برقرار رکھا جا سکے۔ اس ملک کی معیشت کا کم یا زیادہ حجم یا پیداواری قوتوں کی ترقی کا معیار اس دورانیے کو کم یا زیادہ ضرور کر سکتا ہے جس تک اس ملک میں انقلاب کو بچایا جا سکے تاہم اسے حتمی طور پر قومی حدود میں ناقابلِ مراجعت سوشلزم کی سطح تک ترقی نہیں دی جا سکتی۔ البتہ عالمی سطح پر ذرائع پیداوار نہ صرف منصوبہ بندی کے لیے پک کر تیار ہو چکے ہیں بلکہ گلنے سڑنے تک پہنچ چکے ہیں۔ دنیا کی ساری فعال ترین معیشتیں بھی اپنی پیداواری صلاحیت کے ساٹھ یا ستر فیصد تک ہی استعمال کر پا رہی ہیں۔ سرمایہ دارانہ نظام اب پیداواری قوتوں کو ترقی دینے کی بجائے ان کے ضیاع کا سبب بن رہا ہے۔ نجی ملکیت اور قومی ریاست یہ دو وہ تاریخی رکاوٹیں ہیں جنہیں پامال کیے بغیر اب پیداواری قوتوں کی آزادانہ ترقی خارج از امکان ہے۔

یوں آج حالات ”انقلابِ مسلسل“ کی تاریخی لازمیت کی نظری و عملی تفسیر بن چکے ہیں۔ نظریہ مسلسل انقلاب کو محض پسماندہ ممالک میں انقلاب کا نظریہ سمجھنا غلط ہے، یہ بنیادی طور پر عالمی انقلاب کا نظریہ ہے، اور آج کے عہد میں انقلاب پسماندہ یا ترقی یافتہ کسی بھی ملک سے شروع ہو سکتا ہے۔ ترقی یافتہ ریاستیں بھی اپنی عوام کے جمہوری حقوق پر بے شمار قدغنیں عائد کر چکی ہیں۔ ٹرمپ ازم ایک جیتا جاگتا سیاسی مظہر ہے جو ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس سے بے دخلی کے بعد بھی ایک دم ختم ہونے والا نہیں ہے۔ روس اور چین جیسی سرمایہ دارانہ بونا پارٹسٹ ریاستیں بھی اپنی جگہ قائم ہیں۔ یوں آج ترقی یافتہ ریاستوں میں بھی انقلاب جمہوری مطالبات سے شروع ہو سکتا ہے اور پھر ایک ملک میں محنت کش طبقے کی قیادت میں عوام کی انقلابی فتح اس سیارے اور اس پر بسنے والی اربوں مفلوک الحال عوام کی تقدیر بدلنے کا نکتہ آغاز ثابت ہو سکتی ہے۔ یوں آج مصنوعی ذہانت کی شکل میں موجود جدید ترین ٹیکنالوجی اور آلات جنہیں انسانیت کے لیے خطرہ قرار دیا جا رہا ہے، ان کو عوام کی اجتماعی فلاح و بہبود کی غایت سے مزین اور مرصع کرتے ہوئے اس سیارے کو جسے بھڑکتے ہوئے دوزخ میں تبدیل کر دیا گیا ہے، بنی نوع انسان کے لیے جنت ِارضی بنا کر کائنات کی تسخیر کی طرف سفر کا آغاز کیا جا سکتا ہے جو انسانوں کا حقیقی نوعی وصف اور وظیفہ ہے۔ یعنی نیا اور حقیقی انسان معرض ِ وجود میں لایا جا سکتا ہے۔