یورپ بھر میں نوجوانوں کی جنگوں کے خلاف 20 نومبر کو احتجاج کی کال: سرمایہ داری مردہ باد

|تحریر: انقلابی کیمونسٹ انٹرنیشنل|

یورپ بھر کی مختلف طلبہ تنظیموں نے 20 نومبر کو جنگ اور عسکریت پسندی کے خلاف نوجوانوں کی ہڑتال کی کال دی ہے، جس کا نعرہ ہے: ”اپنے مستقبل کے لیے لڑو، ان کی جنگوں کے لیے نہیں!“

یہ تحریر انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

ایسے وقت میں جب یورپ کے حکمران طبقات جنگ کے ڈھول بجا رہے ہیں، لازمی جبری بھرتی کے قوانین نافذ کر رہے ہیں اور کھربوں کی لاگت سے دوبارہ اسلحہ سازی کر رہے ہیں، ان رجعت پسند پالیسیوں کے خلاف مربوط اقدام کی اشد ضرورت ہے۔

دباؤ کے تحت بعض ٹریڈ یونینوں نے اسی دن ہڑتالوں کی کال دی ہے۔ اٹلی میں سی جی آئی ایل (CGIL) کے جنرل سیکریٹری، لانڈینی (Landini) نے 20 نومبر کو ایک عام ہڑتال کا اعلان کیا، جسے واضح طور پر نوجوانوں کی ہڑتال سے جوڑا گیا ہے۔ برطانیہ میں لیکچررز کی یونین، یو سی یو (UCU) نے بھی اسی طرح اپنے ارکان سے اس دن ہڑتال میں نوجوانوں کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔ یونین رہنما اس خزاں میں یورپ بھر میں پھیلتی ہوئی غصے کی لہر کے شدید دباؤ میں آئے ہیں۔

ستمبر اور اکتوبر میں ہی، نوجوان متعدد ممالک میں سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ فرانس میں کم بجٹ والے تعلیمی نظام کے خلاف تحریک کو سخت ریاستی جبر کا سامنا کرنا پڑا ہے، یہ تحریک شدت اختیار کر گئی ہے اور اس تحریک نے پہلے سے کمزور میکرون حکومت میں لرزہ طاری کر دیا ہے۔ اسپین میں نوجوان اور محنت کش ناقابلِ برداشت مہنگی رہائش کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور عام ہڑتال کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دباؤ اتنا زیادہ ہے کہ اہم ٹریڈ یونینوں نے اب 29 نومبر کو عام انتخابات کی کال کے باوجود 11 نومبر کو عام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ جرمنی میں دسیوں ہزار افراد پہلے ہی چانسلر مرز (Merz) کی عسکریت پسندی کے خلاف اور جبری بھرتی کو مسترد کرنے کے لیے سکول کی ہڑتالیں کر چکے ہیں۔ اور آسٹریا میں، طلبہ حکومت کی نسل پرستانہ حجاب کی پابندی کے خلاف ہڑتال کر رہے ہیں۔

ان تمام تحریکوں میں ایک ہی احساس واضح طور پر گونجتا ہے: ’ہمارے حکمران ہمارے حقوق اور ہمارے معیارِ زندگی پر حملہ کرتے ہیں، جبکہ تارکینِ وطن کو قربانی کا بکرا بناتے ہیں اور نسل پرستی کو ہوا دیتے ہیں۔ اسی کے ساتھ وہ جنگ، دوبارہ اسلحہ سازی (rearmament) اور امیروں کے لیے اربوں بانٹتے ہیں! بس، بہت ہو گیا!‘

بالکل درست! یورپ بھر کے لاکھوں نوجوان اس درست نتیجے پر پہنچ رہے ہیں کہ انہیں در پیش مسائل محض ایک یا دوسری سیاسی ترجیح یا پارٹی کا سوال نہیں ہیں۔ یہ سرمایہ دارانہ نظام خود اور پورے یورپی حکمران طبقے کے سامراجی عزائم ہی ان کی نسل پر حملوں کی وجہ ہیں۔ شعور تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور ایک کے بعد ایک بحران مل کر عدم اطمینان کے ایک متحد محاذ میں ڈھل رہا ہے۔

اس تناظر میں، 20 نومبر کو نوجوانوں کی ہڑتال اس عوامی مزاج سے فائدہ اٹھانے اور ان جدوجہدوں کو آپس میں جوڑنے کا ایک تاریخی موقع پیش کرتی ہے۔ یورپ بھر میں مربوط اقدام، جس میں ممکنہ طور پر لاکھوں طلبہ شامل ہوں، ان طبقات کو سوشلزم کے لیے انقلابی جدوجہد میں لانے کی سمت ایک فیصلہ کن قدم ہو گا۔

خوراک کی بجائے بندوقیں

سرمایہ دارانہ بحران کے گزشتہ برسوں نے سامراجی ڈاکوؤں کے مختلف گروہوں کے درمیان لڑائی کو ڈرامائی طور پر شدت دے دی ہے۔ یورپی حکمران طبقات نے غزہ میں نسل کشی کی حمایت کی ہے اور یوکرین میں جنگ کے لیے اربوں ڈالے ہیں۔ اب، روس کے خلاف ذلت آمیز شکست سے خود کو بچانے کی ایک مایوس کن کوشش میں وہ ایک نیٹو ملک پر مبینہ مستقبل کے حملے کے بارے میں جنون بھڑکا رہے ہیں، تاکہ مزید جنگی اخراجات کو جائز قرار دیا جا سکے۔

یورپی حکمران طبقات نے غزہ میں نسل کشی کی حمایت کی ہے اور یوکرین میں جنگ کے لیے اربوں ڈالے ہیں۔

اس مقصد کے لیے یورپ بھر کے نوجوانوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ صف بند ہو جائیں اور اپنے ہی حکمران طبقات کے پیچھے جمع ہو جائیں۔ ”فوج میں شامل ہو جاؤ!“ فریڈرش مرز، ایمانوئل میکرون اور اینڈی برنہم یہ مطالبہ کرتے ہیں، جبکہ مشرق میں دشمن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسے یورپ میں نام نہاد ’جمہوری‘ طرزِ زندگی کے لیے وجودی خطرہ قرار دیتے ہیں۔ لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔

حقیقت میں، مغرب کا حکمران طبقہ ہی ہے جو اس تمام عرصے میں جنگ کے شعلے بھڑکاتا رہا ہے۔ وہ اس کوشش میں کہ بحرِ اوقیانوس کے پار اتحاد کا جو کچھ بچا ہے اسے بچا لیا جائے، امریکی سامراج کی لاپرواہ مہم جوئی کے ساتھ چلتے رہے ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کو خوش کرنے کے لیے ہر ممکن حد تک جھکتے رہے ہیں۔ یوکرین میں آزادی، خود مختاری یا جمہوریت کے لیے لڑنا تو دور کی بات ہے، ان کا واحد مقصد روس کو ایک حریف طاقت کے طور پر کمزور کرنا رہا ہے، اور عام یوکرینیوں کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔

جبکہ فرانس میں ہائی سکول کے طلبہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے کھچاکھچ بھرے ہوئے کلاس رومز چوہوں اور کاکروچوں کا ڈھیر نہ ہوں یا انہیں 40 ڈگری کی گرمی میں ایئر کنڈیشننگ کے بغیر نہ چھوڑا جائے، میکرون مسلح پولیس بھیج کر انہیں مارتا پٹواتا ہے، جبکہ وہ خود ایک نئے جوہری صلاحیت رکھنے والے میزائل کی آزمائشی فائرنگ کا مشاہدہ کرنے کے لیے سیر پر نکلا ہوتا ہے۔ حکمران طبقہ اپنی ترجیحات اس سے زیادہ واضح طور پر بیان نہیں کر سکتا تھا۔

قیمیت کون چکاتے ہیں؟

یورپ کے حکمران دفاع پر سینکڑوں ارب خرچ کر رہے ہیں۔ اسلحہ بنانے والی کمپنیاں خوب منافع کما رہی ہیں، مگر سوال یہ ہے کہ اتنے پیسے آخر دے گا کون؟ سرمایہ داری میں کوئی چیز مفت میں نہیں ملتی، اس کی قیمت کسی نہ کسی کو ادا کرنی پڑتی ہے۔ آج یہ بات اور بھی واضح ہے، کیونکہ جرمنی کی معیشت زوال کا شکار ہے، برطانیہ میں مہنگائی نے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے اور فرانس کا بجٹ خسارہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔

حقیقت میں، دنیا بھر کا محنت کش طبقہ اور نوجوان ہی سامراج کے جرائم کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔ فلاحی اخراجات اور تعلیمی اخراجات میں کٹوتیاں، پنشن کی عمر میں اضافہ اور بڑھتی ہوئی قیمتیں، یہ سب دنیا میں اثر و رسوخ کے دائروں کے دفاع اور توسیع کی سامراجی مہم کا حصہ ہیں۔

2022ء سے عالمی معیشت نے سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سے فوجی اخراجات میں سب سے بڑا اضافہ دیکھا ہے۔ مسلسل 11ویں سال بندوقوں اور بموں پر خرچ ہونے والی رقم میں اضافہ ہوا ہے، جو عالمی سطح پر تقریباً تین کھرب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

یہ موت اور تباہی پر خرچ کی جانے والی ناقابلِ تصور رقم ہے اور پھر بھی ہمیں بتایا جاتا ہے کہ عوامی خدمات کی موجودہ سطح کو برقرار رکھنے کے لیے بھی ایک پینی یا سینٹ تک میسر نہیں ہے! جرمنی میں، مرز حکومت عوامی سہولیات میں کٹوتی کر رہی ہے، والدین کی چھٹی میں کمی کر رہی ہے، نسخے کی ادویات کی قیمت دوگنی کر رہی ہے اور ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھا رہی ہے۔ بڑے کاروبار کو ٹیکس میں چھوٹ اور سبسڈی ملتی ہے جبکہ وہ مزدوروں پر برطرفیاں، طویل اوقاتِ کار اور اجرتوں کو منجمد کرنا مسلط کرتا ہے۔

آج یورپ بھر کے نوجوانوں کے لیے انتخاب بالکل واضح ہے۔ اگر حکمران طبقہ اپنے ظالمانہ حملے نافذ کرتا ہے، تو ہم اپنے والدین، یا حتیٰ کہ اپنے دادا دادی کی نسل سے کہیں زیادہ بدحال ہوں گے! موسمیاتی تباہی، بڑھتا ہوا ریاستی قرض اور آسمان کو چھوتی مہنگائی پہلے ہی ہمارے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہے اور اس کے اوپر ہم سے کہا جا رہا ہے کہ ہم اپنی پیٹیاں کس لیں، تاکہ حکمران طبقہ ارب پتیوں کے ایک چھوٹے سے گروہ کے منافعوں کی حفاظت کے لیے جنگیں لڑ سکے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ڈٹ جائیں۔

آگے بڑھنے کے لیے کون سا پروگرام؟

طلبہ اور نوجوان عسکریت پسندی اور جنگ کے خلاف جدوجہد میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ 1960ء اور 70 کی دہائیوں میں ویتنام جنگ کے خلاف تحریک سے لے کر غزہ میں نسل کشی کے خلاف غصے کے اظہار تک، وہ سب سے آگے رہے ہیں۔ اور حالیہ برسوں میں، یورپ بھر میں دوبارہ اسلحہ سازی اور جبری بھرتی کے خلاف ہڑتالیں اور واک آؤٹ بھی شروع ہونے لگے ہیں۔ جرمنی میں دو تہائی نوجوان جبری بھرتی کو مسترد کرتے ہیں۔ یہ ہزاروں اور بالآخر لاکھوں کی تعداد میں عوام کے متحرک ہونے کی بے پناہ صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔

لیکن یہ سوال ضرور اٹھانا چاہیے: یہ اقدامات جنگی مشین کو روکنے میں دراصل کیسے کامیاب ہو سکتے ہیں؟ سیاسی وضاحت حاصل کرنا اور اس پروگرام کو تیز کرنا جس کی بنیاد پر ہم متحرک ہوتے ہیں اور ہڑتال کرتے ہیں، جدوجہد کو آگے بڑھانے کی پیشگی شرط ہے۔

طلبہ اور نوجوان عسکریت پسندی اور جنگ کے خلاف جدوجہد میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

جیسا کہ تاریخ ظاہر کرتی ہے، سامراج اور عسکریت پسندی کی طرف بڑھاؤ کو سرمایہ داری کی حدود کے اندر نہیں روکا جا سکتا۔ اس کے برعکس، یہ ایک اقتصادی نظام ہے جو منافع، استحصال اور اقوام کے درمیان مقابلے پر مبنی ہے، جو سب سے پہلے ان ہولناکیوں کی طرف لے جاتا ہے۔ امن کی اپیل کرنا اور حکمران طبقے اور اس کے سیاسی نمائندوں سے امن پسندانہ اپیلیں کرنا، اس سب سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ درحقیقت، یہ انہی لوگوں میں جھوٹی امیدیں پیدا کرے گا جن کے ہاتھ خون سے رنگے ہیں، اور اس خیال میں کہ سامراج محض ایک پالیسی پر مبنی انتخاب ہے، نہ کہ سرمایہ دار طبقے کے لیے ایک ضرورت۔

ایک حقیقی جنگ مخالف تحریک کو ایک واضح انقلابی پالیسی پیش کرنی چاہیے۔ اس کا مطلب یہ کھلے عام بیان کرنا ہے کہ نوجوانوں کی تحریک صرف طبقاتی جدوجہد کے حصے کے طور پر ہی جیتی جا سکتی ہے۔ تحریک میں محنت کش طبقے کو شامل کرنا چاہیے جو سرمایہ داروں کو وہاں ضرب لگانے کی طاقت رکھتا ہے جہاں انہیں تکلیف ہوتی ہے اور جو معاشرے اور پیداوار کو اکثریت کے مفادات میں چلا سکتا ہے۔ اکتوبر 2025ء میں فلسطین کے لیے اٹلی کی عام ہڑتال اور یورپ کے بعض حصوں میں بندرگاہوں کے مزدوروں کی کاروائی جنہوں نے ہتھیار سنبھالنے سے انکار کر دیا، نے واضح کر دیا ہے کہ کیا ممکن ہے۔ آخر میں صرف معاشرے کی سوشلسٹ تبدیلی کے لیے جدوجہد ہی سامراج، عسکریت پسندی اور جنگ کو شکست دے سکتی ہے۔

اس راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ اصلاح پسند رہنما ہیں، چاہے وہ ٹریڈ یونینوں میں ہوں یا بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں میں۔ جبکہ کاغذ پر ان کا کام نوجوانوں اور محنت کش طبقے دونوں کو متحرک کرنا ہونا چاہیے، وہ طویل عرصے سے طبقاتی جدوجہد کو ترک کر چکے ہیں، انقلاب کے خیالات تو دور کی بات ہے۔ اس کی بجائے وہ حکمران طبقے کے ساتھ سمجھوتے تلاش کرتے ہیں اور سڑکوں پر کسی بھی تحریک کو پارلیمانی راستوں کی طرف موڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جنگ کے سوال پر وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ جیسی تنظیموں سے مداخلت کی اپیل کرتے ہیں۔ لیکن سامراجی ’امن‘، جیسا کہ لینن نے نشاندہی کی تھی، صرف نئی سامراجی جنگوں کا پیش خیمہ ہی ہو سکتا ہے۔

امیروں کی حکومتوں کا تختہ الٹ دو!

پہلے ہی یورپ بھر کے نوجوان یہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کا واحد طریقہ محنت کش طبقے کو شامل کرنا، معاشرے کو ٹھپ کر دینا اور اقتدار میں موجود طاقتوں کو گرانے پر مجبور کرنا ہے۔

اسپین میں عام ہڑتال کی کال جو یونینوں نے اب 11 نومبر کو دی ہے، عوام کی طرف سے آئی، جو بخوبی آگاہ ہیں کہ اپیلیں اور درخواستیں سستی رہائش جیسی بنیادی انسانی ضروریات کی ضمانت نہیں دے سکتیں۔ حتیٰ کہ اس وقت بھی جب ایک نام نہاد ’بائیں بازو‘ کی حکومت اقتدار میں ہو۔ فرانس میں طلبہ کھلے عام مئی 68 کی ہڑتال کے حوالے دیتے ہیں، جو یہ سمجھ رہے ہیں کہ ہڑتالوں اور فیکٹریاں بند کرنے کی طاقت کے ذریعے حکومت کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جائے گا۔

ہر یورپی ملک کا بحران اتنا گہرا ہے کہ کوئی ایک اقدام مصائب کو مؤثر طریقے سے کم نہیں کر سکتا، یا آج کے نوجوانوں کے لیے ایک باوقار مستقبل فراہم نہیں کر سکتا۔ اقتصادی حالات کٹوتیوں پر کٹوتیوں کی حکومتی پالیسی کا حکم دیتے ہیں، چاہے اقتدار میں کوئی بھی ہو۔

اس جاری سماجی زوال کو روکنے کے لیے جو نوجوانوں کو شدید اور براہ راست متاثر کرتا ہے، ایک بنیادی تبدیلی درکار ہے۔ مختصراً، سرمایہ داروں کی حکومت کو مزدوروں کی حکومت سے بدلنا ہو گا۔ یونین رہنما اور اصلاح پسند سیاست دان جو کہتے ہیں کہ نوجوانوں کے مطالبات حاصل کرنے کا کوئی آسان یا پرامن طریقہ ہے، وہ آپ کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں!

اس لیے تحریک اور 20 نومبر کی ہڑتال کے فوری مطالبات کو یورپ کی حکومتوں اور پورے اس نظام کا تختہ الٹنے کے امکان سے جوڑنا چاہیے جس کا وہ دفاع کرتے ہیں۔

جہاں تک کاروائی کے طریقوں کا تعلق ہے، وہ اس عظیم کام سے مطابقت میں ہونے چاہئیں۔ اس کا مطلب سب سے پہلے تحریک کو خود وسیع کرنا ہے، ہر قصبے، ہر شہر، ہر سکول اور یونیورسٹی کی ہر کلاس روم کو اس میں شامل کرنا ہے۔ اس کا مطلب تعلیمی شعبے کے مزدوروں کو ساتھ لانا اور محنت کش طبقے سے مجموعی طور پر شرکت کی اپیل کو وسیع کرنا ہے۔ سب سے اہم بات طبقاتی مطالبات کو تحریک کے سر فہرست رکھنا ہے، جنگ اور عسکریت پسندی کے خلاف جدوجہد کو سرمایہ داری کے خلاف جدوجہد سے جوڑنا ہے۔

20نومبر کو نوجوانوں کی ہڑتال اس جدوجہد میں ایک سنگ میل بن سکتی ہے جو اس وقت یورپ بھر میں پھیل رہی ہے۔ انقلابی کمیونسٹ انٹرنیشنل اس ہڑتال میں پورے جوش و خروش سے شرکت کرے گی، ایسے مطالبات کے ساتھ جن کا مقصد مستقبل کے لیے اس جدوجہد میں دو ناقابلِ مصالحت فریقوں کے درمیان ممکنہ حد تک واضح لکیر کھینچنا ہے: ایک طرف نوجوان اور مزدور اور دوسری طرف سرمایہ دار اور جنگ بھڑکانے والے!

پہلی عالمی جنگ کے آغاز پر کارل لیبکنیخت کے اختیار کردہ مؤقف کی پیروی کرتے ہوئے یورپ کے سامراجی ممالک میں ہم کہتے ہیں ”ہمارا اصل دشمن گھر میں ہے!“۔ ہمیں یورپ بھر میں جنگ بھڑکانے والوں کو گرانے کے لیے لڑنا چاہیے اور ان کے جرائم اور ان کی منافقت پر سیدھا انگلی اٹھانی چاہیے! صرف طبقاتی جنگ ہی سامراجی جنگی مشین کو روک سکتی ہے۔ صرف سوشلسٹ انقلاب ہی سرمایہ داری کا تختہ الٹ سکتا ہے اور امن کے لیے اور نوجوانوں کے لیے مستقبل کا راستہ کھول سکتا ہے۔

ہم کہتے ہیں:
بم نہیں، کتابیں! جنگ نہیں، فلاح!
جنگ سے منافع کمانے والوں کو بغیر رعایت کے ضبط کرو!
آزادی اظہار اور احتجاج کے حق کا دفاع کرو! جنگ مخالف تحریک کے جبر کا خاتمہ ہو!
عوام کے درمیان امن، ارب پتیوں کے خلاف جنگ!
دنیا بھر کے محنت کشو، ایک ہو جاؤ!