|تحریر: ماہرز اور جوناتھن ہنکلی، ترجمہ: عبدالحئی|

(نوٹ: بنگلہ دیش میں گزشتہ چار ہفتوں سے گارمنٹس صنعت کے مزدور اپنی اجرتوں میں اضافے کے لیے اور کام کے بدترین حالات کے خلاف ہڑتال کرر ہے ہیں۔ دو سال پہلے بھی بنگلہ دیش کے طلبہ اور مزدوروں نے ایک انقلابی تحریک برپا کر کے شیخ حسینہ کی جابر حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔ آج ایک بار پھر بنگلہ دیش کے مزدور اپنے بنیادی حقوق کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ یہ مضمون ہماری انٹرنیشنل ویب سائٹ marxist.com پر شائع کیا گیا تھا جس کا ترجمہ ہم اپنے قارئین کے لیے اپنی ویب سائٹ پر شائع کر رہے ہیں۔ انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔)
31اکتوبر سے بنگلہ دیش میں کپڑے کی صنعت سے وابستہ مزدوروں نے ایک ایسی سطح پر تحریک کا آغاز کیا ہے جو جولائی 2024ء کی اس عوامی بغاوت جس کے نتیجے میں آمر شیخ حسینہ کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا، کے بعد دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔ تقریباً دس لاکھ مزدور جو ناقابلِ برداشت حالاتِ کار اور روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں سینکڑوں کارخانوں میں ہڑتالوں اور احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوئے ہیں۔ ان کا مقصد نئی حکومت کو ان کے کیے گئے اس وعدے پر عمل درآمد کرنے پر مجبور کرنا ہے جس میں کم سے کم اجرت بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
نئی حکومت اور اس کی نام نہاد اپوزیشن جو بنگلہ دیشی معیشت کے بنیادی ستون یعنی گارمنٹس کی صنعت کو تیزی سے زوال پذیر ہوتے ہوئے دیکھ رہی ہے اور اپنے مؤقف پر اَڑ کر کسی بھی قسم کی لچک دکھانے کو تیار نہیں ہے۔ حسینہ کی حکومت کی جانب سے کیے گئے انقلاب کو خونریزی کے ذریعے کچلنے کی کوششوں سے ملتے جلتے مناظر کے ذریعے موجودہ حکومت نے مزدوروں کے خلاف اپنی پولیس اور کرائے کے غنڈوں کو استعمال کیا ہے۔ سینکڑوں مزدور زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ایک مزدور ہلاک ہو چکا ہے۔
جولائی کی عوامی بغاوت کو دو سال گزرنے کے باوجود انقلاب اب تک نامکمل ہے۔ اس انقلاب کے تمام وعدوں کی اہمیت ختم ہونے کے بعد یہ بات بالکل واضح ہو چکی ہے کہ ملک کو تقسیم کرنے والی اصل لکیر شیخ حسینہ اور باقی تمام لوگوں کے درمیان نہیں، بلکہ مزدور اور سرمایہ دار کے درمیان ہے۔ دونوں طبقے اپنے وجود کے بحران سے دوچار ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی پیچھے ہٹنے کی گنجائش نہیں رکھتا۔
بقا کی جنگ
گارمنٹس کی صنعت، جو ملک کی مجموعی برآمدات کا 80 فیصد حصہ فراہم کرتی ہے، کا عروج انتہائی کم اور ناقابلِ یقین حد تک مسابقتی مزدوری کی لاگت یعنی غلاموں جیسی اجرتوں پر مبنی رہا ہے۔ جہاں کمبوڈیا اور ویتنام جیسے حریف ممالک میں گارمنٹس کی صنعت کے مزدوروں کو ماہانہ کم از کم تقریباً 210 امریکی ڈالر اجرت دی جاتی ہے، وہیں بنگلہ دیش کے گارمنٹس کے مزدور محض 100 ڈالر (12,500 بنگلہ دیشی ٹکا) ماہانہ کی کم از کم اجرت پر گزارا کرنے پر مجبور ہیں۔
یہ اجرت مزدوروں کو اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے بے شمار اضافی گھنٹے کام کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ وہ خطرناک حالات میں کام کرتے ہیں اور جب وہ اپنے حالات بہتر بنانے کے لیے منظم ہونے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں تشدد اور بلیک لسٹ کیے جانے جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گارمنٹس کی صنعت میں کام کرنے والی ایک سابقہ مزدور خاتون نے ہمیں بتایا کہ اگرچہ اس کے کارخانے میں ایک مزدور یونین موجود تھی، لیکن یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھی کہ شکایات کرنے والے مزدوروں کی فہرست خفیہ طور پر مالکان تک پہنچا دی جاتی تھی۔ اس نے ایک واقعے کا ذکر کیا جس میں گارمنٹس کی صنعت کے ایک سینئر مزدور نے احتجاج منظم کرنے کی کوشش کی تو اسے منیجر کے دفتر میں لے جایا گیا اور بندوق کی نوک پر دھمکیاں دی گئیں۔
یہی وہ حالات تھے جنہوں نے مزدوروں کو طلبہ کے ساتھ مل کر ملک گیر عام ہڑتال کی حمایت میں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کیا، جس کے نتیجے میں حسینہ واجد کی حکومت کا خاتمہ ہوا۔ مزدوروں کے لیے یہ انقلاب ان کے حالاتِ زندگی میں حقیقی تبدیلی کی امید لے کر آیا تھا۔ جیسا کہ گارمنٹس کی صنعت سے وابستہ ایک مزدور نے کہا:
”اگر وہ (طلبہ) ایک بہتر ملک چاہتے تھے تو ہم بھی یہی چاہتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ میں نے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔“
”جب حسینہ ملک سے فرار ہوئی تو ہر کوئی خوش تھا۔ ہمیں محسوس ہوا کہ ہم کامیاب ہو گئے ہیں۔ میں نے محسوس کیا کہ کارخانے میں ہمارے سپروائزرز نے ہمیں گالیاں دینا کم کر دی تھیں۔“
تاہم، انقلاب مزدوروں کے لیے کوئی بہتری نہ لا سکا۔ چند ماہ بعد، اجرتوں میں 15 فیصد اضافے کے مطالبے پر ہونے والے احتجاج کا جواب یونس کی عبوری حکومت نے گولیوں کی بوچھاڑ سے دیا۔ یہ وہی مطالبہ تھا جو مزدور حسینہ کی آمریت کے دور میں بھی کرتے رہے تھے۔
فروری میں ہونے والے انتخابات نے امید کی ایک کرن پیدا کی تھی۔ اقتدار حاصل کرنے کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں نے کم از کم اجرت میں اضافے کے وعدے کیے تھے۔ لیکن نئی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی حکومت کو اقتدار سنبھالے ایک سال گزر چکا ہے، مگر یہ وعدہ اب تک پورا نہیں کیا گیا۔ اس دوران مزدوروں کے حالات بدترین ہو چکے ہیں۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے، لیکن گارمنٹس کی صنعت کے مزدوروں کی کم از کم اجرت میں آخری مرتبہ 2023ء میں اضافہ کیا گیا تھا۔ اس وقت بھی یہ اضافہ مزدوروں کے اخراجاتِ زندگی کا صرف اندازاً 71 فیصد پورا کرنے کے لیے کافی تھا۔
لیکن آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث گیس، ادویات، خوراک اور دیگر ضروری اشیائے زندگی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، جس نے مزدوروں کی قوتِ خرید بالکل ختم کر کے رکھ دی ہے۔ مہنگائی کی شرح 9 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ توانائی کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سلائی مشین چلانے والے ایک مزدور نے اپنی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا:
”میرا ماہانہ کرایہ 6000 ٹکا (48 ڈالر) ہے۔ کھانا پکانے کے لیے گیس اب 2300 ٹکا (18.50 ڈالر) میں ملتی ہے۔ میری ماہانہ آمدنی 13500 ٹکا (108 ڈالر) ہے۔ اس سال میں اپنے بچوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتا۔ بتائیں، پھر کھانے پینے کے لیے کیا بچتا ہے؟“
مزدوروں کو زندہ رہنے کے لیے یا تو بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دبنا پڑ رہا ہے یا مزید اضافی اوقاتِ کار میں کام کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں ناقابلِ برداشت اضافے کے باعث بعض مزدور کھانا پکانے کے لیے پھینکے ہوئے ردی کاغذات جلانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
دریں اثنا، معاشی بحران نے کارخانوں کے اندر مزدوروں کے حالات کو مزید ابتر کر دیا ہے۔ موسمِ گرما کے دوران توانائی کے اخراجات بچانے کے لیے مزدوروں کو 40 ڈگری سینٹی گریڈ کی شدید گرمی میں پنکھوں کے بغیر کام کرنے پر مجبور کیا گیا۔ توانائی کی فراہمی میں تعطل کے باعث مالکان نے مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے کے لیے اضافی وقت میں کام کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
اسی دوران کل کے انقلابی رہنما اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں، بنگلہ دیش کے مزید بیس لاکھ افراد یومیہ تین ڈالر سے کم آمدنی کی غربت کی لکیر سے نیچے جا چکے ہیں۔ مزدوروں کی صورتحال پہلے سے کہیں زیادہ خراب ہو چکی ہے۔
مزدور میدان عمل میں
اسی شدید استحصال کے ردِعمل میں بنگلہ دیش کے صنعتی علاقوں میں 600 سے زائد کارخانوں کے مزدوروں نے از خود ہڑتالوں اور راستوں کی ناکہ بندیوں کے ذریعے تحریک کا آغاز کیا۔
یہ ایک غیر معمولی بات ہے۔ اس تحریک کے پیچھے کوئی تنظیم موجود نہیں ہے۔ سرکاری مزدور یونینیں مالکان کی کٹھ پتلی بن کر نہایت افسوس ناک کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ مزدوروں میں صرف چھوٹے چھوٹے گروہ ہی سرگرم ہیں۔ یہ تحریک خود مزدوروں نے منظم کی ہے۔ وہ کارخانے جاتے ہیں، حاضری لگاتے ہیں اور پھر سیدھے کارخانے سے باہر نکل کر سڑکوں پر جمع ہو جاتے ہیں۔
میرپور کے ایک مزدور نے اس تحریک کو سازش قرار دینے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا:
”زندگی گزارنے کے بڑھتے ہوئے اخراجات ہمارے پیٹ پر ضرب لگا رہے ہیں۔ ہم محض زندہ رہنے کی مجبوری کے تحت احتجاج کر رہے ہیں۔“
مزدوروں کے مطالبات میں کم از کم اجرت کو بڑھا کر 30000 ٹکا (تقریباً 250 امریکی ڈالر) ماہانہ کرنا، مزدوروں کو بلیک لسٹ کرنے پر پابندی عائد کرنا اور برطرف کیے گئے مزدوروں کو دوبارہ ملازمت پر بحال کرنا شامل ہیں۔
گزشتہ ہفتے اپنی شدت کے عروج پر اس ہڑتال میں تقریباً دس لاکھ مزدور شریک تھے۔ مجموعی طور پر 17 لاکھ سے زائد گارمنٹس کے مزدور، جو اس صنعت کے 40 لاکھ مزدوروں میں سے ہیں، اس تحریک سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ سینکڑوں کارخانوں نے بے چینی اور احتجاجی تحریک کو قابو میں رکھنے کے لیے چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ریلیف فراہم کرنے کی بجائے بورژوا ریاست نے تشدد کے ذریعے مزدوروں کو دوبارہ کارخانوں میں کام پر واپس جانے پر مجبور کیا۔ پُرامن احتجاجی مظاہروں کا جواب آنسو گیس، صوتی دستی بموں اور لاٹھی چارج سے دیا گیا۔ مزدوروں کے کم از کم دس رہنماؤں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ احتجاج کرنے والے سینکڑوں دیگر مزدور بھی حراست میں لیے گئے ہیں۔ پولیس کو بی این پی کے غنڈوں کی حمایت بھی حاصل رہی ہے، جو لاٹھیاں لیے ہوئے تھے۔ یہ غنڈے 2024ء میں عوامی لیگ کے غنڈوں کی طرح کارخانوں کی نگرانی کرتے رہے، مزدوروں پر حملے کرتے رہے اور انہیں پکڑ کر پولیس کے حوالے کرتے رہے۔
اس کے ردِعمل میں مزدوروں نے رکاوٹیں کھڑی کیں اور پولیس کی گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا۔ پولیس اور مزدوروں کے درمیان پُرتشدد جھڑپوں کے نتیجے میں سینکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ توفیق حسین نامی ایک مزدور کو احتجاجی مظاہروں کی ویڈیو بنانے کی کوشش کے دوران تشدد کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ مبینہ طور پر اسے ایک کارخانے کے مالک کے کرائے کے غنڈوں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
ان تمام واقعات میں حکومت کو نام نہاد اپوزیشن کی مکمل حمایت حاصل رہی ہے۔ یہی وہ سیاسی جماعتیں ہیں جنہوں نے کل تک انقلاب اور حسینہ کی فاشزم کے خاتمے کا جشن منایا تھا۔ جماعتِ اسلامی کے رہنما نے فوراً سامنے آ کر بی این پی (BNP) سے اپیل کی کہ وہ سازشی عناصر کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرے۔
اگرچہ طلبہ کی جماعت این سی پی (NCP) نے زبانی طور پر مزدوروں کے مطالبات کی حمایت کی ہے، لیکن اس کی چٹاگانگ ڈویژن نے ”بنگلہ دیش کی گارمنٹس کی صنعت کو درپیش اندرونی اور بیرونی سازشیں اور ان سے نمٹنے کے طریقے“ کے عنوان سے ایک پینل مباحثے کا انعقاد کیا۔ دوسرے الفاظ میں، وہ مزدوروں کو بدنام کر رہے ہیں اور یہ تاثر دے رہے ہیں کہ انہیں عوامی لیگ اور بھارتی ایجنٹ اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
اپنے تمام تر اختلافات کے باوجود، یہ تمام جماعتیں ایک ہی طبقے کی نمائندگی کرتی ہیں، یعنی بنگلہ دیش کے کارخانوں کے مالکان اور وہ ملٹی نیشنل کمپنیاں جن پر ان کا انحصار ہے۔ ان کے نزدیک اجرتوں میں اضافے کی بات بھی قطعاً ناقابلِ قبول ہے۔ ویسے بھی گارمنٹس کی صنعت پہلے ہی بحران کا شکار ہے۔
یوکرین اور ایران کی جنگوں کے باعث خام مال اور ترسیل کے اخراجات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ دوسری جانب، سماجی بے چینی کے خدشات کے پیشِ نظر غیر ملکی ملٹی نیشنل کمپنیاں سرمایہ کاری روک رہی ہیں۔ صرف گزشتہ تین برسوں کے دوران 402 کارخانے بند ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں۔
مزدوروں کو باعزت زندگی گزارنے کے قابل اجرت دینے سے غیر ملکی خریداروں کے لیے دو ڈالر کی ایک قمیض کی قیمت میں محض 13.3 سینٹ کا اضافہ ہو گا۔ لیکن جب اوسط منافع کی شرح صرف تین فیصد ہو تو سرمایہ دار یہ چند سینٹ بھی مزدوروں کو دینے کے لیے تیار نہیں۔
بنگلہ دیش کی صنعتی بنیاد پوری دنیا میں انتہائی سستی مزدوری پر قائم ہے۔ چین اور بھارت جیسے ٹیکسٹائل پیدا کرنے والے ممالک سے بڑھتے ہوئے مقابلے اور مغربی خریداروں کی جانب سے طلب میں کمی کے تناظر میں اجرتوں میں اضافہ اس صنعت کی مسابقتی صلاحیت کو نقصان پہنچائے گا اور سرمایہ کاری کو دوسرے ممالک کی طرف منتقل کرنے کا سبب بنے گا۔
بنگلہ دیش کا سرمایہ دارانہ نظام اسی سرمائے پر انحصار کرتا ہے۔ یا تو اس صنعت کا زوال ہو جائے گا یا پھر قیمتوں کو کم سطح پر برقرار رکھا جائے گا۔ چونکہ آبنائے ہرمز پر ان کا کوئی اختیار نہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ تمام تر بوجھ مزدوروں پر ڈال دیا جائے۔ اس مقصد کے لیے سرمایہ داروں پر بے پناہ دباؤ ہے۔ ایک کارخانے کے مالک نے وضاحت کرتے ہوئے کہا:
”حال ہی میں ایک امریکی خریدار نے نِٹ ویئر (بُنے ہوئے کپڑوں) کے ایک آرڈر پر فی پیس تین سینٹ قیمت کم کرنے کا مطالبہ کیا، کیونکہ بھارتی مینوفیکچررز نے اس سے کم قیمت کی پیشکش کی تھی اور ہمارے پاس یہ مطالبہ ماننے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، ہر طرف سے اخراجات بڑھ رہے ہیں، لیکن خریدار اب بھی قیمتیں مزید کم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔“
ایک طویل عرصے سے بنگلہ دیش کے ساتھ کاروبار کرنے والے سویڈش خریدار کی نمائندگی کرنے والے ایک عہدیدار نے براہِ راست دھمکی دیتے ہوئے کہا:
”اگر بدامنی کا سلسلہ جاری رہا تو ہم اگلے دو ماہ کے لیے اپنے آرڈرز میں کمی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔“
رعایتیں؟
تاہم، اس تحریک کے وسیع پیمانے اور شدت نے ریاست کو مجبور کر دیا۔ ایک طرف وہ تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہے تھے، تو دوسری طرف اسے پُرسکون کرنے کے لیے انہیں رعایتیں دینے پر بھی مجبور ہونا پڑا۔
4نومبر کو حکومت آخرکار اس اجرتی بورڈ کا قیام عمل میں لائی جس کا وعدہ اس نے کئی ماہ پہلے کیا تھا۔ فوراً ہی واضح ہو گیا کہ یہ محض وقت گزارنے کی ایک چال اور دھوکا ہے۔
بورڈ میں مقرر کیے گئے دو مزدور نمائندے حکمران جماعت بی این پی کے ٹریڈ یونین وِنگ کے سربراہ اور جماعتِ اسلامی سے وابستہ ٹریڈ یونین کے سربراہ ہیں۔ اجرتوں میں کسی بھی قسم کے اضافے پر اتفاق کرنے سے پہلے ہی یہ مزدور نمائندے مزدوروں پر زور دے رہے تھے کہ وہ واپس فیکٹریوں میں کام پر لوٹ جائیں۔
یہ بات ٹریڈ یونین کے باقی رہنماؤں کے لیے کافی تھی، جو اس بات پر اصرار کر رہے ہیں کہ مزدور جنوری میں بورڈ کے اجلاس تک انتظار کریں۔ لیکن خود مزدوروں کے لیے یہ کافی نہیں تھا۔ بورڈ کے قیام کے اعلان کے بعد بھی ہڑتالیں جاری رہیں۔ ہڑتالوں میں کمی اس وقت آنا شروع ہوئی جب حکومت نے اعلان کیا کہ اجرتی بورڈ جنوری میں اجرتوں میں اضافہ کرے گا تاہم حکومت نے یہ نہیں بتایا کہ اجرتوں میں یہ اضافہ کتنا ہو گا۔
یہ تحریر لکھے جانے کے وقت بھی اشولیا اور غازی پور میں ہزاروں مزدور ہڑتال پر ہیں اور دوسری فیکٹریوں کے مزدوروں کو بھی دوبارہ ہڑتال میں شامل ہونے کے لیے متحرک کر رہے ہیں۔
مزدوروں کا ایسا کرنا بالکل درست ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ سرمایہ داروں اور سیاست دانوں کا بنگلہ دیشی مزدوروں کو اجرتوں میں 150 فیصد اضافے کی رعایت دینے کا کوئی ارادہ نہیں، جس کی انہیں ضرورت ہے۔ وہ صورتحال کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں، لیکن جلد یا بدیر وہ دوبارہ جارحانہ اقدامات شروع کر دیں گے۔ گزشتہ روز سرمایہ داروں کے ایک گروہ نے ’کام نہیں تو اجرت نہیں‘ کی شق پر عمل درآمد شروع کر دیا، جبکہ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جہاں مزدور ہڑتال جاری رکھیں گے، وہاں فیکٹریاں غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی جائیں گی۔ وہ مزدوروں کو بھوکا رکھ کر انہیں ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کے لیے فیکٹریوں میں تالہ بندی کر رہے ہیں۔
ادھورا انقلاب
دو سال قبل مزدوروں نے عوامی لیگ کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے طلبہ کے ساتھ مل کر قربانیاں دیں اور اپنی جانیں گنوائیں۔ اُس وقت فوجی مظاہرین پر گولی چلانے سے انکار کر رہے تھے، پولیس سڑکوں سے غائب ہو چکی تھی اور معاشرے کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری طلبہ کی مقامی کمیٹیوں نے سنبھال لی تھی۔ بعض مقامات پر یہ کمیٹیاں طلبہ اور مزدوروں پر مشتمل تھیں۔ اقتدار ان کے ہاتھوں میں تھا۔
لیکن ان نئی عوامی تنظیموں کو اقتدار سونپ دینے کی بجائے، طلبہ رہنماؤں نے اقتدار نوبیل انعام یافتہ بینکار محمد یونس کے حوالے کر دیا۔ نتیجتاً اگرچہ حسینہ واجد کی آمریت کا خاتمہ ہو گیا، لیکن سماجی سطح پر کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا۔ یونس کے پیچھے فوج، ریاست کے پرانے اہلکار اور سرمایہ دار طبقہ کھڑے تھے اور پھر موجودہ بنگلہ دیش کو ہلا کر رکھ دینے والا بحران اسی تباہ کن راستے کا نتیجہ ہے۔
بلاشبہ، یونس کی حکومت کو وعدے کرنے پڑے۔ اس نے ایک نیا جمہوری آئین بھی نافذ کیا۔ لیکن مزدور صرف زبانی وعدوں اور ملازمتوں میں کوٹے کے لیے جدوجہد نہیں کر رہے تھے۔ ان کے لیے جمہوریت کی جدوجہد کا مطلب اپنی زندگی کے حالات کو تبدیل کرنا تھا۔ جیسا کہ فروری کے انتخابات کے بعد گارمنٹس کے ایک مزدور نے کہا:
”ہمیں امید ہے کہ بی این پی ہماری توقعات پر پورا اترے گی، ہماری تنخواہوں میں اضافہ کرے گی تاکہ ہماری زندگی کچھ بہتر ہو سکے۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے۔“
اب وہ دوبارہ سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
آج مزدور دیکھ رہے ہیں کہ جس بدعنوانی اور جبر کے خلاف انہوں نے 2024ء میں جدوجہد کی تھی، وہ اب بھی موجود ہے۔ وہ دیکھ رہے ہیں کہ کل کے ’انقلابی‘ آج بھی اسی پرانی ذاتی مفاد پرستی، عہدوں اور مراعات کے حصول کی دوڑ اور غنڈہ گردی میں مصروف ہیں۔ وہ دیکھ رہے ہیں کہ اقتدار کے ایوانوں میں چہرے بدلنے سے ان کے استحصال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ سمجھتے ہیں کہ جولائی 2024ء کی طرح اس بار بھی تبدیلی صرف ان کی براہِ راست اور اجتماعی جدوجہد ہی کے ذریعے ممکن ہے۔
لیکن رہنما کہاں ہیں؟
ہم نے گارمنٹس کے جس سابق مزدور سے بات کی، اس نے بتایا کہ جن مزدوروں کو وہ جانتی ہے، ان میں سے زیادہ تر اگر کوئی گروہ ان کی قیادت کرے یا طلبہ سڑکوں پر نکل آئیں تو وہ بڑی تعداد میں احتجاج کرنے کے لیے بے تاب ہوں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا! جیسا کہ اس نے کہا، بہت سے مزدور یہ سوچ کر حیران ہیں کہ حالات اتنے خراب ہونے کے باوجود طلبہ سڑکوں پر کیوں نہیں نکل رہے۔
این سی پی (NCP) پارٹی کے رہنما ناہد اسلام نے مزدوروں کے مطالبات کی حمایت کی ہے۔ تاہم، پارلیمنٹ میں انہوں نے اپنے حقیقی عزائم ظاہر کرتے ہوئے کہا:
”اگر حکومت گارمنٹس کے مزدوروں کی تحریک کو قابو میں نہیں رکھ سکتی تو وہ ہم سے مدد مانگ سکتی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ تحریکیں کیسے منظم کی جاتی ہیں اور انہیں کیسے قابو میں رکھا جاتا ہے۔“
انتخابی مہم کے دوران این سی پی کے رابطہ کاروں کو احتجاجی مظاہروں کی کال دیتے اور انہیں ختم کرنے کے عوض پیسے وصول کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ ناہد اسلام بھی یہی کرنا چاہتا ہے۔ وہ عوامی بے چینی کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرتے ہوئے اپنی جماعت کو مضبوط بنانا چاہتا ہے، خواہ اس مقصد کے لیے اسے بی این پی کی حمایت کرنی پڑے یا اس کی مخالفت کرنی پڑے۔ تاہم، وہ ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا، کیونکہ یونس حکومت کو سہارا دینے اور جماعتِ اسلامی کے ساتھ اتحاد کرنے کی وجہ سے این سی پی (NCP) اپنی تمام تر ساکھ کھو چکی ہے۔
دوسری جانب ’بائیں بازو‘ اور ’کمیونسٹ جماعتوں‘ کو تقریباً دس لاکھ مزدوروں کی بغاوت کے مقابلے میں بنگلہ دیش کے تجارتی معاہدوں کی زیادہ فکر رہی ہے۔ وہ یا تو خاموش رہے ہیں یا انہوں نے محض یکجہتی کے بیانات جاری کیے ہیں، جن میں امن برقرار رکھنے اور مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے، یعنی اجرتی بورڈ کے قیام پر زور دیا گیا ہے۔ وہ پہلے ہی یا تو حسینہ واجد کے ساتھ اپنے تباہ کن معاہدے کی وجہ سے یا پھر ریاست کے حوالے سے اپنے اصلاح پسندانہ رویے کے باعث گمنامی میں جا چکے ہیں۔
ان میں سے کوئی بھی حقیقی قیادت فراہم نہیں کر رہا۔ حقیقی قیادت کا مطلب ایک ایسی قیادت ہے جو جدوجہد میں شامل ہو کر مزدوروں کے عملی مطالبات کو اس نظام کے خلاف لڑائی سے جوڑے جو ان کا استحصال کرتا ہے۔
انقلاب کو پایہ تکمیل تک پہنچاؤ! ایک انقلابی کمیونسٹ پارٹی تعمیر کرو!
قیادت کا یہ فقدان ایک سنگین خطرہ پیدا کر رہا ہے۔
ان تمام حالات کے درمیان، معزول عوامی لیگ نے ہڑتالوں سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے تاکہ بی این پی کو کمزور کیا جا سکے، ملک کو عدم استحکام سے دوچار کیا جا سکے اور اپنی اقتدار میں واپسی کی راہ ہموار کی جا سکے۔
عوامی لیگ کے ایک معزول وزیر نے تو آر سی آئی (RCI) کے رہنما کامریڈ جورج مارٹن کی اس پوسٹ کو بھی دوبارہ شیئر کیا جس میں بتایا گیا تھا کہ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد حالات مزید خراب ہونے کے باعث مزدور ہڑتال کر رہے ہیں۔ وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ ان کی اپنی جماعت کے دورِ حکومت میں حالات اس قدر خراب تھے کہ مزدوروں اور طلبہ نے ان کے خلاف انقلاب برپا کر دیا تھا، باوجود اس کے کہ اس دور حکومت کے اتحادیوں نے سڑکوں پر ان کا قتل عام کرنے کی کوششیں کی تھیں۔
10نومبر کو عوامی لیگ کی طلبہ تنظیم، چھاترا لیگ، جس پر پابندی عائد ہے، نے ایک روزہ احتجاجی کاروائی کی کال دی تھی۔ اس کے بعد عوامی لیگ کے مضبوط سیاسی مراکز میں مظاہرے ہوئے اور آتش زنی کے واقعات کی ایک لہر پھیل گئی۔ اسی دوران ڈھاکہ بھر میں 50 سے زائد دیسی ساختہ بم بھی پھٹنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ خود حسینہ واجد دسمبر میں ملک واپس آنے کا وعدہ کر رہی ہے۔
یہ بی این پی حکومت کے لیے ایک تحفے کے مترادف تھا، جو پہلے ہی یہ دعویٰ کر رہی تھی کہ احتجاجی مظاہرے عوامی لیگ کی اشتعال انگیزی کا نتیجہ ہیں۔ عوامی لیگ کے حملوں کو بہانہ بنا کر حکومت تحریک کے خلاف جبر میں مزید شدت لا رہی ہے اور صنعتی علاقوں پر قبضہ کرنے کے لیے سرحدی محافظوں کے درجنوں فوجی دستے تعینات کر رہی ہے۔ قیادت اور ملک گیر رابطہ کاری کے فقدان کے باعث، انفرادی فیکٹریوں میں مزدوروں کی جاری وقفے وقفے سے ہونے والے احتجاج پولیس کے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں اور انہیں تیزی سے منتشر کیا جا رہا ہے۔
اگر مزدور کوئی نیا راستہ اختیار کرنے میں کامیاب نہ ہوئے تو یہ اس ردِعمل کی محض ایک جھلک ہے جس کا انہیں سامنا کرنا پڑے گا اور اس کے ساتھ ساتھ معاشی تباہی کا خطرہ بھی منڈلا رہا ہے۔ جیسا کہ ہم نے اگست 2024ء میں خبردار کیا تھا کہ سرمایہ دار جماعتوں کی اس خونریز کشمکش سے جو بھی برسرِ اقتدار آئے گا، وہ سرمایہ داروں کے لیے ’امن و امان‘ بحال کرنے کی کوشش کرے گا۔ جس کا مطلب ہے مزدوروں کو فیصلہ کن طور پر کچلا جائے گا تاکہ معاشی بحران کا سارا بوجھ انہی کے کندھوں پر ڈال دیا جائے۔
ایک اور انقلاب ناگزیر ہے۔ جیسا کہ بی این پی کی جانب سے عوامی لیگ کے طریقہ کار کو اپنانے سے واضح ہو گیا ہے، ایسے انقلاب کا مقصد صرف اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں میں حکمران جماعت کی تبدیلی تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ اس انقلاب کو خود سرمایہ دارانہ نظام کو نشانہ بنانا ہو گا، کیونکہ یہی نظام مزدوروں کے استحصال کی جڑ اور حسینہ واجد کی آمریت کی اصل بنیاد ہے۔
گارمنٹس کے مزدوروں میں یہ سب کچھ کرنے کی طاقت موجود ہے۔ بنگلہ دیش کی معیشت انہی کے کندھوں پر کھڑی ہے۔ اگر وہ متحد ہو کر مشترکہ ہڑتال کریں، اگر وہ خود کنٹرول سنبھال لیں، جیسا کہ انہوں نے جولائی 2024ء میں ثابت کیا تھا کہ وہ ایسا کر سکتے ہیں، تو وہ نہ صرف اجرتوں میں اضافہ حاصل کر سکتے ہیں بلکہ وہ باعزت زندگی بھی حاصل کر سکتے ہیں جس کے وہ حق دار ہیں۔ انہیں یہ سب کچھ فراہم کرنے کے لیے دولت کی کوئی کمی نہیں، فی الحال اس دولت پر سرمایہ دارانہ نظام کے یہ طفیلیے قابض ہیں۔
سوشلسٹ انقلاب ہی اس بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔ یہ کوئی خیالی تصور نہیں ہے۔ جس سابق گارمنٹس مزدور سے ہم نے بات کی، وہ سوشلزم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے پُرجوش ہو گئی، حالانکہ اس نے اس سے پہلے یہ لفظ بھی نہیں سنا تھا۔ اس نے وضاحت کی کہ اس کے ساتھی مزدور ہمارے نظریات میں کتنی دلچسپی لیں گے، بشرطیکہ ہماری تنظیم اتنی بڑی ہو کہ ان نظریات کو وسیع پیمانے پر پھیلا سکے۔
ایک طاقتور انقلابی پارٹی کے لیے راستہ کھلا ہے کہ وہ بے چینی اور احتجاج کی انفرادی لہروں کو یکجا کر کے ایک ایسے طاقتور سیلاب میں تبدیل کر دے جو موجودہ نظام کو بہا لے جائے۔ اگر ایسی پارٹی موجود ہوتی تو آج ہم بنگلہ دیش کے اکتوبر انقلاب کے بارے میں لکھ رہے ہوتے! لیکن ایسی کوئی پارٹی موجود نہیں ہے۔ انقلابی مزدوروں اور طلبہ کے سامنے فوری فریضہ یہی ہے کہ وہ ایسی پارٹی تعمیر کریں۔
اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ موجودہ صورتحال میں یہ ممکن نہیں کہ مزدور طبقہ اور بورژوازی دونوں کسی نقصان کے بغیر اس بحران سے نکل جائیں۔ یا تو کمیونسٹ پارٹی میں متحد ہو کر مزدور خود اقتدار سنبھالیں اور سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کریں، یا پھر ریاست مزدوروں کی لاشوں پر بنگلہ دیشی بورژوازی کو بچائے گی۔
سرمایہ داروں کی حکومت مردہ باد!
عام ہڑتال منظم کرو! ہر فیکٹری میں مزدور کونسلیں قائم کرو!
مہنگائی کے تناسب سے اجرتوں میں اضافے کے لیے جدوجہد کرو؛ مزدوروں کو بلیک لسٹ کرنے کا سلسلہ ختم کرنے اور گرفتار مزدوروں کی رہائی کے لیے لڑو!
سب سے اہم بات:
اس جدوجہد میں ہمارے ساتھ شامل ہوں! بنگلہ دیش میں انقلابی کمیونزم کی پارٹی کی تعمیر کریں!