
روز مرہ کی زندگی میں عمومی طور پر نظریات کو ثانوی اہمیت دی جاتی ہے اور ان پر غور و فکر کر کے ان کو قبول کرنے کی بجائے پہلے سے حاوی نظریات کو قبول کر کے زندگی بسر کر لی جاتی ہے۔ سیاسی جدوجہد اور تحریکوں میں بھی عمومی طور پر یہی اصول کار فرما ہوتا ہے۔ اس جدوجہد میں شامل افراد اپنی تمام تر توجہ فوری مطالبات اور مسائل کی جانب رکھتے ہیں اور ان مطالبات کے حصول کے رستے میں آنے والی فوری رکاوٹوں کو عبور کرنے کے لیے دستیاب مختلف رستے تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ کسی نہ کسی طرح اپنے فوری مطالبات حاصل کر لیے جائیں اور اس فوری جدوجہد کو کامیابی سے منزل تک پہنچایا جا سکے۔ اس تمام عمل میں نظریات کی اہمیت اور اس جدوجہد کو کامیاب کرنے کے لیے ان کی فیصلہ کن حیثیت پر بحث کو عام طور پر وقت کا ضیاع سمجھا جاتا ہے اور اکثر یہی کہا جاتا ہے کہ یہ بحثیں اس وقت غیر ضروری ہیں اور فوری سرگرمیوں سے توجہ ہٹانے کا باعث بن رہی ہیں اس لیے ان کو کسی اور وقت کے لیے مؤخر کر دینا چاہیے۔
اس صورتحال میں اس جدوجہد میں شامل افراد کی اکثریت عمومی طور پر اور اس تحریک کی قیادت خصوصی طور پر انہی نظریات کے تحت ہی حکمت عملی اور طریقہ کار وضع کر رہی ہوتی ہے جو سماج میں پہلے سے حاوی ہوتے ہیں اور عام طور پر یہ حکمران طبقے کے نظریات ہی ہوتے ہیں جن کے خلاف کوئی تحریک ابھری ہوتی ہے۔ درحقیقت حکمران طبقات خود بھی فروعی بحثوں اور نان ایشوز کو سماج پر مسلط رکھتے ہیں اورسماج کو درپیش بنیادی مسائل اور ان کے حل کے لیے موجود درست نظریات پر بحثوں کو روکتے ہیں تاکہ مزدور اور عوام دوست نظریات سماج میں سرایت نہ کر سکیں۔ حکمران طبقے کی فروعی بحثوں سے عمومی نفرت کے باعث عام طور پر یہ نتیجہ بھی اخذ کر لیا جاتا ہے کہ نظریاتی بحث کرنا ہی غلط ہے اور یہ کہ ایسی بحثیں عام زندگی کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں رکھتیں اور ان کا مقصد تحریکوں کو تعمیر کرنے اور منزل تک پہنچانے کی بجائے انہیں تقسیم کرنا اور اصل رستے سے بھٹکانا ہے۔ یہ نتیجہ حکمران طبقے کے نظریات کے لیے جتنا درست ہے، انقلابی نظریات کے لیے اتنا ہی غلط ہے۔ حکمران طبقے اور اس کے نظام کے خلاف ابھرنے والی کسی بھی جدوجہد اور تحریک کے لیے انقلابی نظریات کلیدی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور ایک انقلاب کے دوران یہ نظریات فتح اور شکست کے درمیان فیصلہ کن لکیر کھینچتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کسی بھی تحریک میں شامل سب سے باشعور اور ہر اول پرت نظریاتی بحثوں اور ان کے تحریک پر اثرات پر نہ صرف سیر حاصل بحث کرتی ہے بلکہ ان نظریات کو مسلسل آگے بھی بڑھاتی ہے تاکہ یہ موجود حالات سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے تحریک کو فیصلہ کن کامیابی کی جانب لے جا سکیں۔ درحقیقت انقلابی تحریکوں میں ہر شخص کی نظریات کی پیاس کئی گنا بڑھ جاتی ہے اور وہ نئے نظریات سیکھنے اور سمجھنے کے لیے تیار ہوتا ہے گو کہ اکثر قیادتیں اس عمل میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرتی ہیں۔
اس حوالے ٹراٹسکی کا مسلسل انقلاب کا نظریہ ایک اہم مثال ہے جس کے تحت 1917ء میں روس کے سوشلسٹ انقلاب نے فیصلہ کن کامیابی حاصل کی اور سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کرتے ہوئے سوشلسٹ منصوبہ بند معیشت کی بنیاد رکھی۔ انسانی تاریخ کے اس عظیم انقلاب کے بعد ہزاروں سال سے جاری امیر اور غریب پر مبنی طبقاتی نظام کا خاتمہ کیا گیا اور تمام ذرائع پیداوار حکمران طبقے کی نجی ملکیت سے چھین کر محنت کش عوام کی اجتماعی ملکیت میں لے لیے گئے۔ اس نظریے کے حوالے سے بحث کا آغاز روس میں 1905ء کے انقلاب کے بعد کیا گیا تھا جب زار ِروس کے خلاف ابھرنے والے ایک انقلاب کو خون میں ڈبو دیا گیا تھا اور بد ترین ریاستی جبر کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا تھا۔ ٹراٹسکی نے اس انقلاب میں بھرپور حصہ لیا تھا اور پیٹروگراڈ سوویت کا چئیرمین بھی منتخب ہوا تھا۔ انقلاب کی شکست سے مایوس ہونے کی بجائے لینن اور ٹراٹسکی نے اس سے اہم نتائج اخذ کیے تھے اور نظریاتی بحثوں کے ساتھ انقلابی پارٹی کی تعمیر کا سلسلہ بھی انتہائی مشکل حالات میں جاری رکھا تھا۔ ٹراٹسکی کے نظریے کے مطابق پسماندہ ممالک کا مزدور طبقہ اپنے کم حجم اور نسبتاً کم ترقی یافتہ ہونے کے باوجود انقلاب کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ انقلاب صرف جمہوری مطالبات تک محدود رکھنے کی بجائے سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کرنے کی جانب بڑھ سکتا ہے اور ایک سوشلسٹ منصوبہ بند معیشت قائم کی جا سکتی ہے۔ اس انقلاب میں کسان اور سماج میں موجود دیگر مظلوم عوام بھی مزدور طبقے کی قیادت میں اپنا کردار ادا کر تے ہیں۔ ساتھ ہی اس نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ کسی ایک ملک سے ابھرنے اور پھر وہاں پر کامیاب ہونے والے انقلاب کواس ملک تک محدود رہنے کی بجائے حتمی کامیابی کے لیے دنیا کے دوسرے ملکوں میں بھی پھیلنا ہو گا اور ایک عالمی سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے پوری دنیا سے سرمایہ داری کا خاتمہ کرنے کی جانب بڑھنا ہو گا۔
لینن اور ٹراٹسکی کے درمیان اس نظریے پر بحث کئی سال چلتی رہی اور بالآخر اپریل 1917ء میں لینن بھی اسی نتیجے پر پہنچا جس کا اظہار اس نے اپنے مشہور زمانہ اپریل تھیسس میں کیا۔ فروری 1917ء میں زار روس کا تختہ الٹ چکا تھا اور صدیوں پرانی بادشاہت ختم ہو چکی تھی لیکن اس کے باوجود سرمایہ دارانہ نظام موجود تھا جس کے تحفظ کے لیے مختلف سیاسی پارٹیاں سرگرم تھیں اور اپنا سیاسی پروگرام عوام تک لے کر جا رہی تھیں۔ اس موقع پر لینن اور ٹراٹسکی نے بالشویک پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے ایک نئے انقلاب کی تیاری کی اور اکتوبر 1917ء میں سوویتوں میں اکثریت حاصل کرتے ہوئے سرمایہ داری کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد دنیا کی تاریخ نے ایک مختلف رخ اختیار کیا اور آج بھی سرمایہ دار طبقہ اس انقلاب کے ذکر سے کانپ اٹھتا ہے۔ آج بھی دنیا بھر میں انقلابی تحریکیں ابھر رہی ہیں اور لاکھوں لوگ ہر ملک میں حکمران طبقے کے خلاف بغاوتیں کر رہے ہیں۔ دنیا کے کئی ممالک میں ان انقلابات کے ذریعے حکومتوں کا تختہ بھی الٹا گیا ہے اور کئی جگہ پر بد ترین آمریتوں کو بھی شکست ہوئی ہے۔ لیکن اس سب کے باوجود سرمایہ دارانہ نظام موجود ہے اور پوری دنیا میں اس کی پھیلائی ہوئی جنگیں، بربادی، بھوک اور بیروزگاری بڑھتی چلی جا رہی ہے۔ ایسے میں انقلابی نظریات کی اہمیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے اور سماج کی باشعور پرتوں کے لیے ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ تمام سیاسی قوتوں اور قیادتوں کے نظریات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ زیادہ تر قیادتیں اس نظام کی حدود و قیود کو قبول کر لیتی ہیں اور سماج میں پہلے سے حاوی نظریات جن میں نجی ملکیت کا تحفظ، ریاست کا تقدس، قوم پرستی اور دیگر ایسے نظریات شامل ہیں، کا پرچار کرتی نظر آتی ہیں جو بالآخر سرمایہ دارانہ نظام کو ہی تحفظ دیتے ہیں۔
آج کے عہد میں صرف انقلابی کمیونزم کے نظریات ہی وہ متبادل ہیں جو ان انقلابات کو فیصلہ کن کامیابی کی جانب لے جا سکتے ہیں اور محنت کش طبقے کو درپیش تمام مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔ سرمایہ داری میں جنگ، مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر مسائل سے چھٹکارا ممکن نہیں۔ صرف سرمایہ دار طبقے کی تمام دولت اور ملکیت چھینتے ہوئے ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے منصوبہ بند معیشت کے قیام سے ہی دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔ انقلابی کمیونسٹ پارٹی اس منزل کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ اگر آپ اس جدوجہد میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو ہم سے فوری رابطہ کریں۔