|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، بلوچستان|
دنیا بھر کے محنت کشوں کے عالمی دن، یومِ مئی 2026ء کے موقع پر انقلابی کمیونسٹ پارٹی بلوچستان کے ساتھیوں نے صوبے کے مختلف شہروں میں ہونے والے پروگراموں، جلسوں، ریلیوں اور سیاسی نشستوں میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے محنت کش طبقے کے انقلابی مؤقف کو اجاگر کیا۔ کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور لورالائی میں پارٹی کارکنان نے نہ صرف مزدور تنظیموں اور ٹریڈ یونینز کے پروگراموں میں مداخلت کی بلکہ سامراج، سرمایہ داری، جنگ، مہنگائی، بیروزگاری اور ریاستی جبر کے خلاف ایک واضح طبقاتی اور انقلابی متبادل بھی پیش کیا۔
کوئٹہ: ٹریڈ یونین پروگراموں میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی بھرپور مداخلت
کوئٹہ میں یومِ مئی کے موقع پر مختلف ٹریڈ یونینز، فیڈریشنز اور مزدور تنظیموں کی جانب سے منعقد کردہ پروگراموں میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھیوں نے بھرپور شرکت کی۔ کوئٹہ پریس کلب میں پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن، پاکستان ورکرز فیڈریشن اور پاکستان لیبر فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ہونے والے پروگراموں میں پارٹی کارکنان نے انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے سیاسی لیفلٹس تقسیم کیے جبکہ پارٹی کا ماہانہ اخبار ’کمیونسٹ‘ بڑی تعداد میں محنت کشوں، طلبہ اور سیاسی کارکنوں کو فروخت کیا گیا۔
اسی طرح لیاقت پارک میں بلوچستان لیبر فیڈریشن اور ورکرز کنفیڈریشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ جلسے میں بھی پارٹی کے ساتھیوں نے فعال شرکت کی۔ اس موقع پر محنت کشوں میں انقلابی لٹریچر کی ترویج کی گئی اور سرمایہ دارانہ نظام کے بحران، سامراجی جنگوں اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف پارٹی کا انقلابی مؤقف پیش کیا گیا۔
جلسوں اور مظاہروں میں شریک محنت کشوں نے شکاگو کے عظیم شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کے حکمران طبقے اور سرمایہ دار ریاست کی مزدور دشمن پالیسیوں کی شدید مذمت کی۔ انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے کارکنان نے ”سامراجی جنگوں کے خلاف طبقاتی جنگ“ کے نعرے کے تحت بھرپور سیاسی مداخلت کرتے ہوئے واضح کیا کہ سامراجی جنگوں، قومی جبر، مہنگائی، بیروزگاری اور استحصال کا خاتمہ صرف محنت کش طبقے کی منظم انقلابی جدوجہد اور سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
محنت کشوں، نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں کی جانب سے پارٹی کے انقلابی مؤقف کو سراہا گیا جبکہ ”کمیونسٹ“ اخبار میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے متعدد افراد نے اخبار خریدا اور پارٹی لٹریچر حاصل کیا۔
اس موقع پر گلگت بلتستان میں عوامی ایکشن کمیٹی کے گرفتار رہنماؤں اور ساتھیوں، خصوصاً احسان علی کی رہائی کے لیے بھی بھرپور کمپیئن چلائی گئی اور ریاستی جبر کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
قلعہ عبداللہ: یومِ مئی اور افغان ثور انقلاب پر سیاسی نشست
قلعہ عبداللہ میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے زیرِ اہتمام یومِ مئی کے موقع پر ایک سیاسی و نظریاتی نشست منعقد کی گئی۔ نشست کا موضوع تھا:
”یومِ مئی اور افغان ثور انقلاب: سامراج کے خلاف سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد کی ناگزیر ضرورت اور محنت کش طبقے کا کردار“
نشست میں یومِ مئی کی تاریخی اہمیت، شکاگو کے شہداء کی قربانیوں اور عالمی مزدور تحریک کی انقلابی روایات پر مختصر تاریخی جائزہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں افغان ثور انقلاب پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں افغانستان میں سامراجی مداخلت، خطے کی سیاست اور محنت کش طبقے و مظلوم عوام کی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں کا تجزیہ کیا گیا۔
بحث کے دوران سامراجی نظام کے بحران، خطے میں بڑھتی ہوئی جنگی کیفیت، قومی و طبقاتی جبر اور سرمایہ داری کے زوال کے تناظر میں سوشلسٹ انقلاب کی ناگزیریت پر زور دیا گیا۔ مقررین نے واضح کیا کہ محنت کش طبقہ ہی وہ واحد انقلابی قوت ہے جو سرمایہ دارانہ اور سامراجی نظام کا خاتمہ کر کے ایک سوشلسٹ سماج کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔
شرکاء نے بحث میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا، مختلف سوالات اٹھائے گئے جن کے تفصیلی جوابات دیے گئے اور نشست کا اختتام انقلابی سیاسی مباحث کے ساتھ ہوا۔
لورالائی: ٹریڈ یونین جلسے میں انقلابی آواز
لورالائی میں مختلف ٹریڈ یونینز اور فیڈریشنز کے زیرِ اہتمام میونسپل کارپوریشن لورالائی کے سبزہ زار میں ایک بڑا جلسہ منعقد ہوا جس میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھیوں نے بھرپور شرکت کی۔
جلسے کا آغاز مختلف ریلیوں سے ہوا جو شہر کے مختلف علاقوں اور رستوں سے گزرتی ہوئی مرکزی مقام پر جمع ہوئیں جہاں جلسے کی شکل اختیار کی گئی۔ جلسے میں مختلف مزدور رہنماؤں اور مقررین نے خطاب کیا۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھی کامریڈ اسحاق خلقی نے اپنے خطاب میں عالمی سامراجی بحران، سرمایہ دارانہ نظام کی ناکامی، مزدور طبقے کی عالمی جدوجہد اور پاکستان میں محنت کش عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہنگائی، بیروزگاری، نجکاری، کم اجرتوں اور ریاستی جبر کے خلاف محنت کش طبقے کی لڑائی کو ایک انقلابی سوشلسٹ پروگرام سے جوڑنا ناگزیر ہے۔
جلسے میں شریک محنت کشوں اور نوجوانوں نے انقلابی نعروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور عالمی مزدور یکجہتی کے جذبے کو دہراتے ہوئے سرمایہ دارانہ استحصال کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔
سرمایہ داری، سامراج اور سامراجی جنگوں کے خلاف طبقاتی جدوجہد ہی واحد راستہ
بلوچستان بھر میں یومِ مئی کے موقع پر انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی سرگرمیوں نے واضح کیا کہ محنت کش طبقے، نوجوانوں اور مظلوم عوام میں سرمایہ دارانہ نظام، سامراجی جنگوں، مہنگائی، بیروزگاری اور ریاستی جبر کے خلاف شدید غم و غصہ موجود ہے۔ پارٹی کارکنان نے ہر مقام پر اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ سرمایہ داری انسانیت کو جنگ، بھوک، غربت، قومی جبر اور تباہی کے سوا کچھ نہیں دے سکتی۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی نے یومِ مئی کے موقع پر ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ محنت کش طبقے کی عالمی یکجہتی، طبقاتی جدوجہد اور سوشلسٹ انقلاب ہی انسانیت کو سامراج، جنگوں، استحصال اور جبر سے نجات دلا سکتا ہے۔
