کمیونسٹ سے پوچھیے! پاکستان میں ملک گیر انقلابی تحریک کیوں نہیں ابھر رہی؟

پاکستان اس وقت شدید معاشی، سیاسی اور سماجی بحرانوں سے گزر رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، نجکاری، ریاستی جبر، قومی تضادات، جبری گمشدگیاں، ماحولیاتی تباہی اور حکمران اشرافیہ کی کھلی لوٹ مار نے وسیع عوامی بے چینی پیدا کر دی ہے۔ بظاہر ایسے حالات کسی بڑے عوامی یا انقلابی ابھار کو جنم دیتے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اس تمام بحران کے باوجود پاکستان میں بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کی طرز پر ایک ملک گیر انقلابی تحریک کیوں ابھر نہیں پا رہی؟عام طور پر ہمیں اس سوال کے دو طرح کے جوابات سننے کو ملتے ہیں۔ ایک طرف وہ لوگ ہیں جو عوام کو’بزدل‘، ’بے حس‘ یا’مردہ‘ قرار دے دیتے ہیں۔ دوسری طرف وہ لوگ ہیں جو ہر چیز کو کسی خفیہ سازش یا بیرونی منصوبے سے سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کمیونسٹ تجزیہ ان دونوں سطحی رویوں سے مختلف ہے۔ کمیونسٹ کسی بھی سماج کو اخلاقی نعروں سے نہیں بلکہ اس کی طبقاتی ساخت، ریاستی ڈھانچے، معاشی تعلقات اور سیاسی تنظیم کے تناظر میں سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

مارکسی راہنماؤں نے اپنی تصنیفات میں بہت سی جگہوں پر وضاحت کی کہ صرف غربت یا بحران سے انقلاب پیدا نہیں ہوتا۔ اگر صرف غربت انقلاب پیدا کرتی تو دنیا کے غریب ترین ممالک ہمیشہ انقلابی کیفیت میں ہوتے۔ لینن نے انقلابی صورتحال کی چند بنیادی شرائط بیان کی تھیں: حکمران طبقہ پہلے کی طرح حکومت نہ کر سکے، عوام پہلے کی طرح جینا نہ چاہیں، اور ایک منظم انقلابی قوت موجود ہو جو اس بحران کو سیاسی تبدیلی میں ڈھال سکے۔

پاکستان میں پہلی دو شرائط موجود ضرور ہیں۔ حکمران طبقہ شدید بحران کا شکار ہے۔ ریاست کے مختلف اداروں میں ٹکراؤ کی کیفیت موجود ہے۔ معیشت مسلسل عدم استحکام کا شکار ہے۔ عوام کی ایک بڑی تعداد زندگی کے بنیادی وسائل سے محروم ہوتی جا رہی ہے۔ لیکن تیسری شرط یعنی ایک منظم انقلابی پارٹی اور مضبوط طبقاتی سیاست انتہائی کمزور ہے۔

لیکن محنت کش عوام انقلابی پارٹی کی تعمیر کا انتظار نہیں کرتے اور وقت اور حالات انہیں انقلابی تحریک میں ابھرنے پر مجبور کرتے ہیں۔اس وقت”آزاد“کشمیر میں ایک بہت بڑی عوامی تحریک موجود ہے جو 9جون کو ایک دفعہ پھر مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کی تیاری کر رہی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے بڑی حاصلات لی ہیں جن میں تین روپے بجلی کا یونٹ اور دو ہزار روپے من آٹا شامل ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی آٹے کی سبسڈی اور دیگر معاملات پر بڑی تحریکیں ابھری ہیں اور اس وقت دوبارہ تحریک کے ابھرنے کے خوف سے ریاست نے تحریک کی قیادت کو پابند سلاسل کیا ہوا ہے۔ اسی طرح پشتون اور بلوچ علاقوں میں دہشت گردی اور مسنگ پرسن کے جبر کیخلاف بڑی عوامی تحریکیں ابھر چکی ہیں اور اس وقت بھی ان کی قیادت بدترین ریاستی جبر کا شکار ہے۔ سندھ میں بھی گزشتہ عرصے میں پانی کے مسئلے میں ایک بڑی تحریک ابھری تھی جبکہ پنجاب میں کسانوں اور مزارعین کے بڑے احتجاج ہوتے رہے ہیں۔اسی طرح صنعتی مزدوروں کے بھی ایک کے بعد دوسرے علاقے میں احتجاج اور ہڑتالیں وقتاً فوقتاً ابھر رہے ہیں۔اس کے علاوہ اگیگا کے پلیٹ فارم سے ملک بھر کے سرکاری ملازمین نے ایک بڑی تحریک برپا کی تھی۔ان تمام تحریکوں میں لاکھوں لوگوں کی شرکت اور ہر قسم کی قربانی نظر آئی جس میں واضح ہوگیا کہ عوام حکمران طبقے کیخلاف آخری حد تک جانے کے لیے تیار ہیں۔ لیکن ہر جگہ پر قیادت کی غلطیاں بھی نظر آئیں اور ساتھ ہی ان تمام تحریکوں کی ایک دوسرے کے ساتھ جڑت میں بھی کمی نظر آئی۔

اس وقت ملک میں ایسا کوئی سیاسی پلیٹ فارم نہیں جو ان تمام تحریکوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر سکے اور ایک انقلابی پروگرام کے تحت ان سب کو یکجا کرتے ہوئے حکمران طبقے کیخلاف فیصلہ کن لڑائی کی جانب بڑھے۔ لیکن آنے والے دنوں میں ایسے امکانات یقیناابھر یں گے جس میں ان تحریکوں میں شامل عوام اپنے تجربات سے سیکھتے ہوئے پہلے سے بھی بڑی لڑائی کی جانب بڑھیں گے جبکہ موجودہ معاشی قتل عام کے نتیجے میں عوام کی ایسی بہت سی پرتیں جو پہلے تحریک میں نہیں تھیں وہ بھی تحریکوں میں ابھریں گی۔اس موقع پر قیادت اگر درست نظریات اور لائحہ عمل کے ساتھ آگے بڑھتی ہے تو حکمران طبقے کیخلاف فیصلہ کن لڑائی کا آغاز ہو سکتا ہے۔

حکمران طبقہ اس خطرے کو بھانپ چکا ہے اور اس کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ اپوزیشن کی سیاسی پارٹیوں کا گلا گھونٹا جا رہا ہے اور ہر قسم کی سیاسی سرگرمی پر سخت قدغنیں لگا دی گئی ہیں۔کسی مقامی ایشو پر چھوٹا سا احتجاج یا عوام کے منظم ہونے کا عمل حکمرانوں کو خوفزدہ کر دیتا ہے اور اسے مختلف حربوں کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی جاتی ہے۔اسی طرح پہلے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو اپنے مکمل کنٹرول میں کرنے کے بعد اب سوشل میڈیا پر قدغنیں لگا دی گئی ہیں اور کسی بھی مزاحمتی آواز کو آغاز میں ہی پوری قوت کے ساتھ کچل دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اپنے کٹھ پتلی سیاسی میدان میں اتارے جاتے ہیں جو عوام کو غلط رستے پر ڈالنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ اس کے ساتھ ریاست کا نظریاتی غلبہ بھی ایک اہم عنصر ہے۔ کمیونزم ریاست کو صرف پولیس یا فوج نہیں سمجھتا بلکہ میڈیا، نصاب، مذہبی ادارے، قوم پرستی اور ثقافتی بیانیے بھی حکمران طبقے کے ہتھیار ہوتے ہیں اور یہ عوام کو تقسیم کرنے کا کردار ادا کرتے ہیں۔ لیکن جب انقلابی تحریک ابھرتی ہیں تو یہ سب کچھ اپنے الٹ میں بدل جاتا ہے اور حکمرانوں کے یہی اقدامات تحریک کو آگے بڑھانے کا کام کرتے ہیں۔

تاہم یہ کہنا غلط ہوگا کہ پاکستان مکمل سیاسی جمود کا شکار ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ملک کے مختلف خطوں میں اہم مزاحمتی تحریکیں ابھری ہیں۔ پشتون تحفظ موومنٹ، بلوچ یکجہتی کمیٹی، گلگت بلتستان و کشمیر کی عوامی ایکشن کمیٹیاں، سندھ میں پانی اور زمین کے سوال پر تحریکیں، کسان اور طلبہ مزاحمت یہ سب اس بات کا ثبوت ہیں کہ سماج کے اندر شدید تضادات موجود ہیں۔

ان تحریکوں کی جڑیں قومی سوال، قومی جبر اور پاکستانی ریاست کے سامراجی دلالی کے کردار میں پیوست ہیں۔ ریاست کی فوجی بیوروکریٹک مرکزیت، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم، فوجی آپریشنز، جبری گمشدگیوں اور سیاسی محرومیوں نے خاص طور پر بلوچستان، خیبر پختونخوا، ”آزاد“کشمیراور گلگت بلتستان میں شدید مزاحمت پیدا کی۔ پی ٹی ایم نے پہلی مرتبہ ریاستی ’سکیورٹی بیانیے‘ کو کھلے عام چیلنج کیا۔ بی وائے سی نے بلوچ خواتین اور جبری گمشدگیوں کے سوال کو قومی سطح پر نمایاں کیا۔ یہ تبدیلیاں معمولی حیثیت کی حامل نہیں بلکہ سماج میں ایک بنیادی تبدیلی کی عکاسی کرتی ہیں۔ان تحریکوں نے رائج الوقت تمام سیاسی پارٹیوں کی اجارہ داری کو بھی کوڑے کے ڈھیر میں پھینک دیا اور ہر تحریک تازہ دم قیادتیں تراش کر سامنے لائیں۔

لیکن سوال یہ ہے کہ یہ تحریکیں ملک گیر انقلابی تحریک میں کیوں تبدیل نہیں ہو سکیں؟ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ قومی سوال اور طبقاتی سوال ابھی مکمل طور پر ایک دوسرے سے نہیں جڑ سکے۔ یہ تحریکیں زیادہ تر قومی و ریاستی جبر، انسانی حقوق یا علاقائی محرومی کے گرد ابھریں، جبکہ پورے ملک کے مزدوروں اور محنت کشوں کو ایک مشترک طبقاتی پروگرام کے تحت متحد کرنے کا عمل ابھی محدود ہے اوردرحقیقت انقلابی تحریک کی قیادت حتمی طور پر مزدور طبقہ ہی کرتاہے۔ پنجاب جو ریاست کا مرکزی سماجی اور سیاسی گڑھ ہے ان تحریکوں کے ساتھ مکمل طور پر نہیں جڑا۔ ریاستی پروپیگنڈے، قوم پرستی اور درمیانے طبقے کی نفسیات نے ان تحریکوں کو اکثر”غدار“یا”بیرونی ایجنٹ“قرار دے کر تنہا کیا۔ ریاست نے ایڑی چوٹی کا زور لگا کر ان تحریکوں کو پنجاب و سندھ میں پھیلنے،جڑت پیدا کرنے اور وہاں سے بڑی عوامی حمایت حاصل کرنے سے روکنے کی بھرپور کوشش کی۔ ان تحریکوں کی حمایت کرنے والے اور انہیں دیگر خطوں سے جوڑنے کی بات کرنے والے انقلابی عناصر پر شدید ریاستی کریک ڈاؤن کیا گیا۔ اس سب میں ان تحریکوں کی قیادتوں کی نظریاتی کمزوریوں اورکسی بڑے انقلابی متبادل کی عدم موجودگی نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی موجودہ صورتحال کو ایک اور زاویے سے بھی سمجھنا ضروری ہے۔ آج مزاحمت زیادہ تر ’نواحی علاقوں‘ میں موجود ہے جبکہ بڑے صنعتی علاقوں میں عوامی تحریک موجود نہیں۔ بلوچستان، خیبر پختونخواہ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیاسی شدت زیادہ نظر آتی ہے جبکہ پنجاب میں اسی درجے کا مستقل ابھار کم دکھائی دیتا ہے۔ کمیونسٹ تجزیہ اس کو غیر مساوی تاریخی ترقی کا اظہار سمجھتا ہے۔ ہر خطہ ایک ہی رفتار سے سیاسی شعور یا مزاحمت پیدا نہیں کرتا۔ مگر ہم سمجھتے ہیں کہ وہ وقت دور نہیں جب انقلاب کی یہی غیر مساوی پیش رفت ایک مشترکہ پیش رفت میں ڈھلنے کی طرف جائے گی۔

اس لیے انقلابی کمیونسٹ بار بار کہتے ہیں کہ یہ سمجھنا غلط ہوگا کہ پاکستان میں ملک گیر انقلابی تحریک پیدا نہیں ہو سکتی۔ سرمایہ داری کے بحران مسلسل گہرے ہو رہے ہیں۔ نوجوان آبادی بڑھ رہی ہے۔ موسمیاتی تباہی، پانی کا بحران، بے روزگاری، نجکاری اور ریاستی عدم استحکام مستقبل میں مزید شدید سماجی بحران پیدا کریں گے اوراس خطے کی تاریخ کی سب سے بڑی انقلابی تحریکوں کو جنم دیں گے۔ سوال صرف یہ ہے کہ کیا اس غصے کو منظم طبقاتی سیاست میں تبدیل کرنے والی کوئی قوت موجود ہوگی؟

کمیونسٹ نقطہ نظر سے بنیادی مسئلہ عوام کی ’بے حسی‘ نہیں بلکہ انقلابی قیادت کی کمزوری ہے۔ لینن کے مطابق صرف خود رو عوامی تحریکیں کافی نہیں ہوتیں بلکہ یہ ضروری ہوتا ہے کہ ایک منظم، نظریاتی اور انقلابی ڈسپلن پر مبنی سیاسی قوت موجود ہو جو مختلف مزاحمتوں کو طبقاتی سوال سے جوڑتے ہوئے ایک مشترکہ انقلابی جدوجہد میں ڈھال سکے اور آگے کا راستہ دے سکے۔

پاکستان میں تحریکیں موجود ہیں، غصہ موجود ہے، مزاحمت موجود ہے لیکن یہ سب ابھی منتشر ہیں۔ اصل سوال یہی ہے کہ ہم کتنی جلدی وہ انقلابی قوت تعمیر کرتے ہیں جو ان تمام بکھری ہوئی مزاحمتوں کو ایک ہمہ گیر طبقاتی تحریک میں بدل سکے اور ان تحریکوں کی قیادت کرتے ہوئے انہیں ایک کامیاب سوشلسٹ میں بدل سکے۔ ہم پاکستان میں ایسی ہی ایک قوت کو تعمیر کر رہے ہیں ہم اس نظام کو بدلنے کی خواہش رکھنے والے تمام محنت کشوں و نوجوانوں کو انقلابی کمیونسٹ پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔