تحریر: قاسم علی (طالبعلم؛ ایس ایم ڈگری کالج، ٹنڈو اللہ یار)

میں نے اپنے اردگرد ایک ایسا معاشرہ دیکھا جہاں ایک طرف لاکھوں بچے تعلیم اور کھیل کے حق سے محروم سڑکوں پر مزدوری کرتے نظر آئے جبکہ دوسری طرف حکمران طبقے کی عیاشیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا۔ ان کے محلات اور عمارات وسیع سے وسیع تر ہوتے جا رہے تھے جبکہ عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی، علاج اور تعلیم جیسی بنیادی ضروریات بھی مشکل سے مشکل معاملہ بنتا جا رہا ہے، اس تضاد نے میرے دماغ میں یہ سوال جنم دیا کہ آخر ایسا معاشرہ کیوں قائم ہے جہاں دولت اور وسائل چند ہاتھوں میں جمع ہوتے جائیں اور اکثریت بنیادی ضروریات سے بھی محروم رہتی ہے؟
ایک اور اہم وجہ یہ تھی کہ میں نے دیکھا کہ جب عام لوگ اپنے بنیادی حقوق، انصاف اور بہتر زندگی کے لیے اجتماعی جدوجہد کرتے ہیں تو اکثر ریاستی طاقت کے ذریعے ان کی آواز دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ عوامی تحریکوں پر کریک ڈاؤن، شہری آزادیوں پر پابندیاں اور ایسے واقعات، جہاں عام شہری ریاستی تشدد کا نشانہ بنتے ہیں میرے ذہن میں یہ سوال پیدا کرتے رہے کہ ریاست اور عوام کے درمیان یہ خلیج کیوں موجود ہے؟ ان واقعات نے مجھے اس بات پر بھی سوچنے پر مجبور کیا کہ کیا ایسا سیاسی اور معاشی نظام ممکن ہے جس میں عام انسان کی جان، عزت اور بنیادی حقوق کو حقیقی اہمیت حاصل ہو؟
اس کے علاوہ، میرے ذہن میں ریاستِ پاکستان کے قیام کا سوال بھی موجود تھا۔ یہ ملک مذہب کے نام پر قائم ہوا، لیکن وقت کے ساتھ میرے ذہن میں دیگر سوال بھی پیدا ہوئے کہ کیا ریاست کے قیام سے آزادی ممکن ہو جاتی ہے؟ ایک ایسی ریاست جہاں مذہب کی بنیاد پر ہندو اقلیتوں کو جبر کا سامنا کرنا پڑے اور قومی، لسانی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر بھی مختلف گروہوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جائے۔ بلوچ، پشتون، کشمیری، شیعہ، احمدی اور دیگر مظلوم پرتوں کے ساتھ ہونے والے متعصبانہ اور جابرانہ سلوک نے مجھے یہ باور کرایا ریاست کے ہوتے ہوئے آزادی ممکن نہیں ہے۔اگر ایک عام انسان غربت، استحصال، طبقاتی تفریق اور بنیادی حقوق سے محرومی کا شکار ہو تو کیا اسے حقیقی آزادی کہا جا سکتا ہے؟ انہی سوالات نے مجھے بھگت سنگھ کی تحریروں اور تقریروں کی طرف متوجہ کیا۔ جب میں نے انہیں پڑھا تو آزادی کے تصور کو ایک نئے زاویے سے سمجھنے کا موقع ملا۔
اسی فکری سفر کے دوران میرا یہ یقین مضبوط ہوا کہ میرے نزدیک حقیقی آزادی محض اقتدار کی تبدیلی کا نام نہیں، بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں استحصال اور طبقاتی تفریق اور ناانصافی کا خاتمہ ہو۔ اسی مقصد کے لیے میں نے سوشلسٹ انقلاب کے نظریے کو اپنے سیاسی سفر کی بنیاد بنایا۔ تاہم میرے نزدیک یہ محض پہلا قدم ہے حتمی مقصد ایک ایسے کمیونسٹ سماج کا قیام ہے جہاں طبقاتی استحصال اور انسان پر انسان کے جبر کا خاتمہ ہو اور ریاست جو طبقاتی جبر کا ایک آلہ ہے بالآخر اپنی ضرورت کھو دے۔ میرے نزدیک اسی عمل کے ذریعے دنیا کو حقیقی معنوں میں ایک انسانی رہائش کے قابل دنیا میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
میرے سیاسی شعور کی تشکیل میں اس مشاہدے کا بھی اہم کردار تھا کہ ملک کی بہت سی روایتی سیاسی جماعتیں عوام کے بنیادی مسائل کے بجائے طاقتور اور سرمایہ دار طبقات کے مفادات کے گرد گھومتی دکھائی دیتی ہیں۔ چونکہ میرا تعلق ایک سیاسی گھرانے سے ہے اس لیے مجھے مختلف نظریات رکھنے والے لوگوں کے درمیان ہونے والی بحثوں کو سننے، ان میں سوال اٹھانے اور اپنے سوالات کے جوابات تلاش کرنے کے مواقع ملے۔
ان مباحثوں کے دوران مجھے قوم پرست اور اسٹالنسٹ نظریات کے حامل افراد سے بھی گفتگو اور بحث کا موقع ملا لیکن وہ میرے بہت سے بنیادی سوالات کے تسلی بخش جوابات نہ دے سکے۔ دوسری جانب لینن اور ٹراٹسکی کے نظریات سے وابستہ انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے اراکین جو رشتے میں میرے کزن بھی ہیں، کے ساتھ تفصیلی بحث و مباحثے کا موقع ملا۔ ان مباحثوں کے نتیجے میں مجھے اپنے بہت سے سوالات کے ٹھوس جوابات ملے جس کے بعد میں نے مارکس، اینگلز، لینن اور ٹراٹسکی کو باقاعدہ طور پر پڑھنا شروع کیا جو اب تک جاری ہے اور ساتھ ہی اس جدوجہد میں عملی طور پر حصہ لیتے ہوئے انقلابی کمیونسٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
میں اس وقت کالج کا طالب علم ہوں اور انٹرمیڈیٹ میں پڑھ رہا ہوں۔ میرے نزدیک میٹرک سے انٹرمیڈیٹ تک کے وہ تمام طلبہ جو اس نظام سے بیزار ہیں اور اسے تبدیل کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ سائنسی انقلابی نظریات سے خود کو مسلح کریں اور آنے والے انقلاب کو سوشلسٹ انقلاب میں تبدیل کرنے کے عمل کا حصہ بنیں۔ اور اسکے لیے انقلابی کمیونسٹ پارٹی سے بہتر کوئی پلیٹ فارم نہیں۔