|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، لاہور|

چند روز قبل جی سی یونیورسٹی میں ہراسمنٹ کے متعلق ایک واقعہ رونما ہوا۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی۔ اس ویڈیو میں ایک طالبہ کی والدہ کی طرف سے شعبہ انگریزی کے اسسٹنٹ پروفیسر محبوب احمد پر اس کی بیٹی کو ہراساں کرنے اور اس کی نازیبا تصاویر اپنے پاس رکھنے اور اسے بلیک میل کر کے پیسے وصول کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اس واقعہ کے خلاف طلبہ کے اندر شدید غم و غصہ پیدا ہوا۔ طلبہ میں موجود اس غصے کو مدنظر رکھتے ہوئے اور طلبہ کے احتجاج کے خوف سے، یونیورسٹی انتظامیہ نے حسبِ معمول ایک فیصلہ کیا ہے کہ یونیورسٹی میں موجود کمیٹیوں کے ذریعے اس واقعے کی تفتیش کی جائے گی۔ ماضی کی طرح یونیورسٹی انتظامیہ کا یہ فیصلہ بھی منافقت پر مبنی ہے۔ جس کی وضاحت ہم آگے چل کر کریں گے۔

ہم اپنے طلبہ ساتھیوں کو یہاں یہ بات واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہراسمنٹ کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں تھا۔ گورنمنٹ کالج لاہور میں اس سے پہلے بھی ایسے بے تحاشا واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ اگر پروفیسر محبوب احمد کے کیس کو ہی دیکھا جائے تو آج سے دو سال قبل پروفیسر محبوب کے خلاف اسی یونیورسٹی کی ایک سابقہ طالبہ نے اس کے آفس میں جا کر اس کی تذلیل کی تھی اور لوگوں کے سامنے اسے بے نقاب کیا تھا۔ اُس وقت بھی یونیورسٹی انتظامیہ اس پروفیسر کو تحفظ فراہم کر رہی تھی۔ لیکن یہ یونیورسٹی کے طلبہ ہی تھے جن کے احتجاج کے دباؤ میں اس درندہ صفت پروفیسر کو معطل کیا گیا تھا اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے واقعہ کی شفاف تحقیق کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔ لیکن کچھ عرصہ بعد وہی درندہ صفت پروفیسر یونیورسٹی میں دوبارہ دندناتا ہوا نظر آیا۔ اس سے کیا یہ ثابت نہیں ہوتا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ محبوب جیسے دیگر ہراسانی کرنے والے پروفیسرز کو نہ صرف تحفظ فراہم کرتی ہے بلکہ ان کو کلین چٹ دے کر یہ اختیار دیتی ہے کہ وہ جسے چاہیں ہراس کر سکتے ہیں اور ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔
ہراسمنٹ اور ریپ کیسز کسی ایک یونیورسٹی کیمپس تک محدود نہیں ہیں بلکہ ملک کے ہر چھوٹا بڑا تعلیمی ادارہ ہراسمنٹ کا گڑھ بن چکا ہے۔ کام کی جگہوں، گھر کے باہر عام جگہوں حتیٰ کہ گھر کے اندر خواتین غیر محفوظ ہیں۔ ایک عالمی سروے کے مطابق پاکستان میں 80% سے زائد خواتین کو اپنی ذندگی میں ہراسمنٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عام طور پر ایسے واقعات بہت کم ہی منظر عام پر آتے ہیں لیکن ماضی میں دو اہم اور بڑے واقعات جو منظر عام پر آئے ان کا ذکر ہم یہاں ضرور کریں گے جس میں سے ایک واقعہ سال 2023ء میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں طالبات کی 5400 سے زائد نازیبا فوٹوز اور ویڈیو کا سکینڈل سامنے آیا تھا۔ اس سکینڈل میں چیف سیکیورٹی آفسر سے لے کر شعبہ مالیات کے انچارج تک شامل تھے۔ دوسرا سال 2024ء میں لاہور میں پنجاب گروپ آف کالج (پی جی سی) کی ایک طالبہ کے ریپ کے بعد اس کے قتل کا واقعہ ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اس بچی کے قاتلوں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کرتے ہوئے انہیں عبرت کا نشانہ بنایا جاتا لیکن ہوا اس کے برعکس۔ جب طلبہ نے اس واقعہ کے خلاف ملک گیر احتجاج کیے اور اپنی طالبہ ساتھی کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا تو کالج کی انتظامیہ سمیت پولیس اور پوری ریاستی مشینری کو ریپسٹوں اور قاتلوں کو تحفظ فراہم کرنے میں لگا دیا گیا اور طلبہ کو گرفتار کیا گیا، انہیں ہراساں کیا گیا، ان کے والدین کو دھمکیاں دی گئیں اور اس کیس کے خلاف طلبہ کے زبردستی جھوٹے بیانات لیے گئے۔
ملک گیر سطح پر ہراسمنٹ کے بے تحاشا واقعات یہ ثابت کرتے ہیں کہ یہ کوئی شخصی مسئلہ نہیں ہے یا محض کسی ایک یونیورسٹی کیمپس کی انتظامیہ کی پالیسی کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک سماجی مسئلہ بھی ہے جس کی بنیاد اس نظام جس میں ہم رہ رہے ہیں، یعنی سرمایہ داری کے اندر موجود ہے۔ جو طبقاتی تفریق، نجی ملکیت (Private Property) پر مبنی ہے اور پدرسری نظامِ (Patriarchy) کی بنیادی وجہ ہے۔ جس میں عورت کو ایک انسان نہیں بلکہ نجی ملکیت یا نجی چیز تصور کیا جاتا ہے جس کا جنسی و صنفی استحصال ایک قانونی اور اخلاقی حق سمجھا جاتا ہے۔
ہراسمنٹ کا سدباب کیسے ممکن ہے؟
ہم پاکستان بھر کے طلبہ کو یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں تعلیمی اداروں کے اندر ماضی میں ہونے والے ہراسمنٹ اور زیادتی کے واقعات اور ان پر انتظامیہ اور ریاست پاکستان کا رد عمل دیکھ کر اس سے سیکھتے ہوئے اپنے اداروں کی انتظامیہ اور ریاست پاکستان کے کسی جھانسے میں نہ آئیں جو ہراسمنٹ کرنے والوں اور طلبہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے والوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ بلکہ خود اپنی طاقت بنیں اور اپنے اداروں، اپنے ڈیپارٹمنٹس میں خود کو منظم کرتے ہوئے طلبہ کی آزادانہ جمہوری طور پر منتخب شدہ کمیٹیاں تشکیل دیں اور طلبہ کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی کمیٹیوں کی قیادت کا انتخاب بھی خود کریں، طلبہ کی یہ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیاں ہر شہر، ہر ادارے، ہر ڈیپارٹمنٹ میں نیچے سے لے کر اوپر تک منظم ہوں۔ تاکہ اس طرح کے واقعات کی بروقت اور شفاف تحقیقات کی جا سکیں اور مجرموں کو نشان عبرت سزا دی جا سکے اور ہراسمنٹ جیسے ناسور کا ملک گیر سطح پر سدباب ممکن بنایا جا سکتا ہے۔