کشمیر کی عوامی تحریک کے ساتھ پی ٹی ایم کا اظہار یکجہتی: انقلابی کمیونسٹ پارٹی ”آزاد“ کشمیر کا مؤقف

|تحریر: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، ”آزاد“ کشمیر|

انقلابی کمیونسٹ پارٹی اور کشمیری محنت کش عوام پشتون تحفظ تحریک کی جانب سے کشمیری عوام کی جاری جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کے پیغام کا دل سے خیر مقدم کرتے ہیں اور ان کے جذبات کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔ پشتون تحفظ تحریک کے پیغام میں درست طور پر یہ نکتہ سامنے لایا گیا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اب محض چند مطالبات یا انتظامی اصلاحات کی جدوجہد نہیں رہی بلکہ یہ اس خطے کے تمام وسائل پر عوام کے جمہوری کنٹرول اور اس خطے پر عوام کی اجتماعی جمہوری حاکمیت کی جدوجہد میں تبدیل ہو چکی ہے۔ یہ بات نہ صرف کشمیر بلکہ اس ملک کے کسی بھی کونے میں ابھرنے والی تحریک کے حوالے سے درست ہے۔ کشمیری اور پشتون محنت کشوں کے مسائل کی نوعیت مختلف ہونے کے باوجود ان مسائل کی وجوہات ایک ہیں اور نہ صرف ان دو خطوں بلکہ پاکستان کے ہر علاقے کے محنت کش عوام کے مسائل اپنی الگ الگ ظاہری صورتوں کے باوجود اس گلے سڑے سرمایہ دارانہ نظام کی ہی پیداوار ہیں۔ کشمیر، پشتونخواہ، بلوچستان، سندھ، گلگت اور پنجاب بھر میں گزشتہ عرصے میں اپنے اپنے الگ مسائل کے حل کی علیحدہ علیحدہ جدوجہدوں سے چند مشترکہ نتائج سامنے آئیں ہیں جن کی بنیاد پر اب ضروری ہو چکا ہے کہ مستقبل کی جدوجہد کے لیے لازمی اسباق اخذ کرتے ہوئے درست راستے کا انتخاب کیا جائے۔

کشمیری محنت کش عوام نے اسی نظام کی حدود و قیود کے اندر رہتے ہوئے اپنے انتہائی بنیادی معاشی حقوق کے حصول کی جدوجہد کا آغاز کیا تھا لیکن گزشتہ پانچ ماہ سے جاری ریاستی جبر نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس نظام کے اندر رہتے ہوئے ان مطالبات کا حصول بھی ممکن نہیں رہا۔ دوسری جانب عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت بھی اس غلط فہمی کا شکار تھی کہ کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور اس کے مسائل کی نوعیت پاکستان کے باقی علاقوں سے مختلف ہے اس لیے ہمیں کسی دوسرے خطے کے محنت کشوں کے ساتھ جڑت بنانے کی ضرورت نہیں ہے لیکن حالیہ جاری ریاستی جبر نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مسائل کی الگ نوعیت ہونے کے باوجود اگر کسی بھی خطے کے محنت کشوں کی تحریک ایک چھوٹے سے علاقے تک محدود رہتی ہے تو حکمران طبقات کے لیے اس تحریک کو جبر کے ذریعے کچلنا نسبتاً آسان ہو جاتا ہے۔ درحقیقت حکمرانوں کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ کسی بھی خطے سے ابھرنے والی تحریک کو اسی خطے تک محدود رکھا جائے اور بدقسمتی سے ان تحریکوں کی قیادت کے تنگ نظر قوم پرستانہ نظریات بھی دانستہ یا غیر دانستہ حکمرانوں کی اس میں معاونت کرتے آئے ہیں۔ درحقیقت ان خطوں میں مسائل کی نوعیت اور فوری و ظاہری وجوہات کا مختلف ہونا یہ ثابت نہیں کرتا کہ یہ خطے ایک دوسرے سے مکمل الگ اور جدا ہیں بلکہ اس کے برعکس یہ فرق ایک ہی بنیادی مظہر، سرمایہ داری نظام کی بھیانک لوٹ مار، ناہمواری، تاریخی نا اہلی اور نامیاتی زوال پذیری کا مختلف شکلوں میں زندہ، ٹھوس اور عملی اظہار ہے۔

کشمیری عوام کی حالیہ تحریک کا کردار قومی نہیں بلکہ واضح طور پر طبقاتی ہے۔ یہ کشمیری محنت کش عوام کی کشمیری حکمران اشرافیہ کی حاکمیت اور لوٹ مار کے خلاف جدوجہد ہے۔ اس طبقاتی لڑائی میں کشمیری حکمران اشرافیہ اپنے آقاؤں کے اشاروں پر کشمیری محنت کش عوام کے قتل عام کے احکامات جاری کرتی ہے۔ کشمیر کی یہ صورتحال باقی خطوں سے یکسر مختلف ہرگز نہیں ہے بلکہ پشتون تحفظ تحریک کی صورتحال بھی ایسی ہی تھی جس میں پشتون حکمران اشرافیہ واضح طور پر اپنے طبقاتی مفادات کے تحفظ کی خاطر اس تحریک کی مخالفت میں ریاست کے ساتھ کھڑی تھی۔ اسی طرح بلوچ یکجہتی کمیٹی کی تحریک کے دوران بھی بلوچ حکمران طبقہ بلوچ محنت کش عوام کے ساتھ نہیں بلکہ حکمران ریاست کے ساتھ کھڑا تھا۔ گلگت، سندھ اور پنجاب میں ملازمین کی تحریکوں میں بھی یہ طبقاتی فرق مکمل طور پر واضح دکھائی دیا۔

اس تحریک نے ایک اور خوش فہمی یا غلط فہمی کو مکمل طور پر دور کر دیا ہے اور وہ ہے اقوام متحدہ یا اسی جیسے عالمی سامراجی اداروں کا کردار۔ اگرچہ انقلابی کمیونسٹوں کے سامنے ان عالمی سامراجی اداروں کا کردار ہمیشہ سے ہی واضح تھا کہ یہ ادارے ایک جانب امریکی سامراج کی عالمی بالادستی کے قیام کا اوزار ہیں اور ان کی پوری تاریخ گواہ ہے کہ کسی بھی خطے کی مظلوم اقوام یا طبقات کو ان کے ذریعے آزادی نہیں ملی مگر کشمیر اقوام متحدہ میں ایک تسلیم شدہ مسئلہ تھا اس لیے بے شمار کشمیریوں اور بالخصوص ایکشن کمیٹی کی قیادت کو یہ خوش فہمی تھی کہ کشمیر میں پاکستانی ریاستی جبر کو رکوانے میں اقوام متحدہ یا دیگر سامراجی ادارے اپنا کردار ضرور ادا کریں گے۔ یہ تمام لوگ گزشتہ چند سالوں کے دوران فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے میں اقوام متحدہ اور دیگر سامراجی اداروں کی بے بسی دیکھ کر بھی یہ سمجھنے سے قاصر رہے کہ ان اداروں کا کردار کیا ہے۔ اگرچہ کمیٹی کی قیادت اور دیگر چند لوگ ابھی بھی ایمنسٹی انٹرنیشنل یا انسانی حقوق کے اہلکاروں کی جانب سے اظہار تشویش کے خطوط کو بہت بڑی کامیابی سمجھنے کی حماقت کر رہے ہیں لیکن تحریک کی سبھی باشعور پرتیں ان سامراجی اداروں کے حقیقی کردار کا درست شعور حاصل کرتی جا رہی ہیں کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد امریکی سامراج کی عالمی بالادستی کے لیے بنائے جانے والے یہ ادارے آج امریکی سامراج کے ساتھ مکمل طور پر ناکارہ اور اس حد تک غیر ضروری ہو چکے ہیں کہ خود ان کا خالق امریکی سامراج بھی اب ان کو ردی کی ٹوکری میں پھینک چکا ہے۔

جہاں تک جمہوری یا معاشی حقوق کی تحریکوں پر ریاست کی جانب سے دہشت گردی کے الزامات عائد کرنے، انہیں ملکی سلامتی کا مسئلہ بنانے اور مذاکرات کی بجائے ریاستی جبر کے ذریعے انہیں کچلنے کے سوال کا تعلق ہے تو یہی وہ بنیاد ہے جس سے درست نتائج اخذ کرنے کی ضرورت ہے۔ ریاست کی یہ حکمت عملی یا مظلوم قومیتوں کی تحریکوں کی جانب ریاست کے رویے کا تعلق اس خطے میں سرمایہ داری نظام اور ریاست کے جنم کے حالات اور اس ریاست کے نامیاتی وجود سے منسلک ہے۔ اس خطے میں سرمایہ داری نظام اپنے جنم سے ہی انتہائی کمزور، سامراجی ممالک کا مطیع اور بد ترین ناہمواری پر مبنی تھا جس میں ریاست کی عملداری میں آنے والے خطوں کو مساوی بنیادوں پر ترقی دینے کی صلاحیت انتہائی محدود یا نہ ہونے کے برابر تھی۔ تکنیکی اور مالیاتی حوالے سے انتہائی پسماندہ اور کمزور ہونے کے باعث اس خطے کے حکمران طبقات اور ریاست سامراجی ممالک اور عالمی منڈی کی اس خطے کے وسائل اور محنت کشوں کی پیدا کردہ دولت کی لوٹ مار کے محافظ کا کردار اختیار کرتے گئے۔ عالمی سطح پر سرمایہ داری نظام کا تیزی سے بڑھتا ہوا زوال اب جہاں ترقی یافتہ ممالک میں جمہوری اور انسانی اقدار کی پامالی کو فروغ دے رہا ہے وہیں پسماندہ ممالک کے حکمرانوں کو اپنی حاکمیت اور اس نظام کے تحفظ کے لیے زیادہ سے زیادہ جبر پر مجبور کر رہا ہے۔ اس لیے اب یہ غلط فہمی بھی دور ہو جانی ضروری ہے کہ اسی نظام کے اندر رہتے ہوئے مذاکرات یا سیاسی عمل کے ذریعے مظلوم محنت کش عوام کے جمہوری یا سیاسی مطالبات حل ہو سکتے ہیں۔

پشتون محنت کش عوام کی جانب سے کشمیری محنت کشوں کی تحریک کے ساتھ یکجہتی کا جذبہ قابل ستائش ہے اور پشتون، سندھی، بلوچ اور کشمیری محنت کشوں کی عملی جڑت کی تجویز بھی کلیدی اہمیت کی حامل ہے اس ایک کمزوری کے ساتھ کہ اس تجویز میں دانستہ یا غیر دانستہ پنجاب کے محنت کشوں کے ساتھ جڑت بنانے کو نظر انداز کر دیا گیا۔ ہمارے خیال میں پاکستان بھر کے محنت کشوں کی ہر تعصب اور تفریق سے بالا طبقاتی جڑت ہی محنت کشوں کی نجات کا واحد راستہ ہے۔ ہم سمجھ سکتے ہیں کہ تمام ایسے خطے جہاں کسی بھی درجے کی قومی محرومی کی سوچ موجود ہے ان خطوں میں ہمیشہ حکمران ریاست اور طبقے کے کردار کو پنجابی استعمار جیسی غلط اصطلاح کے ذریعے بیان کیا جاتا ہے اور باقی علاقوں کے حکمرانوں کو، جو کئی حوالوں سے پنجابی حکمران طبقے سے زیادہ رجعتی اور ظالم ہیں انہیں، حکمران طبقے کی فہرست سے ہی نکال دیا جاتا ہے۔ دوسری جانب یہ سمجھ لیا جاتا ہے کہ پنجاب میں محنت کش طبقہ موجود ہی نہیں یا اگر موجود بھی ہے تو اس کے مظلوم قومیتوں کے حوالے سے عزائم بھی حکمران طبقات جیسے ہی ہیں جو کہ مکمل طور پر غلط تصور ہے۔ مظلوم قومیتوں کے قوم پرست درمیانے طبقے میں یہ سوچ زیادہ پختہ ہے اور انہی کے ذریعے یہ سوچ، جو کسی حد تک پنجاب کے محنت کشوں کے خلاف ایک تعصب کی شکل اختیار کر چکی ہے، ان خطوں میں ابھرنے والی تحریکوں پر بھی حاوی ہو جاتی ہے۔ مختلف خطوں میں علاقائی معاشی یا جمہوری مسائل پر ابھرنے والی ان تحریکوں کی حمایت میں تا حال پنجاب کے محنت کشوں کی جانب سے بڑے پیمانے کی عملی یکجہتی دیکھنے میں نہیں آ سکی اس وجہ سے بھی یہ قومی تعصب زیادہ مضبوط ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ پنجاب میں ان تحریکوں کے ساتھ یکجہتی کے عملی اظہار کی تحریک کا نہ ابھرنا کسی بھی صورت میں یہ ثابت نہیں کرتا کہ پنجاب میں محنت کش طبقے کا وجود ہی نہیں یا پنجاب کے محنت کش طبقے کا کردار بھی سامراجی ہے۔ پنجاب یا سندھ میں ابھی تک کسی بڑی تحریک کے نہ ابھرنے کی وجوہات ایک الگ موضوع ہے جس پر اس تحریر میں تفصیلی بحث ممکن نہیں یہاں صرف اتنا کہہ دینا کافی ہو گا کہ پاکستان کے بڑے صنعتی و تجارتی مراکز (لاہور و کراچی وغیرہ) میں اس ملک کی معیشت و تجارت سمیت عمومی زندگی کا پہیہ چلانے والا وہ محنت کش طبقہ موجود ہے جو اس نظام اور حکمران طبقے سے اتنی ہی نفرت کرتا ہے جتنا کہ کسی بھی دوسرے علاقے کے محنت کش۔ ہمیں پختہ یقین رکھنے کی ضرورت ہے کہ کچھ تاخیر سے ہی سہی مگر پاکستان کا ہر اول محنت کش طبقہ اس نظام کے خلاف فیصلہ کن انداز میں تاریخ کے میدان میں ضرور اترے گا۔ دوسری جانب جن خطوں میں وقفے وقفے سے تحریکیں ابھرتی رہی ہیں ان خطوں کی تحریکیں بھی ایک دوسرے کے ساتھ عملی یکجہتی کو فروغ دینے میں ابھی تک ناکام رہی ہیں۔ ان خطوں کے مظلوموں کے کچھ حصے محض ریاستی جبر کا شکار ہونے یا مظلوم ہونے کے باعث ایک دوسرے کے ساتھ قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے بارے میں سوچ رہے ہیں جو کہ ایک خوش آئند قدم ہے۔ لیکن اس یکجہتی کو عملی طور پر قومی نہیں بلکہ طبقاتی بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے اور تمام مظلوم قومیتوں کے انقلابیوں کو یہ سمجھنا ہو گا کہ ہر قوم کا حکمران طبقہ ظالم، رجعتی اور آخری درجے کی عوام دشمن مخلوق ہے۔ اگر کسی کو اس بارے میں رتی برابر بھی شک و شبہ ہے تو وہ کشمیر کے حکمرانوں کا کردار دیکھ لے۔

اگرچہ پشتون تحریک واحد ایسی تحریک تھی جسے اپنے عروج پر پنجاب سمیت پورے ملک سے بھر پور عملی ہمدردی اور یکجہتی حاصل ہونے کے عمل کا آغاز ہو چکا تھا۔ اس وقت یہ ضروری تھا کہ پشتون تحریک کو پورے ملک کے مظلوم محنت کشوں کی تحریک میں تبدیل کرنے کے لیے اس کے پروگرام کو وسعت دی جاتی اور پاکستان کے کروڑوں محنت کشوں کی نجات کا پروگرام اپناتے ہوئے آگے بڑھا جاتا لیکن پشتون تحریک کی قیادت کی جانب سے ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا جس کے باعث یہ تاریخی موقع ضائع کر دیا گیا۔ اسی طرح کشمیر کی حالیہ تحریک کے دوران بھی ریاستی جبر، ناکہ بندی اور معصوم عوام کے قتل عام کے خلاف پورے پاکستان کے محنت کشوں میں اس تحریک کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کے جذبات موجود تھے اور راولپنڈی کے گرد و نواح کے محنت کش عوام نے اس ریاستی ناکہ بندی کو توڑنے کے لیے انتہائی جراتمندانہ جدوجہد بھی کی لیکن ایکشن کمیٹی کی قیادت کی جانب سے اس یکجہتی کو وسعت دینے کے لیے گزشتہ تین سالوں کے دوران اور تحریک کے اس مرحلے پر بھی کوئی درست اقدام نہیں کیا گیا۔ ایکشن کمیٹی کی قیادت اپنے اصلاح پسندانہ نظریات کے باعث حکمران طبقات کے ایک یا دوسرے افراد کے بیانات کو زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش کرتی رہی اور انہی سے اپیلیں کرتی رہی۔ اس یکجہتی کو وسعت اور عملی شکل دینے کے لیے ضروری تھا کہ کشمیری محنت کشوں کی تحریک کے مطالبات کو وسعت دیتے ہوئے اسے پاکستان بھر کے محنت کشوں کی نجات کے پروگرام میں تبدیل کیا جاتا اور اس انقلابی پروگرام پر جدوجہد کو آگے بڑھایا جاتا۔ لیکن قیادت کے اصلاح پسندی اور قومی تنگ نظری کے نظریات نے تحریک کو محدود کر دیا اور یہ موقع بھی ضائع کر دیا۔ اسی قسم کے یا اسی سے ملتے جلتے تجربات پاکستان کے مختلف علاقوں کی تحریکوں کے مشترکہ اسباق ہیں۔

انہی تجربات کی بنیاد پر اور ایشیا سے یورپ اور امریکہ تک اس نظام کے خلاف ابھرنے والی محنت کشوں کی عظیم بغاوتوں کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ اب اس سرمایہ داری نظام کے اندر رہتے ہوئے کسی بھی خطے کے محنت کشوں کے مسائل حل نہیں ہو سکتے بلکہ معروضی طور پر اس نظام کے خاتمے کے حالات عالمی سطح پر پختہ ہو چکے ہیں۔ اس نظام کے خاتمے میں تاخیر کی واحد وجہ ان ابھرنے والی انقلابی بغاوتوں کو درست نظریات، پروگرام اور قیادت کا میسر نہ آنا ہے۔ سرمایہ داری نظام کو صرف کمیونزم کے انقلابی نظریات اور پروگرام پر کاربند بالشویک نظم و ضبط کی حامل ایک بین الاقوامی انقلابی پارٹی کے ذریعے ہی اس کرہ ارض سے اکھاڑ کر پھینکا جا سکتا ہے۔ کمیونزم کے سائنسی نظریات اور طبقاتی پروگرام پر انقلابی کمیونسٹ انٹرنیشنل کی قوتوں کی تیزی سے تعمیر ہی ان ابھرنے والی تحریکوں کو حتمی فتح دلانے کی ضمانت فراہم کر سکتی ہے۔ ہم پشتون محنت کشوں کی جانب سے یکجہتی اور جڑت کے لیے بڑھائے جانے والے ہاتھ کو گرمجوشی سے تھامتے ہوئے ان سے یہ اپیل کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ یکجہتی اور جڑت کے اس عمل کو طبقاتی بنیادوں پر پورے پاکستان کے محنت کشوں تک وسعت دینا ہم سب کا مشترکہ انقلابی فریضہ ہے۔ آئیے پاکستان بھر میں انقلابی کمیونسٹ انٹرنیشنل کی تعمیر کے کام کو تیزی سے آگے بڑھائیں اور دنیا بھر کے محنت کشوں کے ساتھ طبقاتی جڑت بناتے ہوئے سرمایہ داری نظام کے خاتمے کی جدوجہد کو فتح سے ہمکنار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

دنیا بھر کے محنت کشو، ایک ہو جاؤ!
سچے جذبوں کی قسم آخری فتح محنت کشوں کی ہو گی!