|رپورٹ:انقلابی کمیونسٹ پارٹی، شمالی وزیرستان|

شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں گزشتہ ایک ہفتے سے فوجی آپریشن جاری ہے۔ مقامی آبادی شدید خوف و ہراس اور اذیت ناک صورتِ حال سے دوچار ہے۔ تمام راستے بند ہیں، کرفیو نافذ ہے اور لوگ اپنے ہی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ خوراک اور روزمرہ ضروریات کی قلت پیدا ہو رہی ہے، جبکہ بیماروں، بچوں، بزرگوں اور خواتین کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ لوگوں کے لیے نہ باہر نکلنے کا راستہ ہے اور نہ ہی معمولاتِ زندگی جاری رکھنے کی آزادی موجود ہے۔
مقامی آبادی ایک طرف طالبان کی دہشت گردی کا نشانہ بن رہی ہے جنہیں امریکی سامراج اور پاکستانی ریاست نے ہی تخلیق کیا تھا اور یہ عفریت گزشتہ چار دہائیوں سے اس پورے خطے کو آگ اور خون میں دھکیل رہا ہے جبکہ دوسری طرف اس عفریت کیخلاف کیے جانے والے فوجی آپریشن اور سامراجی جنگیں ہیں جنہوں نے اس پورے خطے کو برباد کر دیا ہے۔ اس سے پہلے بھی کئی فوجی آپریشن کیے گئے ہیں اور امریکی سامراج کی جانب سے اپنی لوٹ مار اور سامراجی مقاصد کے لیے اس خطے میں دو دہائی تک سامراجی جنگ بھی مسلط کی گئی لیکن اس کے باوجود سامراجی طاقتوں کی پیدا کردہ دہشت گردی ختم ہونے کی بجائے بڑھتی رہی ہے اور دہشت گردی اوراس کیخلاف ہونے والے فوجی آپریشنوں میں عام عوام کا جانی اور مالی نقصان ہی ہوتا رہا ہے۔امریکی سامراج اور پاکستانی ریاست نے ان دہشت گردوں سے کئی دفعہ مذاکرات اور سمجھوتے بھی کیے ہیں اورکئی مواقع پر یہ دشمن ایک دوسرے کے اتحادی بھی رہے ہیں۔ درحقیقت یہ تمام قوتیں عوام کی دشمن ہیں اور ان کے مفادات سرمایہ دارانہ نظام کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ اسی لیے سرمایہ دارانہ نظام کے رہتے ہوئے اس مسئلے کا کوئی حل موجود نہیں اور اس فساد کی جڑ یعنی سرمایہ داری کو ختم کرنے کے لیے کوئی منظم قوت ابھی تک موجود نہیں۔
اطلاعات کے مطابق میر علی میں بھاری فوجی مشینری، ٹینک اور بڑی تعداد میں اہلکار شہری آبادیوں کے درمیان تعینات ہیں۔ گھروں، تعلیمی اداروں اور مساجد کے آس پاس فوجی سرگرمیوں نے خوف و دہشت کی فضا پیدا کر رکھی ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر اس نام نہاد امن کی قیمت ہمیشہ عام شہری ہی کیوں ادا کریں؟ ان بچوں کا کیا قصور ہے جن کے اسکول بند ہیں؟ ان مزدوروں کا کیا قصور ہے جن کا روزگار چھن گیا ہے؟ ان خاندانوں کا کیا قصور ہے جنہیں خوراک، علاج اور بنیادی انسانی ضروریات تک رسائی حاصل نہیں؟
وزیرستان کی تاریخ گواہ ہے کہ یہاں کے عوام نے برطانوی سامراج سے لے کر آج تک مختلف ادوار میں بیرونی تسلط، ریاستی جبر اور فوجی مداخلت کا سامنا کیا ہے۔ آج بھی طاقت کے ذریعے عوام کی زندگیوں، آزادیوں اور اجتماعی وجود کو کنٹرول کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایک طرف صوبے میں گورنر راج مسلط کر دیا گیا ہے اور جو لولی لنگڑی جمہوریت اس ظالمانہ نظام کی حدود میں موجود تھی اس کا بھی خاتمہ کر دیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف ریاستی جبر کو بڑھایا جا رہا ہے۔
ایک طرف مہنگائی، بیروزگاری اور غربت میں تیز ترین اضافہ ہو رہا ہے اور عوام کی اکثریت کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو چکاہے جبکہ دوسری طرف ریاست کے داخلی بحران اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث دہشت گردی کا عفریت بھی بے قابو ہو چکا ہے۔پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے عوام کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں اور دہشت گردوں کو روکنے والا کوئی نہیں جبکہ دوسری جانب ان فوجی آپریشنوں سے بھی دہشت گردی ختم ہونے کی بجائے بڑھتی ہے جبکہ عوام کی اذیت میں کئی گنا اضافہ ہوجاتا ہے۔
خیبر پختونخوا کی صورتِ حال پہلے ہی انتہائی تشویش ناک ہے۔ آئے روز کہیں دھماکے، کہیں فوجی کاروائیاں اور کہیں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سامنے آتے ہیں۔ کبھی بنوں میں پولیس پر حملے کی خبریں موصول ہوتی ہیں، کبھی کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بدامنی کے واقعات دیکھنے کو ملتے ہیں، جبکہ شمالی وزیرستان سمیت مختلف علاقوں کے عوام مسلسل خوف اور عدم تحفظ کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ آخر کب تک اس خطے کے عوام جنگ، دہشت گردی، فوجی آپریشن، نقل مکانی اور معاشی تباہی کا بوجھ اٹھاتے رہیں گے؟ کیا یہاں کے لوگوں کا مقدر صرف لاشیں اٹھانا، گھر چھوڑنا اور خوف کے سائے میں زندگی گزارنا رہ گیا ہے؟
یہ صرف پختونخواہ کا مسئلہ نہیں بلکہ ریاست کا بحران سماج کے ہر حصے کو اذیت میں مبتلا کر رہا ہے۔ یہ محنت کشوں، کسانوں، طلبہ، خواتین، مظلوم قومیتوں اور تمام محکوم انسانوں کا مسئلہ ہے۔ ریاستی جبر، فوجی آپریشن، جبری نقل مکانی، معاشی محرومی اور قدرتی وسائل پر عوام کے جمہوری اختیار کو ختم کرنا ایک ایسے استحصالی نظام کی عکاسی کرتا ہے جس میں طاقت اور وسائل چند مقتدر طبقات کے ہاتھوں میں مرتکز ہیں، جبکہ اس کی قیمت عام انسان اپنی جان، روزگار، تعلیم اور مستقبل کی صورت میں ادا کرتا ہے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ ان حالات کا مستقل حل روایتی سیاست دانوں کے کھوکھلے وعدوں میں ہے نہ ان قوم پرست قیادتوں کے دعووں میں جو سرمایہ دار طبقے اور سامراجی طاقتوں کی غلامی کرتے آئے ہیں۔درحقیقت سرمایہ دارانہ نظام کے رہتے ہوئے امن قائم نہیں ہو سکتا۔ جب تک ان حالات کی بنیادی وجوہات، ریاستی جبر، طبقاتی استحصال، معاشی ناانصافی اور وسائل پر چند طاقتور طبقات کے قبضے کو ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ختم نہیں کیا جاتا، تب تک پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔
اس مقصد کے حصول کے لیے محنت کش عوام کو سرمایہ داروں اور ان کے مقامی گماشتوں کیخلاف خود منظم ہونا ہوگا اور خود کو انقلابی نظریات سے لیس کرنا ہوگا۔مقامی سطح پر عوامی ایکشن کمیٹیاں بنا کر اس جدوجہد کا آغاز کیا جا سکتا ہے جن میں حکمران طبقے کی تمام سیاسی پارٹیوں کو ردکیا جائے اور مزدور یونینوں اور ملازمین کی تنظیموں کے ساتھ مل کر محنت کش عوام کی منتخب قیادت تشکیل دی جائے۔
ہم خیبر پختونخوا سمیت پورے پاکستان کے محنت کش عوام، کسانوں، طلبہ، نوجوانوں اور باشعور شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان مسائل کو محض کسی ایک خطے کا مسئلہ سمجھ کر نظرانداز نہ کریں۔ ہمیں اپنی اجتماعی طاقت کو پہچاننا ہوگا،انقلاب کے لیے منظم ہونا ہوگا اور اپنے حقوق، آزادی اور بہتر مستقبل کے لیے ایک مشترکہ، منظم اور پُرامن عوامی جدوجہد تعمیر کرنا ہوگی۔ اپنی تقدیر بدلنے کا اختیار عوام کے اپنے ہاتھوں میں ہونا چاہیے، نہ کہ ان قوتوں کے پاس جو نسل در نسل عوام کو جنگ، غربت اور محرومی میں دھکیلتی آئی ہیں۔
ہمیں معلوم ہے کہ آج طاقت، اسلحہ، وسائل اور ریاستی مشینری حکمران طبقے کے پاس ہے۔ وہ راستے بند کر سکتے ہیں، گھروں کا محاصرہ کر سکتے ہیں، لوگوں کی نقل و حرکت محدود کر سکتے ہیں اور ان کی آواز دبانے کی کوشش کر سکتے ہیں، لیکن عوام کے بنیادی حقوق، آزادی اور انصاف کی خواہش کو ہمیشہ کے لیے ختم نہیں کر سکتے۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ میرعلی میں جاری فوجی کارروائی فوری طور پر روکی جائے، شہری آبادی کا محاصرہ ختم کیا جائے، خوراک، ادویات اور بنیادی ضروریات کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے، زخمیوں اور بیماروں کو طبی امداد تک رسائی دی جائے، تعلیمی اداروں اور عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت بحال کی جائے۔ کسی بھی مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔
انہی مطالبات کے گرد فوری طور پر عوامی ایکشن کمیٹیوں کے اجلاس بلاتے ہوئے منظم ہونے کا عمل شروع کرنا ہوگا۔ جہاں دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے منظم عوامی قوت کا ہونا ضروری ہے وہاں ریاستی جبر اور اس کے ہاتھوں عوام کے جانی و مالی نقصان کیخلاف تحریک کا آغاز کرنے میں ان کمیٹیوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ان کمیٹیوں میں کسی بھی سرمایہ دار یا اس کے گماشتے کو داخل ہونے پر پابندی لگانا ہو گی اوردوسری طرف حکومت اور اس کے تمام نمائندوں پر مکمل عدم اعتماد کرنا ہوگا۔
ان کمیٹیوں کو تمام متاثرہ علاقوں میں پھیلاتے ہوئے ایک عام ہڑتال کی تیاری کرنی ہوگی اور پورے خطے کے محنت کشوں سے اپنے مطالبات کے ساتھ ہڑتال میں شمولیت اور یکجہتی کی اپیل کرنی ہوگی۔اس لڑائی میں صرف محنت کش عوام کی یکجہتی پر ہی اعتماد کیا جا سکتا ہے اور محنت کش طبقہ ہی اس نظام میں وہ واحد طاقت ہے جو اس دہشت گردی کے مسئلے سمیت تمام مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔قومی جبر کے خاتمے سے لے کر معاشی انصاف، خوشحالی اور ترقی صرف اسی وقت ممکن ہے جب اقتدار سرمایہ دار طبقے سے چھین کر مزدور طبقے کو منتقل کر دیا جائے۔اسی منزل کے حصول کے لیے جدوجہد کا آغاز کرنا آج وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
سرمایہ داری مردہ باد!
قومی جبر مردہ باد!
دنیا بھر کے محنت کشو ایک ہو جاؤ!