فلسطین -اسرائیل تنازعہ کی تاریخ (1993-1948ء)

|تحریر: فرانچیسکو مرلی، ترجمہ: ولید خان|

ٹراٹسکی نے 1940ء میں خبردار کیا تھا کہ یورپ میں ”یہودی مسئلے“ کو فلسطینیوں کی بے دخلی کے ذریعے حل کرنے کی کوشش ایک ”خونی شکنجہ“ بن جائے گی۔ آج بھی یہ الفاظ درست ہیں۔ لیکن فلسطین-اسرائیل کی حقیقی تاریخ جھوٹ کے پہاڑ تلے دبا دی گئی ہے۔ اس مضمون میں فرانچیسکو مرلی تفصیل سے سامراجی اقوام کی خفیہ چالوں اور سمجھوتوں کو بے نقاب کرتے ہیں جنہوں نے تاریخی فلسطین کے بٹوارے کی راہ ہموار کی۔ تاریخ کا یہ باب حکمران طبقے کی تنگ نظری کی بہترین مثال ہے جس نے تشدد اور تنزلی کا ایسا پنڈورا باکس کھولا جو آج تک اس زمین کو تاراج کرر ہا ہے۔ اس مضمون میں صیہونیت کے آغاز سے اسرائیل کے قیام، چھ روزہ جنگ، پہلی انتفادہ اور اوسلو معاہدے 1993ء کی دھوکے بازی تک کا احاطہ کیا گیا ہے۔

انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

پچھلے سو سالوں سے مشرق وسطیٰ سامراجی قوتوں کی کئی فیصلہ کن چالوں میں شطرنج کی بساط بنا رہا ہے۔ اس خطے کی اہمیت انیسویں صدی تک ثانوی تھی لیکن آج پوری دنیا اس کی اہمیت سے واقف ہے۔۔ مشرق وسطیٰ کی زمین کے نیچے کرہ ارض کا سب سے بڑا تیل کا ذخیرہ موجود ہے۔ کئی تزویراتی، سیاسی اور تاریخی وجوہات نے فلسطین کو مشرق وسطیٰ میں تناؤ کا مرکز بنا رکھا ہے۔ ایک طویل عرصہ سے جاری سلطنت عثمانیہ کے انحطاط کو جولائی 1908ء میں رونما ہونے والے ”جوان ترک“ (Young Turk) انقلاب نے اچانک مہمیز دی لیکن یہ عمل پہلی عالمی جنگ میں سلطنت کی شکست کے بعد ہی اپنے منطقی انجام تک پہنچا۔اس سے پہلے انیسویں صدی کے دوران سلطنت نے اپنے متعدد یورپی صوبوں کا کنٹرول کھو دیا تھا۔ اس عرصہ میں برطانیہ اور فرانس نے شمالی افریقہ کے کئی حصوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ فرانس نے 1830ء میں الجیریا اور 1881ء میں تیونس پر قبضہ کر لیا تھا۔ برطانیہ نے 1882ء میں مصر اور سوڈان پر فوج کشی کی۔ اٹلی جیسی ثانوی قوت نے بھی سلطنت کی بندر بانٹ میں حصہ لیتے ہوئے 1911ء میں لیبیا پر قبضہ کر لیا۔نوجوان ترک حکومت مرکزی قوتوں، جرمنی اور آسٹریا-ہنگری، کے ساتھ پہلی عالمی جنگ میں داخل ہوئی۔ جنگ کے اختتام سے بہت عرصہ پہلے برطانیہ اور فرانس نے ایک سمجھوتہ کر لیا تھا کہ فتح کے بعد اس سلطنت کے حصے بخرے کیسے کرنے ہیں۔

دنیا میں دیوہیکل پیمانے کی کالونیوں پر حکومت کے عادی برطانیہ اور فرانس نے سمجھوتہ کیا کہ جغرافیائی نقشوں پر من مانی لکیریں کھینچ کر کچھ مصنوعی ریاستیں تخلیق کی جائیں۔ اس سمجھوتے کو جنوری 1916ء میں خفیہ سائکس۔پیکوٹ معاہدہ (Sykes-Picot Agreement) (اس میں روس اور اٹلی کی حمایت شامل تھی) کے تحت حتمی شکل دی گئی۔ نومبر 1917ء میں بالشویکوں نے اس معاہدے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انقلاب کے فوری بعد چھاپ کر ساری دنیا میں پھیلا دیا۔ سامراجیوں کے اوسان خطا ہو گئے۔ لیکن جنگ کے بعد بٹوارہ ویسے ہی ہوا جیسے سائکس۔پیکوٹ معاہدے میں طے ہوا تھا۔ فرانس نے شام اور لبنان پر قبضہ کر لیا۔ برطانیہ کا میسوپوٹیمیا (جدید عراق) اور فلسطین پر مینڈیٹ جبکہ ٹرانس جارڈن (جو اب اردن کہلاتا ہے) کی کٹھ پتلی بادشاہت پر مکمل اثرو رسوخ بھی تسلیم کر لیا گیا۔ برطانوی سامراج نے سفاکی سے ایک عرب وطن کے لیے عرب قوم پرستوں کی امیدوں کو اکسایا تھا۔ اس حوالے سے مصر میں موجود برطانوی ہائی کمیشنر سر ہنری میک میہون اور شریف مکہ حسین بن علی کے درمیان خط و خطابت میں مذاکرات بھی طے ہوئے جن کے تحت بدلے میں جنگ میں عرب حمایت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ سلطنت عثمانیہ کے خلاف عرب بغاوت نے سلطنت کے خاتمے میں ایک کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ لیکن برطانوی سامراجیوں کو اپنے وعدوں کی پاسداری کا کوئی شوق نہیں تھا اور ان کی دلچسپی اپنے حلقہ اثر و رسوخ کی وسعت تھی۔ عرب قوم پرست شعور کی اٹھان ان کے سامراجی مفادات کے لیے ایک تزویراتی خطرہ تھا۔

یہودی سوال اور صیہونیت

فلسطین میں یہودی ہجرت کی تاریخ اور انیسیویں صدی کے اختتام پر صیہونی تحریک کے آغاز کا آپس میں بہت قریبی تعلق ہے۔ اس وقت تک فلسطین میں چند ہزار یہودی رہا کرتے تھے جو زیادہ تر شہری آبادیوں میں مرتکز تھے۔ ایک کلیدی تاریخی مرحلہ روسی سلطنت میں خفیہ پولیس کے ہاتھوں یہودی اقلیت کے قتل عام کا پروگرام تھا کیونکہ انہیں 1881ء میں زار الیکسینڈر دوم کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔پیشہ ور اشتعال انگیزوں کے ذریعے مشتعل ہجوموں کو یہودی آبادیوں میں گھسا کر شدید لوٹ کھسوٹ اور حملے کیے جا رہے تھے۔ قتل عام، مار پٹائی، ریپ، سرعام پھانسیوں، ذرائع آمدن اور پراپرٹی کی تباہی و بربادی کی دہشت زدہ مہمات کے نتیجے میں ہزاروں لاکھوں یہودی روس اور یوکرین سے بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ اس سے زیادہ بڑی مہمات 1903-06ء کے عرصہ میں جاری رہیں اور ان سے بھی بڑی مہمات 1917ء اور 1921ء میں بالشویک انقلاب کے بعد ہونے والی خانہ جنگی کے دوران رجعتی سفید افواج نے مسلط کیں۔

انیسویں صدی کے آخر میں ایک اور واقعہ نے ہیجان پیدا کر دیا۔ 1894-95ء میں ایک فرانسیسی یہودی افسر الفریڈ ڈریفس کو غداری کے جھوٹے کیس میں سزا سنائی گئی۔ اس کا کیس فرانس میں یہود مخالفت لہر کی بنیاد بن گیا۔ ”ڈریفس معاملہ“ (Dreyfus affair) نے ایک نفیس یہودی بورژوا دانشور، تھیوڈور ہرزل (1860-1904ء) کو صیہونی بنا دیا۔ ہرزل نے ”یہودی ریاست“ (The Jewish State) لکھی جو کورٹ کیس کے بعد صیہونیت کا سیاسی مینی فیسٹو بن گئی۔ ہرزل صیہونی تحریک کا مرکزی منتظم اور نظریہ دان بن گیا اور اس نے اس تحریک کو ایک عالمی قوت میں تبدیل کر دیا۔ اس نے وہ حکمت عملی ترتیب دی جس کے نتیجہ میں یہودیوں کی بھاری اکثریت نے یورپ سے فلسطین ہجرت کی۔ اس نے نتیجہ اخذ کیا کہ یورپ میں یہودی مخالفت جذبات کو صیہونی پراجیکٹ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے مطابق یہ ایک ایسا اوزار تھا جو سیکولر یہودیوں پر طاری جمود پر دباؤ ڈال سکتا تھا۔

”ڈریفس معاملہ“ (Dreyfus affair) نے ایک نفیس یہودی بورژوا دانشور، تھیوڈور ہرزل (1860-1904ء) کو صیہونی بنا دیا۔

یعنی صیہونی سیاسی پراجیکٹ کی بنیاد یہ تھی کہ یورپی ریاستی سربراہان اور وزراء (جو اکثر شدید یہودی مخالف تھے) کو قائل کیا جائے کہ فلسطین میں یہودی ہجرت ان کے لیے سنہری موقع ہے۔ ایک طرف یہودی مسئلے سے جان چھڑائی جائے اور دوسری جانب فلسطین میں ایک یہودی ریاست عظیم قوتوں کے لئے ”ایشیائی بربریت کے خلاف یورپی تہذیب کی ایک سرحدی چوکی“ کے طور پر کارآمد ثابت ہو سکتی ہے۔ اپنی ابتداء سے صیہونی پراجیکٹ کو کسی ایک مرکزی سامراجی قوت کی سرپرستی درکار تھی تاکہ کامیابی کی ضمانت ہو۔ ہرزل نے اعلانیہ عثمانی حکام کو یقین دلایا تھا کہ یہودی ہجرت مادی طور پر سلطنت کے لیے مفید ثابت ہو گی تاکہ اس کام میں عثمانی حکام کی مدد شامل رہے۔ لیکن نجی طور پر وہ اقرار کرتا تھا کہ فلسطینیوں کی بے دخلی اور زمین پر قبضے کے بغیر ایک یہودی ریاست ناممکن ہے۔ 1895ء میں ہرزل نے اپنی ڈائری میں لکھا کہ ”ہمیں نرمی سے قبضہ کرنا ہے۔۔۔ ہم غریب عوام کو سرحد پار ممالک میں نوکریاں دلوا کر بھیجنے کی کوشش کریں گے جبکہ اپنے ملک میں ہم ان کو کوئی نوکری نہیں دیں گے۔۔۔ قبضہ گیری اور غرباء کی نقل مکانی، دونوں عوامل سمجھدار اور محتاط ہونے چاہیے“ (اس کی بی۔ مورس نے ”نیک شکار“ (Righteous Victims) میں نقل کی ہے)۔ صیہونی رجعتی یوٹوپیا کے قیام نے فلسطین کو میدان جنگ بنا دیا اور فلسطینیوں کی زندگیاں (یہودی آبادکاروں سمیت) جہنم بنا دیں۔ اس کے رجعتی نتائج آج تک اثر انداز ہیں۔ لیکن بیسیویں صدی کے آغاز میں صیہونی تحریک ایک چھوٹی اقلیت تک محدود تھی جس میں مٹھی بھر یہودی بورژوازی، پیٹی بورژوازی، دانشور اور سرپرست شامل تھے۔

عرب قوم پرست شعور کا ارتقاء

صیہونی قیادت کو مسلسل خطرہ تھا کہ عرب محنت کش اپنے استحصال کے خلاف منظم ہو جائیں گے۔ ایک اور خوف یہ تھا کہ ایک عرب قومی شعور کا ارتقاء صیہونی نوآبادیاتی پراجیکٹ کے خلاف عرب عوام کو متحد کر دے گا۔ عرب قومی شعور کی بیداری 1880ء کی دہائی میں شروع ہوئی۔ 1908ء کے نوجوان ترک انقلاب نے سلطنت عثمانیہ میں موجود تمام اقوام کے سینوں میں آزادی کی آگ بھڑکا دی۔ نئی حکومت کی ترک قوم پرستی کی جانب رغبت نے تیزی سے سلطنت کی تمام اقوام میں قومی شعور کو تیز تر کر دیا جن میں خاص طور پر عرب شامل تھے۔ عرب جغرافیائی طور پر جدید عراق سے مراکش تک پھیلے ہوئے تھے جن کی ایک مشترکہ زبان اور روایات تھیں۔ فلسطین میں یہ عمل اور بھی شدید تھا کیونکہ یہودی ہجرت کے اثرات کے نتیجے میں چپقلش تیزی سے بڑھ رہی تھی۔ آبادکاروں کی خریدی ہر زمین کا مطلب فلسطینی کسانوں کی خودکار بے دخلی تھی۔ ان کی اکثر یت کو معلوم ہی نہیں ہوتا تھا کہ غیر حاضر مالکان نے زمین کو زیادہ قیمت کے لالچ میں نوواردوں کے ہاتھوں بیچ دیا ہے۔

1908ء کے نوجوان ترک انقلاب نے سلطنت عثمانیہ میں موجود تمام اقوام کے سینوں میں آزادی کی آگ بھڑکا دی۔

تاریخ دان بینی مورس کے مطابق، 1929ء میں زمین کی اوسط قیمت 5.3 فلسطینی پونڈ فی دونم (1 دونم: 0.247 ایکڑ۔ مترجم) سے بڑھ کر 1935ء میں 23.3 فلسطینی پونڈ ہو چکی تھی۔ 1944ء میں زمین کی قیمت 1910ء کے مقابلے میں 50 گنا زیادہ ہو چکی تھی۔ آبادکار عربی نہیں بولتے تھے، انہیں مقامی تہذیب اور روایات کی کوئی سمجھ نہیں تھی اور کئی اثناء میں انہیں اس کی پرواہ بھی نہیں تھی۔ اس لئے وہ قدیم روایات، مشترکہ زمینوں، چراہ گاہوں اور سب سے بڑھ کر پانی کی رسائی؛ سب کچھ پامال کر رہے تھے۔ کچھ عرصہ میں فلسطینیوں کو آشکار ہونا شروع ہو گیا کہ آبادکاروں کی مسلسل آمد ایک بہت بڑا خطرہ بن رہی ہے۔

بالفور اعلامیہ (The Balfour Declaration)

برطانوی سامراج کے حکمت کاروں کو دلچسپی پیدا ہو گئی۔ انہیں اندازہ تھا کہ مشرق وسطیٰ میں سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد برطانیہ کے منصوبوں کی تکمیل میں صیہونی پراجیکٹ ایک کارآمد اوزار ثابت ہو سکتا ہے۔ 2 نومبر 1917ء کو برطانوی حکومت کی جانب سے اس دلچسپی کے حوالے سے لارڈ بالفور نے لارڈ رروتسشیلد اور صیہونی فیڈریشن کو ایک خط لکھا۔ اعلامیہ میں واضح درج ہے کہ:

”بادشاہ سلامت کی حکومت فلسطین میں یہودی قوم کے لئے ایک وطن کے قیام کو ہمدردی کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس مقصد کی تکمیل میں معاونت کی جائے گی۔ یہ واضح رہے کہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا جائے گا جو فلسطین میں موجود غیر یہودی آبادیوں کے شہری اور مذہبی حقوق یا کسی اور ملک میں موجود یہودیوں کے حقوق اور سیاسی مقام کے منافی ہو“۔

سرمایہ دارانہ بنیادوں پر صدیوں سے ظلم و جبر کے شکار یہودیوں کے لئے نام نہاد ”حل“ نے ناگزیر طور پر ”فلسطینی سوال“ کو بھڑکا دیا۔

اس اعلامیہ میں موجود شرط یہ وضاحت کرنے کے لیے کافی ہے کہ اس وقت بھی برطانوی سامراجی اچھی طرح جانتے تھے کہ ان کی حمایت کا کیا مطلب ہے۔ سرمایہ دارانہ بنیادوں پر صدیوں سے ظلم و جبر کے شکار یہودیوں کے لئے نام نہاد ”حل“ نے ناگزیر طور پر ”فلسطینی سوال“ کو بھڑکا دیا۔ 1923ء میں ایک رائٹ ونگ صیہونی ولادیمیر جابوتنسکی نے ”آہنی دیوار“ کے نام سے اپنا مینی فیسٹو لکھا۔ اس نے بالفور اعلامیہ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے بحث مباحثہ کیا کہ فلسطینیوں کو ”یہودیوں سنگینوں کی آہنی دیوار“ کے ذریعے مطیع کیا جائے اور اس میں ”برطانوی سنگینیں“ بھی شامل ہوں۔ اس کے خیال میں صیہونی پراجیکٹ کی زندگی کے لیے برطانوی سامراج کی سرگرم حمایت اور سرپرستی لازم تھی۔ سلطنت عثمانیہ کے انہدام اور فلسطین پر برطانوی مینڈیٹ کے بعد یہ حمایت حقیقت میں بدل گئی۔ برطانوی حکمرانی میں صیہونیوں کو ایک نیم ریاست تعمیر کرنے کی اجازت مل گئی، یہودی ایجنسی ایک ابتدائی حکومت تھی، یہودی قومی فنڈ کے ذریعے فنانس کی ترسیل اور زمینوں کی خرید جاری تھی اور سب سے اہم ایک یہودی ملیشیا ہاگانا منظم کی جا رہی تھی۔

پہلی عالمی جنگ کے آغاز پر بھی فلسطین میں محض 60 ہزار یہودی موجود تھے۔

لیکن پہلی عالمی جنگ کے آغاز پر بھی فلسطین میں محض 60 ہزار یہودی موجود تھے جبکہ 1908ء سے جاری زمین کی خرید کل زمین کا محض 1.5 فیصد تھی۔ 1920ء میں فلسطین پر برطانوی مینڈیٹ قائم ہونے کے بعد نئے آبادکاروں کی آمد کا عمل تیز ہو گیا۔ 1929ء میں 1880ء سے جاری یہودی ہجرت کا نتیجہ یہ تھا۔۔ مرکزی اور مشرقی یورپ سے ہجرت کرنے والے 40 لاکھ یہودیوں میں سے صرف 1 لاکھ 20 ہزار یہودی فلسطین پہنچے (ان میں سے بھی کئی عارضی تھے) جبکہ 20 لاکھ 90 ہزار امریکہ، 2 لاکھ 10 ہزار برطانیہ، 1 لاکھ 80 ہزار ارجنٹائن اور 1 لاکھ 25 ہزار کینیڈا پہنچے۔ فلسطین میں یہودی آبادکاروں کی تعداد بڑھ رہی تھی اور 1929ء میں 1 لاکھ 50 ہزار کے بعد یہ 1936ء میں 4 لاکھ سے زیادہ ہو چکی تھی۔ فلسطینیوں اور آبادکاروں کے درمیان چپقلش مئی 1921ء میں یافا میں بلوؤں کی شکل میں پھٹ پڑی جس میں دونوں اطراف سے درجنوں افراد کی موت ہوئی۔ اگست 1929ء میں برطانوی تسلط کے خلاف فلسطینیوں کی بغاوت میں یہودی آبادیوں کے خلاف حملے ہوئے اور کافی خون بہا۔ ان میں سے ایک حملہ الخلیل میں موجود ایک چھوٹی فلسطینی یہودی آبادی (600 افراد) پر بھی ہوا جو سولہویں صدی سے وہاں آباد تھی۔ ان حملوں کے نتیجے میں 66 یہودیوں کی موت ہوئی اگرچہ کئی فلسطینیوں نے جان بچا کر بھاگنے والوں کو اپنے گھروں میں پناہ دی۔ الخلیل میں موجود یہودی آبادی کا صفایا کر دیا گیا۔ ہاگانا نے باقی حملوں کا مقابلہ کیا۔ لیکن افسوسناک طور پر اگست 1929ء میں ان ”خونی دنوں“ میں 133 یہودیوں اور 116 فلسطینیوں کی اموات ہوئیں۔ اس واقعہ نے یہودی ملیشیا ہاگانا کی قوت میں فیصلہ کن اضافہ کیا جس میں برطانوی سامراج کے ساتھ مکمل معاونت جاری رہی۔

فلسطینی کمیونسٹ پارٹی کا قیام

1920ء اور 1930ء کی دہائیوں میں محنت کش طبقے کی بنیاد پر ایک انقلابی متبادل کی تعمیر کے لیے مواقع بنتے رہے جو ایک ایسی خانہ جنگی کا راستہ روک سکتا تھا جس کے نتیجے میں یہودی اور عرب محنت کشوں، دونوں سب کچھ گنوا سکتے تھے۔ 1920ء کی دہائی کے اوائل میں برطانوی نوآبادیاتی انتظامیہ نے ساحلی پٹی پر کچھ صنعتی تعمیرات کیں۔ اس کے نتیجے میں ایک ایسا صنعتی شعبہ بن گیا جس میں یہودی اور فلسطینی محنت کش اکٹھے کام کر رہے تھے۔ اس کا دیہی فلسطینی معیشت پر گہرا اثر پڑا اور دیہی علاقوں سے ساحلی علاقوں میں بے تحاشہ ہجرت ہوئی۔ اس نوآبادیاتی انتظام کے گرد ریلوے، ٹیلی فون کمپنی، پوسٹ آفس اور ٹیلی گرام، بندرگاہوں اور جہاز سازی، سول انتظامیہ وغیرہ کا جنم ہوا جس میں شہری انتظامیہ کی آمیزش بھی ہوئی۔ ان میں عوام کی مخلوط شمولیت تھی اور نجی سیکٹر میں بیرونی سرمائے سے بنی کچھ بڑی کمپنیوں میں یہودی اور فلسطینی محنت کش اکٹھے کام کرتے تھے۔ مثلاً نیشر سیمنٹ فیکٹری، عراقی آئل کمپنی کا ٹرمینل، حیفا میں آئل ریفائنری اور تیزی سے وسیع ہوتی تعمیراتی صنعت۔

1922ء اور 1931ء کی مردم شماری کے مطابق فلسطینی عرب آبادی میں 40 فیصد اضافہ ہوا اور یافا اور حیفا جیسے شہروں میں 63 فیصد اور 87 فیصد اضافہ ہوا۔ ہر شعبے میں نوواردوں نے محنت کشوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ کیا جس کا نتیجہ ٹریڈ یونینز کی جدوجہدوں میں تیز اضافہ تھا۔ دیہی علاقوں سے مہاجرین کے ساتھ ہمسایہ ممالک، خاص طور پر مصر، کے مزدور مہاجرین بھی شامل تھے۔ فلسطین میں عرب محنت کشوں کی جگہ لینے کے لیے یہودی محنت کشوں کی عدم موجودگی میں اکثر اوقات سستے یہودی مزدور یمن یا مغرب (شمال مغربی افریقی ممالک: مراکش، الجیریا، تیونس، لیبیا، موریتانیا۔ مترجم) سے منگوائے جاتے تھے۔ یہ یہودی محنت کشوں کی وہ پرت تھی جو خاص طور پر شدید استحصال زدہ اور یورپی نژاد اکثریتی صیہونیوں سے مختلف تھے۔ یورپی صیہونی عبرانی زبان بولتے تھے اور صیہونی اداروں کے تمام کلیدی عہدوں پر براجمان تھے۔ اسی دور میں اشکنازی اور سفاردیم یہودیوں (ہسپانوی یہودیوں کی نسل جو سلطنت عثمانیہ میں رہائش پذیر ہو گئی تھی) میں خلیج پیدا ہوئی جو آج بھی اسرائیلی سماج کا ایک کلیدی خاصہ ہے۔ سفاردیم یہودیوں کی زبان لادینو ہے جو ہسپانیہ سے ماخوز شدہ ہے۔ وہ اکثر اوقات عربی بولتے یا سمجھتے تھے اور ان کا سماج میں عرب محنت کشوں سے کچھ بہتر مقام تھا۔ ان حالات میں اس پرت میں تیزی سے طبقاتی شعور نے جنم لیا جو روتسشیلد اور دیگر بڑے یہودیوں کاروباریوں کے مقابلے میں عام عربوں سے زیادہ قربت محسوس کرتے تھے۔ لیکن صیہونی ”سوشلسٹ“ پارٹیاں یہودی محنت کشوں کی یونینوں کو عرب محنت کشوں کے لیے کھولنے کی شدید مخالفت کرتی تھیں۔ ایک طرف ڈیوڈ بن گوریون (David Ben-Gurion) کی ہادوت ہافودا (Hadut Haavoda) تھی جو عربوں کی یونین سازی کے حق میں تو تھی لیکن ”برابر عزت“ (صیہونی قیادت میں) کی بنیاد پر علیحدہ تنظیموں کی خواہش مند تھی۔ دوسری طرف حائم ارلوسوف کی ہاپویل ہاتزیر تھی جو ٹریڈ یونینز میں خالص یہودیت کی شدید محافظ تھی تاکہ ایک ایسی یہودی محنت کش اشرافیہ موجود ہو جس کے پاس سب سے زیادہ ہنرمند اور بہترین اجرتوں والی نوکریاں ہوں جبکہ عرب ایک غیر منظم غیر ہنر مند جتھے کی صورت میں رہیں۔

لیفٹ کی ایک اور صیہونی پارٹی پوآلی تزیون کی ایک تیسری پوزیشن تھی۔ اس پارٹی نے 1924ء میں کمیونسٹ انٹرنیشنل (CI) میں شمولیت کی خواہش کے ساتھ نیم انقلابی رجحانات اپنا لیے اگرچہ اس نے کبھی صیہونیت کو ترک نہیں کیا۔ انٹرنیشنل نے ایسی پارٹی کی ممبرشپ سے انکار کر دیا جو پوری طرح صیہونیت ترک کرنے کو تیار نہیں تھی۔ اس کا نتیجہ ایک سپلٹ تھی جس نے فلسطینی کمیونسٹ پارٹی (PCP) کو جنم دیا۔ اس نئی پارٹی کو فوراً صیہونی ٹریڈ یونین ہستدروت سے نکال دیا گیا۔

محنت کشوں کی جدوجہد اور طبقاتی اتحاد

فلسطینی کمیونسٹ پارٹی کی پوزیشن تھی کہ تمام ٹریڈ یونینز کا اتحاد ہو جس میں کوئی قومی یا مذہبی تفریق نہ ہو۔ اس سیاسی پوزیشن پر پارٹی نے محنت کشوں میں ان کے تجربات کے نتیجے میں بڑھتے تحرک اور اتحاد کے مطالبے کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ لیکن اتحاد کی جانب اس جبلت کی صیہونی قیادت اور عرب قوم پرست دونوں مخالفت کر رہے تھے۔ کمیونسٹ پارٹی کی عرب اور یہودی محنت کشوں میں جڑیں مضبوط ہوئیں۔ پارٹی کے دو زبانوں میں اخبار تھے۔ عرب محنت کشوں میں حمایت کی مرکزی بنیادوں کے باوجود PCP کو یشوف (یہودی کونسل) میں 8 فیصد حمایت ملی اور اگر اس میں شہروں کو شامل کر لیا جائے تو 10 فیصد سے زیادہ حمایت ملی۔ ایک محدود لیکن معنی خیز واقعہ ایک ہڑتال میں طبقاتی اتحاد کی ترویج کے امکانات کو واضح کرتا ہے۔ حیفا میں نیشر سیمنٹ فیکٹری میں دو سو یہودی محنت کشوں نے ایک ہڑتال کی جس میں اسی (80) مصری محنت کشوں نے ان کا ساتھ دیا۔ اس میں انہوں نے اپنے علیحدہ مطالبات بھی پیش کیے کیونکہ ان کے حقوق کم اور اجرتیں نصف تھیں۔ دو مہینوں کی ہڑتال کے بعد مالک کو پیچھے ہٹنا پڑا اور یہودی محنت کشوں کے کچھ مطالبات مان لیے گئے۔ انہوں نے اس معاہدے کی مخالفت میں ووٹ دیا، 170 بمقابلہ 30 (اپنی یونین کی پوزیشن کے خلاف) اور انہوں نے عہد کیا کہ وہ اس وقت تک ہڑتال پر رہیں گے جب تک ان کے مصری ساتھیوں کے مطالبات پورے نہیں ہو جاتے۔

کمیونسٹ پارٹی کی عرب اور یہودی محنت کشوں میں جڑیں مضبوط ہوئیں۔

خطرہ تھا کہیہ مثال ایک وباء بن کر پھیل سکتی ہے۔ اس لیے ہستدروت نے اس وقت تک برطانوی نوآبادیاتی انتظامیہ پر دباؤ ڈالا جب تک اس نے تمام اسی مصری محنت کشوں کو جبراً ملک بدر نہیں کر دیا۔ 1925-35ء کی دہائی میں کئی جدوجہدوں میں محنت کش اتحاد کے مواقع سامنے آئے۔ اس میں نان بائی، حیفا بندرگاہ اور ریلوے ملازمین، اور 1931ء میں پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کی ہڑتالیں قابل ذکر ہیں۔ 1935ء میں عراقی آئل کمپنی اور حیفا ریفائنری کے محنت کشوں کی اہم جدوجہد بھی شامل ہے۔ ان سالوں میں PCP نے ٹریڈ یونینز منظم کیں جو ہستدروت سے آزاد تھیں اور انہوں نے عرب محنت کشوں کی اکثریت اور کئی یہودی محنت کشوں میں اہم حمایت حاصل کی۔ ان کی کامیابی نے صیہونیوں کو مجبور کر دیا کہ وہ صیہونی ٹریڈ یونینز اور عرب ٹریڈ یونینز کی فیڈریشنز بنائیں تاکہ کمیونسٹوں کا اثر و رسوخ ختم ہو۔ لیکن PCP کا دیوہیکل انقلابی امکان سوویت یونین کی سٹالنسٹ انحطاط پذیری ہڑپ کر گیا۔ سٹالن کی سربراہی میں سوویت افسر شاہی نے کمیونسٹ انٹرنیشنل کو اپنے سفارتی مفادات کا محض ایک اوزار بنا دیا۔ اس کا مطلب طبقاتی اتحاد کی درست پالیسی کا خاتمہ اور 1936-39ء میں عظیم فلسطینی بغاوت میں عرب قوم پرستی کی حمایت تھا جس کے نتیجے میں PCP کی یہودی محنت کشوں میں زیادہ تر حمایت ختم ہو گئی۔ دوسری عالمی جنگ میں ماسکو کی برطانوی سامراج کے ساتھ مفاہمت نے PCP کو اور بھی تباہ و برباد کر دیا۔ فلسطینی محنت کشوں میں پارٹی کی ساکھ مجروح ہو گئی۔ 1948ء میں اسرائیل کے قیام پر سوویت یونین کی حمایت کا فیصلہ پارٹی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا۔

فلسطینی اشرافیہ کا رجعتی کردار

فلسطینیوں میں ابھرتے قوم پرست کیمپ پر اشرافیہ خاندانوں کا قبضہ تھا جنہوں نے پہلے سلطنت عثمانیہ اور پھر برطانوی نوآبادیاتی انتظامیہ کو میونسپل افسر، جج، پولیس افسران، مذہبی حکام اور بیوروکریٹ سپلائی کیے تھے۔ وہ فلسطینیوں کی قومی قیادت بن کر سامنے آئے۔ لیکن مٹھی بھر اشرافیہ اور غریب ناخواندہ اکثریت کے درمیان ایک سمندر حائل تھا۔ 1930ء کی دہائی میں حسینی اور ناشاشیبی قبائل کے درمیان بالادستی کی کشمکش نے دو متحارب عرب قوم پرست پارٹیوں کو جنم دیا۔۔ ناشاشیبی قیادت میں نیشنل ڈیفنس پارٹی بمقابلہ زیادہ قوم پرست فلسطین عرب پارٹی۔ لیکن حسینی اور ناشاشیبی عرب قوم پرستی سے وفاداری کے باوجود اس طویل فہرست میں بھی شامل تھے جنہوں نے خفیہ طور پر صیہونیوں کو زمینیں بیچیں۔ فلسطین عرب پارٹی نے یہودی مخالفت کی بنیاد پر اپنی پوزیشنوں کو ریڈیکل کیا۔ کئی عرب قوم پرست (مستقبل میں مصری صدر انور سادات) اعلانیہ فسطائیت اور نازی ازم سے ہمدردی کرتے تھے۔ یروشلم میں ایک تقریر کے دوران جرمن کونسل کو ہٹلر کی حمایت میں کہے جانے والے امین الحسینی کے یہ الفاظ قابل غور ہیں کہ: ”فلسطین کے اندر اور باہر مسلمان جرمنی میں نئی حکومت کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ یہ جمہوریت مخالف فسطائی حکومتی نظام دیگر ممالک میں بھی پھیلے گا۔“

مسلح عرب قوم پرست گروہ بھی پھلنے پھولنے لگے۔ شیخ عزالدین القاسم کی قیادت میں ”دی بلیک ہینڈ“ 1931ء سے یہودی آبادکاروں پر حملے کر رہی تھی۔ 21 نومبر 1935ء کو برطانوی افواج نے گھات لگا کر القاسم کو قتل کر دیا اور پھر یہ شخصیت عرب قوم پرست جدوجہد کا استعارہ بن گئی۔ 1930ء کی دہائی میں یہودی ہجرت کی رفتار تیزی سے بڑھ گئی۔ 1931-34ء کے دوران فلسطین میں خوفناک قٖحط پڑ گیا۔ 1932ء میں زرعی پیداوار، علاقہ اور فصل کے مطابق، 30-70 فیصد ختم ہو گئی۔ فلسطینی دیہات میں بھوک پڑ گئی اور یافا اور حیفا کے گرد کچی آبادیاں کھچا کھچ بھر گئیں۔ فلسطین میں حبشی صورتحال (1934-36ء کے دوران مسولینی کی قیادت میں فسطائی اٹلی نے ایتھوپیا پر حملہ کر کے قبضہ کر لیا جس کے خطے پر دور رس اثرات مرتب ہوئے۔ دوسری عالمی جنگ کی بنیاد میں موجود کئی عناصر میں سے ایک یہ عنصر بھی تھا۔ مترجم) نے ایک مالیاتی بحران کو جنم دیا جس نے کئی کمپنیوں کو دیوالیہ کر دیا۔ ان تمام عناصر نے فلسطینی عوام کے حالات بہت مخدوش کر دیے۔

عظیم فلسطینی بغاوت 1936-39ء

اگرچہ 1921ء اور 1929ء کی لڑائیاں پرتشدد اور خونریز تھیں لیکن ان کا عرب اور یہود کی ایک چھوٹی آبادی پر ہی اثر پڑا تھا۔ لیکن اپریل 1936ء میں فلسطینی بغاوت نے عوامی شکل اختیار کرتے ہوئے شہروں سے اپنا آغاز کیا جہاں ریڈیکل نوجوانوں، شباب، کی کاوشوں سے ”قومی کمیٹیاں“ تخلیق ہوئیں۔ روایتی قائدین براہ راست برطانوی انتظامیہ سے لڑنے سے کترا رہے تھے۔ 25 اپریل کو جا کر حسینی کی قیادت میں عرب ہائر کمیٹی تشکیل دے کر بغاوت کی قیادت شروع ہوئی۔ عربوں نیبغاوت میں چھ مہینوں عام ہڑتال منظم کی اور دیہات میں ایک مستقل نیم سرکش جدوجہد اور مسلح گوریلا لڑائی جاری رہی (مئی وسط سے اکتوبر وسط تک)۔ اس بغاوت کی خصوصیت کا خود بن گوریون نے نوٹس لیتے ہوئے لکھا کہ عرب ”بے دخلی کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ عرب ایک ایسی جنگ لڑ رہا ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ وہ ہڑتال کر رہا ہے، مر رہا ہے، بڑی قربانیاں دے رہا ہے“۔ اس نے 19 مئی 1936ء میں بھی کہا تھا کہ عرب ”ہم جو سمجھتے ہیں، اس سے بالکل برعکس سمجھتے ہیں۔ یہ اہم نہیں کہ ان کا نکتہ نظر درست ہے یا نہیں۔ وہ ہجرت کو دیوہیکل پیمانے پر دیکھ رہے ہیں۔ وہ دیکھ رہے ہیں کہ یہودی معاشی طور پر طاقتور ہو رہے ہیں۔ انہیں اپنی بہترین زمینیں ہمارے قبضوں میں جاتی نظر آ رہی ہیں۔ وہ برطانیہ کو صیہونیت کے ساتھ کھڑا دیکھ رہے ہیں۔“

روایتی قائدین براہ راست برطانوی انتظامیہ سے لڑنے سے کترا رہے تھے۔

صیہونیوں (اس میں ہستدروت ٹریڈ یونین پیش پیش تھی) نے ایک جارحانہ پالیسی کے تحت ہڑتال کو توڑنے کی کوششوں کا آغاز کیا جس میں ہر کمپنی میں فلسطینی محنت کشوں کی جگہ یہودی محنت کش بھرتی کیے جانے لگے۔ 1937ء میں حیفا کی ٹریڈ یونین فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری نے صیہونی پوزیشن کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ”ہستدروت کا بنیادی مقصد ’مزدور کو فتح‘ کرنا ہے۔ جتنے بھی عرب بیروزگار ہو جائیں، ان کا کوئی حق نہیں کہ انہیں کوئی ایسی نوکری ملے جسے ایک مہاجر پر کر سکتا ہے۔ اگر عربوں کو دیگر کام سے بھی فارغ کیا جا سکتا ہے تو اچھا ہے“ (بینی مورس، نیک شکار، صفحہ نمبر 122)۔

برطانوی انتظامیہ کئی مہینوں بغاوت کے کمزور ہونے کا انتظار کرنے پر مجبور رہی۔ 7 ستمبر کے بعد ہی مارشل لاء کا اعلان ہوا اور ایک کرفیو لگا دیا گیا۔ برطانیہ اور مصر سے 20 ہزار سپاہی لائے گئے جن کی 2 ہزار 700 یہودی پولیس والے معاونت کر رہے تھے۔ ایک بغاوت کش آپریشن لانچ کیا گیا جس پر 10 اکتوبر کو عرب قائدین نے اس امید پر ہڑتال ختم کر دی کہ مذاکرات سے کوئی راہ نکالی جا سکتی ہے۔ برطانوی حکومت نے لارڈ پیل کی سربراہی میں ایک شاہی کمیشن تشکیل دیا جس کا مقصد تحقیق اور پھر فلسطینی صیہونی لڑائی کو ختم کروانا تھا۔ 7 اکتوبر 1937ء میں 404 صفحات پر مشتمل ”پیل رپورٹ“ (Peel Report) شائع کی گئی جس نے فلسطین کے بٹوارے کی تجویز دی، یہودی اتھارٹی کے تحت 20 فیصد زمین، برطانوی انتظامیہ کے تحت یروشلم اور حیفا میں ایک راہداری جس کے ساتھ مخلوط آبادی والے ساحلی شہر بھی شامل تھے، باقی کو ٹرانس جارڈن سے جوڑ کر ایک واحد عرب ریاست کی تشکیل۔ اس کے ساتھ 2 لاکھ 25 ہزار فلسطینیوں اور 1 ہزار 250 یہودیوں کی جبری منتقلی بھی شامل تھی۔ صیہونی قائد وائزمین اور بن گوریون کی نظر میں پیل رپورٹ مزید توسیع کے لیے بہترین راستہ تھا۔ وائزمین نے تبصرہ کیا کہ: ”اگر یہودی اسے منظور نہیں کرتے تو وہ بیوقوف ہوں گے، چاہے (الاٹ شدہ زمین) ایک میز برابر ہو۔“ اس لیے صیہونیوں نے رپورٹ کو قبول کر لیا جبکہ عرب ہائر کمیٹی نے اسے مسترد کر دیا۔

بغاوت کا دوسرا مرحلہ

ستمبر 1937ء میں بغاوت دوبارہ تر و تازہ ہو کر پھٹ پڑی لیکن اس مرتبہ عرب ہائر کمیٹی میں خوفناک اندرونی لڑائی اس کا شیرازہ بکھیر رہی تھی۔ اس کی بنیاد حسینی کی جولائی 1937ء میں مخالف قبیلے کے قائد کو قتل کرنے کی کوشش تھی۔ اپریل 1939ء میں یہودی ایجنسی کے ایک سینئر اہلکار الیاس ساسون نے تبصرہ کیا کہ ”اب خون کا دریا دونوں دھڑوں کو تقسیم کر چکا ہے“۔ بڑھتی لڑائیوں اور جبر میں بغاوت مسلسل جاری رہی۔ عرب ہائر کمیٹی کو غیر قانونی قرار دے کر اس کے دو سو قائدین کو گرفتار کر لیا گیا جن میں سے کئی کو پھانسی ہو گئی جبکہ بقایا بھاگ نکلے۔ ”پیل رپورٹ“ نے رائٹ ونگ ترمیم پسند پارٹی (جو برطانوی مینڈیٹ میں ترمیم کا مطالبہ کر رہے تھے)کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ عام فلسطینیوں کے خلاف ایک دہشت گرد مہم کا آغاز کریں۔ ارگون زوائی لیومی نے بس اسٹیشنوں اور منڈیوں میں فلسطینی عوام پر کئی بم حملے کیے جس کے نتیجے میں کئی سو زخمی اور متعدد قتل ہوئے۔ مسلح فلسطینی گروہوں کی کوئی مرکزی کمانڈ نہیں تھی۔ بدقسمتی سے ان میں سے کئی کسی تناظر کے بغیر بدمعاش گروہوں میں تبدیل ہو گئے جو فلسطینی کسانوں کو ہی لوٹنا شروع ہو گئے جس کا نتیجہ ان کی حمایت میں تیز گراوٹ تھا۔ اس صورتحال نے فیصلہ کن طور پر بغاوت کے امکانات کو ختم دیا۔ بغاوت مئی 1939ء تک جاری رہی۔ موسم بہار 1938ء میں اپنے عروج پر اس میں 20 ہزار فلسطینی جنگجو شامل تھے۔ دوسری عالمی جنگ تک برطانوی تسلط کے خلاف سب سے سنجیدہ اور طویل عرب بغاوت کا اختتام کئی ہزار اموات اور فیصلہ کن شکست پر ہوا۔

دوسری عالمی جنگ اور ہولوکاسٹ

بغاوت کی ناکامی نے برطانوی سامراجی پالیسی کو مکمل تبدیل کر دیا۔ برطانیہ کو خوف تھا کہ ایسے وقت میں ایک نئی عرب بغاوت پھٹ سکتی ہے جب دیگر محاذوں پر افواج کی ضرورت ہے۔ پھر برطانوی سامراج عرب بورژوازی کو ناراض بھی نہیں کرنا چاہتا تھا کہ کہیں وہ نازیوں سے ہاتھ نہ ملا لیں۔ نوآبادیاتی انتظامیہ کے تیار کردہ ”وائٹ پیپر“ (تاریخ اشاعت 17 مئی 1939ء) میں پہلی مرتبہ یہودی ہجرت پر قدغن لگائی گئی (اگلے پانچ سالوں میں 75 ہزار) اور یہودیوں کی زمین خریداری پر شدید شرائط عائد کی گئیں۔ ایک ہدف بھی متعین کیا گیا کہ اگلے دس سالوں میں اکثریت کے اصول پر ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا قیام ہو گا۔ ظاہر ہے اس تبدیلی کے نتیجے میں برطانوی سامراج کے لیے عرب حمایت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ لیکن برطانیہ کے صیہونی قیادت کے ساتھ قریبی تعلقات پر ضرور اثر پڑا۔ برطانوی قلابازی (اس لمحہ پر جب نازیوں کی یہودی مخالف پالیسیوں سے خوف و ہراس بڑھ رہا تھا) کو صیہونیوں نے ایک دھوکہ سمجھا۔ برطانوی انتظامیہ نے فلسطینیوں کے خلاف ”جارحانہ دفاع“ میں ہاگانا کی تبدیلی میں معاونت کی تھی۔ مئی 1938ء میں ہاگانا نے ”فیلڈ کمپنیاں“ بنائیں تاکہ دیہات میں انسداد بغاوت طریقہ کار لاگو کیا جائے۔ ایک مہینے بعد اسپیشل نائٹ سکواڈ تشکیل دیے گئے جن کا مقصد بغاوت کی حمایت کرنے والے عرب محلوں اور دیہات میں دہشت گردی کرنا تھا۔ دہائیوں بعد اسرائیل کے قیام کے دوران صیہونیوں نے اسی حکمت عملی کے تحت خوف و ہراس کے مارے فلسطینیوں کو گھروں اور دیہات سے جان بچا کر بھاگنے پر مجبور کیا۔

1939ء کے آغاز میں پیلوت میو چادوت (اسپیشل آپریشنز) کے نام سے تین خفیہ یونٹس تشکیل دیے گئے جن کا ہدف عرب دیہات اور گوریلا یونٹس کے خلاف تادیبی کاروائیوں کے ساتھ برطانوی تنصیبات پر حملے اور مخبروں کا خاتمہ تھا۔ یہ یونٹ براہ راست ڈیوڈ بن گوریون کی کمانڈ میں تھے۔ یہودی یورپی پناہ گزینوں اور نازیوں کے ہاتھوں یہودیوں کی عوامی جلا وطنی کی خبریں آنا شروع ہوئیں۔ اس نے تارکین وطن یہودیوں (خصوصاً امریکہ میں) پر دیوہیکل نفسیاتی اثر ڈالا جو برطانوی سامراج کی ہجرت قدغنوں پر شدید نالاں تھے۔ لیکن نازی خطرات سے متعلق صیہونی قیادت کا رویہ انتہائی سفاک تھا۔ دسمبر 1938ء میں نازی قتل عام ”کریستال ناخت“ کے ایک مہینہ بعد بن گوریون نے کہا کہ ”اگر مجھے معلوم ہوتا کہ جرمنی میں تمام (یہودی) بچوں کو برطانیہ بھیج کر بچایا جا سکتا ہے اور صرف نصف اریتز یسرائیل بھیج کر بچائے جا سکتے ہیں، تو میں دوم کو چنتا۔۔ کیونکہ ہم پر صرف ان بچوں کی نہیں بلکہ یہودی قوم کی تاریخی ذمہ داری ہے۔“ دسمبر 1942ء میں اس نے پھر تبصرہ کیا کہ: ”یورپی یہودیوں کی تباہی و بربادی کا براہ راست مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔۔۔“ (بینی مورس، نیک شکار، صفحہ نمبر 162)۔

صیہونی قیادت نے یورپ سے بھاگنے والے تباہ حال یہودیوں کی لاچارگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صیہونیت کے لیے عالمی حمایت کو مضبوط کیا۔

صیہونی قیادت نے یورپ سے بھاگنے والے تباہ حال یہودیوں کی لاچارگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صیہونیت کے لیے عالمی حمایت کو مضبوط کیا اور برطانوی انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ ہجرت پابندیوں کی سر عام دھجیاں اڑا دیں جو ہر قیمت پر غیر قانونی ہجرت کو روکنے کے درپے تھی۔ صیہونی رائٹ ونگ کا ایک حصہ برطانیہ کے ساتھ کسی قسم کے تعاون کا مخالف تھا۔ نومبر 1944ء میں لوہامے حیروت اسرائیل (LEHI) ”فائٹر فار دی فریڈم آف اسرائیل“ (جسے سٹرن گینگ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) نے قاہرہ میں مشرق وسطیٰ کے لیے تعینات برطانوی وزیر لارڈ موین کو قتل کر دیا۔ برطانوی پابندی کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے مہاجرین سے بھرے بحری جہاز لائے گئے۔ اس کے نتیجے میں مینڈیٹ انتظامیہ کے ساتھ رسہ کشی شروع ہو گئی جس نے تمام کوششوں کو بلاک کرنے کا فیصلہ کیا اور ہزاروں مہاجرین کو موریشیوس اور قبرص میں حراستی کیمپوں میں بھیج دیا۔ یہ مہاجرین مخصوص مہرے تھے جو سفاک پاور گیم میں پھنسے ہوئے تھے۔ اس کا نتیجہ متعدد سانحات تھے۔

نومبر 1940ء میں ہاگانا نے حیفا بندرگاہ پر موریشیوس میں حراستی کیمپ کے لیے 1 ہزار 700 مہاجرین لیے لنگر انداز جہاز پاتریا کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے 252 اموات ہوئیں۔ 25 فروری 1942ء کو ایک اور جہاز ستروما، جس میں 769 مہاجرین تھے، ڈوب گیا۔ برطانوی حکام نے ان کے ٹرانسفر کو منسوخ کر دیا تھا جس کے بعد یہ سانحہ رونما ہوا۔ صرف ایک مہاجر زندہ بچا۔ جب جنگ کے دوران نازی 60 لاکھ یہودیوں سمیت لاکھوں سلاف، روما، کمیونسٹوں اور مختلف قوموں، مذاہب اور سیاسی رجحانات سے تعلق رکھنے والے فسطائی مخالفین کو یورپ میں قتل کر رہے تھے تو بہت کم یہودی مہاجرین نے فلسطین میں پناہ لی۔ ریاست اسرائیل کے اعلان (14 مئی 1948ء) سے کافی عرصہ پہلے ہی ایک ایسی ریاست بنانے کا صیہونی خواب جو یہودیوں کی حفاظت کرتے ہوئے اسرائیل کی بائبلی زمین پر نئی روح پھونک دے گی، ایک بھیانک خواب بن چکا تھا۔ صیہونی پروپیگنڈے نے کئی انداز میں ”زمین کے بغیر قوم کے لیے قوم کے بغیر زمین“ کا نعرہ اپنایا۔ اس کا مقصد فلسطین میں حقیقی صورتحال کو پراسرار بنانا تھا جس میں فلسطینیوں کے وجود کو سرے سے ہی غائب کر دیا گیا۔

لیکن صیہونی قیادت کو اچھی طرح معلوم تھا کہ فلسطین پر قبضہ کرنے کے لیے اکثریت عرب عوام کے ساتھ جنگ ناگزیر ہے۔ نومولود ریاست اسرائیل کے پہلے قائد ڈیوڈ بن گوریون نے 1919ء میں ایک صیہونی تنظیم کی میٹنگ میں کہا تھا کہ:

”ہر کسی کو عربوں اور یہودیوں کے درمیان تعلقات کا سوال گھمبیر نظر آ رہا ہے۔ لیکن کوئی بھی یہ نہیں دیکھتا کہ اس سوال کا کوئی حل نہیں ہے۔ کوئی حل نہیں! ایک خلیج ہے اور کچھ اسے بھر نہیں سکتا۔ مجھے نہیں پتا کہ عرب متفق ہوں گے کہ فلسطین یہودیوں کا ہے۔ بطور ایک قوم، ہم چاہتے ہیں یہ ملک ہمارا ہو، عرب بطور ایک قوم چاہتے ہیں کہ یہ ملک ان کا ہو“۔ (بی مورس، نیک شکار، صفحہ نمبر 91)۔

صیہونی قائدین کی نظر میں ہر آبادکار جو فلسطین میں قدم رکھ رہا تھا، اس زمین کی فتح میں ایک نئے سپاہی کا اضافہ تھا۔ ان کے ہر قدم کا مقصد وہ حالات پیدا کرنا تھا جن کے تحت عرب آبادی کی اکثریت کو فلسطین سے نکالا جائے اور اسرائیلی ریاست کا قیام ممکن ہو۔

لیون ٹراٹسکی نے جولائی 1940ء میں لکھا کہ: ”فلسطین میں یہودیوں کی ہجرت کے ذریعے یہودی سوال کو حل کرنے کی کوشش اب واضح ہو چکی ہے، یہ یہودی قوم کا ایک بھونڈا مذاق بنایا جا رہا ہے“۔ ٹراٹسکی کی مراد برطانوی سامراج کی قلابازی تھی جو پہلے یہودی ہجرت کے حق میں تھے اور پھر انہوں نے تشدد کے ذریعے اسے روکنے کی کوشش کی کیونکہ اب وہ ان کے مفاد میں نہیں تھا۔ ٹراٹسکی نے نشاندہی کی تھی کہ گلی سڑی سرمایہ داری کی بنیاد پر یہودی سوال کو حل کرنے کی کوشش لاکھوں یہودیوں کے لیے ایک خونی شکنجہ ثابت ہو گی۔ ٹراٹسکی یہ دیکھنے کے لیے زندہ نہیں رہا کہ جنگ کا کیا انجام ہو گا اور اس میں سے نمودار ہونے والا طاقتوں کا توازن صیہونیت کے لیے کیا نئے امکانات لے کر آئے گا۔ لیکن جنگ سے نمودار ہونے والے طاقتوں کے نئے توازن نے ناممکن کو ممکن اور بالآخر ایک حقیقت بنا دیا۔ برطانوی مینڈیٹ کی قبر پر اسرئیل کا قیام ہوا۔ لیکن اس کی پیدائش فلسطینی خون میں ڈوبی ہوئی تھی کیونکہ اس کام کے لیے 7 لاکھ 50 ہزار فلسطینیوں کو ملک بدر کر دیا گیا۔ فلسطینی عوام پر مسلسل جبر اور ان کو کچلنے کی بنیاد پر نئی ریاست کا قیام ہوا۔ صیہونی پراجیکٹ ایک رجعتی یوٹوپیا ثابت ہوا جس کے بھیانک نتائج نکلے ہیں۔ اس کے وجود نے ایسے زخم لگائے ہیں جو آج سات دہائیوں بعد بھی رِس رہے ہیں۔

فلسطینی عوام پر مسلسل جبر اور ان کو کچلنے کی بنیاد پر نئی ریاست کا قیام ہوا۔

اپنے قیام سے اسرائیل کی تاریخ جنگوں سے بھری پڑی ہے۔ پہلے 1948-49 ء کی نام نہاد جنگ آزادی اور نقبہ، 1956ء میں سویز جنگ، 1967ء میں چھ روزہ جنگ، 1973ء میں یوم کیپور جنگ، لبنان پر تین مرتبہ فوج کشی (1978ء، 1982، 2006ء)، جنوبی لبنان میں دہائیوں سے جاری بمباری اور جھڑپوں سے بھرپور حزب اللہ کے ساتھ طویل جنگ اور غزہ میں حماس کے خلاف نصف درجن جنگیں (زیادہ تر ایک فاصلے سے کی جانے والی شدید بمباری مہمات)۔ اسرائیل کی تاریخ فلسطینی مزاحمت کی لاتعداد تحریکوں سے بھری پڑی ہے جس میں 1967ء میں قبضہ کیے گئے علاقوں کی سرکش عوامی تحریکیں (پہلی انتفادہ 1987-92ء، دوسری انتفادہ 2000-03ء) بھی شامل ہیں۔ درحقیقت، یہودیوں کے لیے ایک محفوظ جنت کے برعکس، ’ودیت کردہ زمین‘ ایک ایسا قلعہ ہے جو مسلسل محصور ہے اور جسے چاروں اطراف سے مخالفین اور دشمنوں نے گھیرا ہوا ہے۔ اسرائیلی حکمران طبقے نے کامیابی سے ان جنگوں کو استعمال کرتے ہوئے اسرائیل میں موجود یہودی عوام اور اسرائیل کے حامی یہودی تارکین وطن کے ذہنوں میں قلعہ بندی کی ایک گہری نفسیات بنا دی ہے۔

صیہونی دہشت گردی اور برطانوی انخلاء

جنگ کے دوران زیادہ تر صیہونیوں اور عرب قوم پرستوں نے برطانوی فوج کے ساتھ تعاون کیا تھا۔ 23 ہزار افراد پر مشتمل ایک یہودی بریگیڈ اتحادی کمانڈ میں جنگ لڑ چکی تھی۔ فلسطینی جنگجوؤں کی تعداد 9 ہزار تھی۔ 1944ء میں فلسطین میں صیہونیوں کی برطانوی مینڈیٹ میں حاصل کردہ زمین ابھی بھی کل کا محض 6.6 فیصد تھی۔ لیکن جنگ سے صیہونیت بہت زیادہ مضبوط ہو کر نکلی تھی۔ یہودی ایجنسی، موجودہ ناپختہ حالت میں بھی، ایک نیم ریاست تھی جس کی اپنی علیحدہ معیشت، اپنے ادارے اور سب سے بڑھ کر اپنی فوج تھی جس کو اتحادیوں نے جنگ کے دوران اسلحہ اور تربیت فراہم کی تھی۔ جنگ ختم ہونے کے بعد صیہونی قائدین نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی۔ 1945-48ء کے دوران ہاگانا اور ارگن زوائی لیومی (صیہونی رائٹ ونگ کی مسلح ملیشیا) نے اتحاد بنا کر برطانوی قبضے اور عرب عوام دونوں کے خلاف حملے شروع کر دیے۔ ان میں سب سے خوفناک صیہونی دہشت گرد کاروائی نے مینڈیٹ انتظامیہ کا دل چیر ڈالا۔ 22 جولائی 1946ء میں ارگن نے مستقبل کے اسرائیلی وزیر اعظم میناخیم بیگن کی قیادت میں یروشلم میں واقع کِنگ ڈیوڈ ہوٹل میں اتنا بارود بھر دیا کہ اس کا پورا جنوبی ونگ ہی دھماکے میں اڑ گیا۔ اس ونگ میں برطانوی مینڈیٹ کی سول انتظامیہ کا ہیڈکوارٹر تھا۔ 91 برطانوی شہری، فلسطینی اور یہودی مارے گئے اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

ان میں سب سے خوفناک صیہونی دہشت گرد کاروائی نے مینڈیٹ انتظامیہ کا دل چیر ڈالا۔

اس اچانک تیزی نے برطانوی سامراج کے لیے صورتحال ناقابل برداشت بنا دی۔ اگرچہ برطانیہ دوسری عالمی جنگ سے فاتح ہو کر نکلا تھا لیکن اس کے حالات بہت مخدوش تھے اور سلطنت کا شیرازہ بکھر رہا تھا۔ اس لیے اپریل 1947ء میں برطانیہ نے اعلان کیا کہ وہ ایک سال میں فلسطین کو خیر آباد کہہ دے گا۔ اس اعلان کے بعد فلسطین کی حیثیت پر بحث مباحثہ شروع ہو گیا۔ فیصلہ کن طور پر سامراجی قوت کا نیا مرکز نوجوان اور تازہ دم امریکی سامراج تھا۔ اس نے درست طور پر برطانوی پوزیشن کو ایک انحطاط پذیر سلطنت کا موقف سمجھا اور یہودی فلسطینی لڑائی کو ایک ہتھوڑا بنا کر مشرق وسطیٰ میں اپنے سابق اتحادی کے حلقہ اثر و رسوخ کو پاش پاش کرنا شروع کر دیا۔ 29 نومبر 1947ء میں اقوام متحدہ میں قرار داد نمبر 181 امریکی دباؤ میں منظور ہوئی۔ اس قرار دار کے مطابق فلسطین کو تین حصوں میں تقسیم کیا جانا تھا: ایک عرب ریاست (11 ہزار 500 مربع کلومیٹر، آبادی 8 لاکھ4 ہزار فلسطینی اور 10 ہزار یہودی)؛ ایک یہودی ریاست (14 ہزار مربع کلومیٹر، آبادی 5 لاکھ 58 ہزار یہودی اور 4 لاکھ 5 ہزار فلسطینی) اور عالمی کنٹرول میں ایک علاقہ (یروشلم)۔ یہ منصوبہ ایک یوٹوپیا تھا کیونکہ دونوں ریاستیں ایک مشترکہ فلسطینی اکنامک یونین اور مشترکہ کرنسی، وسائل اور انفراسٹرکچر (بندرگاہیں، پوسٹ آفس، ریلوے، سڑکیں) کے تحت قائم ہونا تھیں۔ اس منصوبے نے اس حقیقت کو بالکل نظرانداز کر دیا کہ فلسطینی اور صیہونی دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے ایک دوسرے کا خون بہا رہے تھے۔

صیہونی جارحیت

برطانوی سامراج کے انخلاء کے ساتھ صیہونی قیادت کو اندازہ ہو گیا کہ ان کے پاس ایک محدود وقت ہے جس میں وہ خلاء کو پُر کرتے ہوئے اپنی شرائط پر بٹوارہ کروا سکتے ہیں۔ 1947ء کے اختتام تک ہاگانا، ارگن اور سٹرن گینگ ایک اتحاد بنا چکے تھے جس نے فلسطینی دیہات پر مشترکہ لائحہ عمل کے تحت دہشت کی ایک مہم کا آغاز کیا جس میں درجنوں مارے گئے۔ 1948ء کے پہلے چند مہینوں میں ان حملوں میں مزید شدت بڑھ گئی۔ تنورہ، تیرہ، ساسا، حیفا، حفار حسینیہ، سارافان؛ یہ تمام دہشت گردی کی زد میں تھے اور کئی سو فلسطینی اس کا شکار ہوئے۔ 9 اپریل کو یروشلم کے نزدیک دیر یاسین گاؤں کی پوری آبادی کو ارگن نے قتل کر دیا۔ ریڈ کراس کے مطابق 254 مرد، عورتوں اور بچوں کا قتل عام ہوا۔ ان میں سے کچھ کو مسخ کر کے کنوؤں میں پھینک دیا گیا تھا۔ بیگن نے اعلانیہ اس قتل عام پر فخر کیا۔ اس دہشت گرد مہم کو صیہونیوں کی دھمکیوں اور افواہوں نے اور بھی زیادہ خوفناک بنا دیا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ لاکھوں غیر مسلح فلسطینی اپنے گھروں سے جان بچانے کے لیے بھاگ نکلے۔ ان گھروں کو بعد میں ریزہ ریزہ کر دیا گیا تاکہ مہاجرین کبھی واپس نہ آ سکیں۔ ایک مہینے میں فلسطینی مہاجرین کی تعداد 60 ہزار سے بڑھ کر 3 لاکھ 50 ہزار ہو گئی۔

صیہونی قائدین کی سفاک حکمت عملی تھی کہ جتنی زمین پر قبضہ ہوتا ہے کرو اور فلسطینیوں کے لیے واپسی کا راستہ مکمل طور پر بند کر دو۔

صیہونی دہشت گردوں نے اپنی توجہ شہروں پر مرکوز کر لی۔ 22 اپریل کی رات کو حیفا پر حملہ کیا گیا جس میں 50 قتل اور 200 زخمی ہوگئے۔ فلسطینی عورتوں اور بچوں کا ایک قافلہ بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا اس پر ایک صیہونی حملہ کے نتیجے میں ایک سو قتل اور کئی سو زخمی ہو گئے۔ اس خونخواری کو کیسے بیان کریں؟ صیہونی قائدین کی سفاک حکمت عملی تھی کہ جتنی زمین پر قبضہ ہوتا ہے کرو اور فلسطینیوں کے لیے واپسی کا راستہ مکمل طور پر بند کر دو۔ فلسطینیوں کو ڈراؤ، دہشت زدہ کرو اور انہیں بھگا کر ان کے گھر مسمار کر دو۔ یہ سب اس لیے کرو تاکہ مستقبل میں جب فلسطین کا بٹوارہ ہو تو نومولود اسرائیلی ریاست کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو۔ 14 مئی 1948ء کو اسرائیلی ریاست کا اعلان کر دیا گیا۔ تمام مرکزی صیہونی قائدین قتل عام اور وسیع پیمانے پر دہشت گردی میں ملوث تھے۔ اس حوالے سے صیہونی رائٹ اور لیفٹ ونگ میں کوئی فرق نہیں ہے۔ موشے دایان، گولڈا میر، ڈیوڈ بن گوریون، میناخم بیگن اور کئی جن میں اریل شیرون، یتسحاق شمیر اور یتسحاق رابین، مستقبل میں اسرائیل کے قائدین، سب نے اپنے ٹھوس تجربات سے سیکھا کہ میدان میں لوہے اور آگ کی بنیاد پر بنایا گیا طاقت کا توازن عالمی سفارت کاری کے میدان میں ممکنہ نتائج کی راہ ہموار کرتا ہے۔ اس سبق کو ازبر کرتے ہوئے اگلی کئی دہائیوں اس کا استعمال کیا گیا۔

نقبہ

فوری طور پر 15 مئی کو مصر، عراق، شام، لبنان اور ٹرانس جارڈن کی افواج فلسطین میں داخل ہوئیں اور پہلے مرحلے میں کچھ فوجی کامیابیاں بھی حاصل کیں۔ جون میں اقوام متحدہ نے ایک جنگ بندی کی پیشکش کی جسے دونوں اطراف نے منظور کر لیا لیکن صیہونیوں کو منظم اور مسلح ہونے کا موقع مل گیا۔ 8 جولائی کے بعد صیہونی فوج کے جوابی حملہ نے عرب افواج کی کمر توڑ دی کیونکہ ان میں باہمی تعاون کا فقدان تھا اور کئی اثناء میں کمانڈ برطانوی افسران کے پاس تھی۔ عرب حکومتوں کے سربراہان نے ہمیشہ کوششیں کی ہیں کہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے صیہونیوں کے ساتھ کوئی خفیہ معاہدہ ہو جائے۔۔ ٹرانس جارڈن کے شاہ عبداللہ کی کئی مرتبہ گولڈا میر اور موشے دایان سے ملا قاتیں ہوئیں تاکہ اپنی سلطنت میں مغربی کنارہ کو شامل کر لے (یہ کام دسمبر 1948ء میں مکمل ہوا) جبکہ مصریوں نے غزہ پٹی پر قبضہ کر لیا۔ صیہونی قائدین تمام رکاوٹوں کو توڑنے کے لیے پرعزم تھے۔ اقوام متحدہ کے مندوب کاؤنٹ فولک برناڈوت نے 13 استمبر کو اسرائیل کو حکم دیا کہ وہ مہاجرین کو واپس لے اور ان کے گھروں کو ازسرنو تعمیر کرے۔ چار دن بعد اسے اپنے ماتحت فرانسیسی کرنل سیروت سمیت سٹرن گینگ نے قتل کر دیا۔

1949ء میں رہوڈز جنگ بندی نے عرب شکست پر مہر ثبت کر دی اور اس طرح اسرائیلیوں کی نظر میں ”جنگ آزادی“ کا اختتام ہوا۔ ایک مرتبہ پھر فاتحین کی لکھی تاریخ میں قتل عام اور مظالم کی تاریخ سے انکار کرتے ہوئے اسے سرکاری ریکارڈ سے حذف کرنے کی کوشش کی گئی۔ فلسطینیوں کے لیے 1948ء نقبہ یعنی تباہی و بربادی کا سال تھا، ایک ایسی شکست جس نے فلسطینی عوام کو بیس سالوں کے لیے کچل کر رکھ دیا۔

مہاجرین کا سوال اور ’اسرائیلی عرب‘

7لاکھ 50 ہزار فلسطینی مہاجرین میں سے 39 فیصد مغربی کنارے کی طرف بھاگ نکلے، مزید 10 فیصد نے اردن میں پناہ لی، 26 فیصد مصری زیر قبضہ غزہ پہنچے جس کی آبادی ہفتوں میں دگنی ہو گئی، شمالی فلسطین سے 14 فیصد نے لبنان میں پناہ لی اور 10 فیصد نے گولان پار کر کے شام میں پناہ لی۔ چند ایک (1 فیصد) نے مصر میں پناہ لی۔ تقریباً تمام مہاجرین کو شہروں کے مضافات میں شدید غربت و افلاس کی حالت میں دیوہیکل ”عارضی“ کیمپوں میں محصور کر دیا گیا۔ مہاجر آبادی میں آٹھ فیصد اضافہ کے باوجود یہ مہاجرین اور ان کی نسلیں آج بھی انہی حالات میں قید ہیں۔

1950ء میں اقوام متحدہ ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی مہاجر (UNRWA) قائم ہوئی۔ ایجنسی کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سے اب تک، 1948ء میں مہاجرین اور ان کے بچے اور تین مزید نسلیں، کل آبادی 50 لاکھ 90 ہزار ہو چکی ہے اور اس میں چھ روزہ جنگ کے مہاجرین شامل نہیں ہیں۔ کئی نسلوں کو صر ف انہی کیمپوں اور حالات کا پتا ہے۔ 1948ء کے فلسطینی مہاجرین اور ان کی اولادوں میں سے زیادہ تر کے پاس ان ممالک کے کوئی شہری حقوق نہیں ہیں جہاں وہ پناہ گزین ہیں، اسرائیل کی کیا بات ہو، اور ان کا سارا دار و مدار UNRWA کی حمایت پر منحصر ہے۔

1948ء کے فلسطینی مہاجرین اور ان کی اولادوں میں سے زیادہ تر کے پاس ان ممالک کے کوئی شہری حقوق نہیں ہیں۔

فلسطین سوال کا دل فلسطینی مہاجرین کی واپسی کا حق ہے۔ سرمایہ داری میں اس کو حل کرنا ناممکن ہے۔ مشرق وسطیٰ کا ایک سوشلسٹ انقلاب اور تمام اقوام کی ایک سوشلسٹ فیڈریشن کا قیام ہی وہ صورتحال بنا سکتا ہے جس میں دہائیوں سے اقلیتوں کے رِستے زخموں پر مرہم رکھا جا سکے۔ اس طریقہ کار کے ذریعے ہی وہ مادی بنیادیں (گھر، وسائل، انفرسٹرکچر وغیرہ) فراہم کی جا سکتی ہیں کہ فلسطینی سوال اور اس سے متعلق تمام رنجشیں کسی نئے خوفناک جبری نظام کے بغیر حل ہوں۔ تقریباً 1 لاکھ 50 ہزار فلسطینی آج بھی ”گرین لائن“ میں رہائش پذیر ہیں۔ یہ وہ علاقہ ہے جس پر اسرائیل نے 1948ء میں قبضہ کیا تھا۔ آج وہ اسرائیلی آبادی کا 20 فیصد ہیں۔ اسرائیلی ریاست نے ایڈ ہاک قوانین کو استعمال کرتے ہوئے مہاجرین کے اثاثوں اور زمینوں پر قبضہ کیا ہے۔ جو فلسطینی رہ گئے ہیں ان کو غیر حاضر (مالکان) پراپرٹی قانون 1950ء، لینڈ اتھارٹی قانون 1953ء اور دیگر کے تحت شدید جبر کا سامنا ہے۔ 1952ء میں عرب اسرائیلیوں (گرین لائن میں فلسطینی) کو 1952ء شہری قانون کے تحت شہریت دی گئی تھی۔ لیکن 1966ء تک اسرائیلی فلسطینیوں کو مارشل لاء کا سامنا تھا اور وہ بالکل علیحدہ شدید پابندیوں میں رہنے پر مجبور تھے۔ اس طرح اسرائیلی حکام کو موقع مل گیا کہ وہ اندرونی طور پر مہاجر لیکن موجود فلسطینیوں کی پراپرٹی پر بھی قبضہ کر لیں جنہیں گھر واپس جانے کی اجازت نہیں تھی۔

چند سالوں میں نقبہ سے بچ جانے والے 550 فلسطینی دیہات کی تعداد 100 رہ گئی تھی۔ 25 فیصد سے زیادہ فلسطینی کسانوں کی زمینوں پر قبضہ کر لیا گیا اور انہیں ”ویران“ دیہاتوں میں پناہ لینی پڑی۔ یہ وہ دیہات ہیں جنہیں اسرائیل غیر قانونی سمجھتا ہے اور انہیں حسب موقع فوج خالی کروا کر زمین بوس کر دیتی ہے جس کے بعد انہیں پھر تعمیر کر لیا جاتا ہے۔ ان کا نام و نشان نقشوں سے حذف کیا جا چکا ہے۔

1967ء کے بعد اسرائیلی حکومت نے فلسطینی شہریوں پر دباؤ کم کر دیا تاکہ اسرائیلی عربوں کا عوام میں زیادہ انضمام ہو جبکہ چھ روزہ جنگ کے نتیجہ میں حاصل کردہ نئی مقبوضہ زمینوں کو مستحکم کرنے کا کام جاری رہا، یعنی مغربی کناہ، غزہ، گولان ہائیٹس اور مشرقی یروشلم کے مقبوضہ علاقہ جات۔

اسرائیلی سرمایہ داری کے استحکام کا عمل

فلسطینیوں کے لیے اسرائیل ایک جارحانہ قابض ریاست تھی جس نے ان کی زمینوں پر قبضہ کیا، عوام کا قتل عام کیا اور عوامی ملک بدری کی۔ یورپ میں ہالوکاسٹ کے بعد سے مسلسل آنے والے مہاجر یہودیوں اور عرب دنیا میں صدیوں سے بقائے باہمی کا قائم توازن نقبہ کی ہولناکی کے بعد ٹوٹنے پر لاکھوں یہودیوں کے لیے ان ممالک میں رہنا ناممکن ہو چکا تھا۔۔ جنگ اور ظلم و ستم سے برباد زندگیوں کو دوبارہ تعمیر کرنے کا بہترین موقع اسرائیل رہ گیا تھا۔ 1948-51ء کے دوران، اسرائیلی آبادی دگنی سے زیادہ بڑھ گئی (6 لاکھ 50 ہزار سے بڑھ کر 14 لاکھ) اور اگلی کئی دہائیاں یہودی ہجرت کی وجہ سے تیزی سے بڑھتی رہی۔ 1978ء میں اسرائیلی آبادی 30 لاکھ سے زیادہ ہو گئی اور آج یہ 90 لاکھ سے زیادہ ہے۔

اسرائیلی صیہونی بورژوازی اور سامراجی حیران کن سفاکی سے یہودی قوم کے دلوں میں ظلم و ستم کے خلاف ایک جنت کو تعمیر کرنے کے جذبات جگا کر انہیں استعمال کرتے رہے۔ 1950ء اور 1960ء کی دہائیوں میں انہوں نے یہودی مہاجرین کو آسان اور مسلسل تر و تازہ ہونے والی سستی لیبر کے طور پر اپنی صنعتوں میں استعمال کیا اور جب ضرورت پڑی تو انہی میں سے فوجی بھرتی کر کے خطہ میں اسرائیلی بالادستی کو یقینی بنایا۔ اسرائیلی سرمایہ داری کی حیران کن تعمیر و ترقی دیوہیکل امریکی سبسڈیوں اور سرمایہ کاری کے بغیر کسی صورت ممکن نہیں تھی (1949ء سے وسط 1990ء کی دہائی تک اندازاً 140 ارب ڈالر)۔ مہاجرین کی بے تحاشہ آمد کے باوجود گزرتے سالوں میں اسرائیلی یہودیوں کی ایک قابل ذکر آبادی اسرائیل میں پیدا ہوئی؛ 1949ء میں 27.2 فیصد، 1968ء میں 44 فیصد، 1981ء میں 57 فیصد۔ عبرانی زبان کو انیسویں صدی کے اختتام میں ایلیازر بن یہودا نے ترتیب دی تھی اور یہ نوجوان نسلوں میں جڑ پکڑنے لگی اور آہستہ آہستہ اشکنازی یہودیوں کی یدش اور سفاردیم یہودیوں کی لادینو کی جگہ لینا شروع کر دی۔ کئی دوسری نسل کے اسرائیلیوں نے اپنے آبائی ممالک کی زبانیں ترک کر دیں۔

ظاہر ہے یہودی عوام کو عرب قوم پرست پروپیگنڈے سے کوئی سروکار نہیں تھا جو انہیں ایسا دشمن گردانتا تھا جسے کچلنا لازم ہے۔ ہمسایہ عرب ممالک کا مسلسل عسکری خطرہ اور 1960ء کی دہائی کے وسط سے فلسطینی قومی تنظیموں کی دہشت گردانہ پالیسیوں نے مل کر اسرائیلیوں کی اکثریت کو صیہونی ریاست کی گود میں دھکیل دیا۔ اس طرح صیہونیوں نے ایک اسرائیلی قومی شعور تعمیر کیا جس کی بنیاد یہ ہے کہ عرب ان کو نیست و نابود کرنا چاہتے ہیں۔

1950-70ء کی معاشی خوشحالی اور مسلسل امریکی امداد کے نتیجے میں اسرائیلی محنت کشوں (اس میں ایک حد تک عرب اسرائیلی اقلیت بھی شامل ہے) کو ہمسایہ ممالک میں موجود عرب عوام سے بہت زیادہ بہتر معیار زندگی فراہم کیا جا سکتا تھا۔ اسرائیلی محنت کش کی نظر میں یہ مادی حاصلات قابل دفاع تھیں، خاص طور پر جب ان پر مسلسل بیرونی حملوں کا خطرہ منڈلا رہا تھا۔ اسرائیل کی فلسطینی اقلیت اگرچہ کئی حوالوں سے شدید امتیازی سلوک کا شکار تھی لیکن انہیں یہ بھی پتا تھا کہ آمرانہ اور رجعتی عرب ریاستوں میں ان کا مستقبل تاریک ہے۔ سعودی، کویتی، قطری، اماراتی اور دیگر تیل کی دولت سے مالامال خلیجی بادشاہتیں فلسطینیوں سے ”دوستی“ اور PLO کی مالی امداد کا ڈرامہ کرنے کے ساتھ لاکھوں بدحال فلسطینیوں اور دیگر غریب مہاجر محنت کشوں سے نیم غلامانہ حالات میں مزدوری کرواتی رہیں۔ لیکن انہوں نے ہوشیاری سے انہیں کبھی سیاسی یا ٹریڈ یونین حقوق نہیں دیے، شہری حقوق تو دور کی بات ہے، اور بے رحمی سے ان کا استحصال کرتے رہے۔ یہ عمل 1990ء کی دہائی کے اوائل تک جاری رہا۔ پہلی خلیجی جنگ کے اثرات نے ان آمریتوں کو فلسطینی محنت کشوں کو فارغ کرنے پر مجبور کر دیا اور اب انہوں نے انڈیا، پاکستان اور نیپال کو سستی محنت کا اولین ذریعہ بنا لیا ہے۔

اسرائیل میں طبقاتی تضادات

اسرائیلی سرمایہ داری کی ایک مخصوص حمایت کی بنیاد میں کار فرما عوامل کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، خاص طور پر جب اسے خطرہ محسوس ہوتا ہو۔ لیکن یہ بھی درست ہے کہ اسرائیلی سماج ہمیشہ سے اور آج بھی شدید منقسم اور یکسانیت سے بہت دور ہے۔ 1970ء کی دہائی کے اوائل میں اسرائیلی ”بلیک پینتھرز“ کے پرتشدد احتجاجوں کے نتیجے میں 1974ء میں ایک حکومتی تحقیق منعقد ہوئی۔ ان احتجاجوں کو صیہونی ریاست نے خوفناک جبر کر کے کچل دیا تھا۔ اس تحقیق نے سفاردیم یہودیوں کے حالات کا جائزہ لیا (جو 1948ء کے بعد شمالی افریقہ، عراق، یمن اور دیگر سابق عثمانی سلطنت کے علاقوں سے اسرائیل میں آ کر بس گئے تھے)۔ یہ اسرائیل کی نصف آبادی تھے۔ رپورٹ نے ایک غریب اور استحصال زدہ ”اسرائیل دوم“ کا انکشاف کیا۔ سفاردیم یہودیوں کے 92 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار جبکہ اسرائیلی جیلوں کی آبادی کا 90 فیصد تھے، صرف 17 فیصد کے پاس ہائی سکول کی تعلیم تھی جبکہ یورپی نژاد یہودیوں (اشکنازی)میں یہ شرح 41 فیصد تھی۔ یونیورسٹیوں میں سفاردیم نوجوانوں کی 20 فیصد تعداد جبکہ اشکنازی نوجوان 78 فیصد تھے۔ سفاردیم سماجی بنتر میں 62 فیصد محنت کش (اشکنازی 39 فیصد) اور صرف 5 فیصد بورژوازی (اشکنازی 14 فیصد) ہیں۔ اس طرح کے کئی مزید اعداد و شمار اسرائیلی سماج میں موجود دیوہیکل تضادات کو واضح کرتے ہیں۔ یہ کوئی حادثہ نہیں کہ اسرائیل میں جبر اور امتیازی سلوک کے خلاف سفاردیم نوجوانوں کی ریڈیکل بغاوت نے امریکہ میں بلیک پینتھر جدوجہد سے ہمت و حوصلہ حاصل کیا۔

پچھلی کئی دہائیوں سے اسرائیلی سرمایہ داری میں عدم مساوات مسلسل بڑھ رہی ہے۔ 1992ء میں آبادی کی 10 فیصد اشرافیہ قومی آمدن کا 27 فیصد ہڑپ کر رہی تھی جبکہ غریب ترین 10 فیصد کے پاس 2.8 فیصد حصہ موجود تھا (CIA، دی ورلڈ فیکٹ بک 1999ء)۔ آج عدم مساوات میں دیوہیکل اضافہ ہو چکا ہے۔ عالمی عدم مساوات لیب کی شائع کردہ عالمی عدم مساوات رپورٹ 2022ء کے مطابق ”اسرائیل (دنیا کے)سب سے زیادہ عدم مساوات کا شکار اعلیٰ آمدن ممالک میں سے ایک ہے۔ عوام کی 50 فیصد نچلی آبادی کی اوسط آمدن PPP 11 ہزار 200 یورویا NIS 57 ہزار 900 ہے جبکہ 10 فیصد اشرافیہ کی آمدن انیس گنا زیادہ ہے (PPP 2 لاکھ 11 ہزار 900 یورو، NIS 10 لاکھ 96 ہزار 300)۔ اس طرح عدم مساوات کی شرح امریکہ کے مساوی ہے کہ نچلی 50 فیصد آبادی کل قومی آمدن کا 13 فیصد حاصل کر رہی ہے جبکہ 10 فیصد اشرافیہ 49 فیصد ہڑپ کر رہی ہے“ (پرچیز پاور پیریٹیPPP=، نیو اسرائیلی شیکیلNIS=)۔

اسرائیل کی معاشی اور عسکری قوت کسی بھی سرمایہ دار ملک کی طرح اسرائیلی اور فلسطینی محنت کشوں کے دیوہیکل استحصال پر تعمیر ہوئی ہے۔ درحقیقت یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ محنت کش طبقے کی شدید تقسیم کا نتیجہ کیا ہوتا ہے۔ اسرائیلی ریاست کی بنیاد فلسطینیوں پر جبر اور امتیازی سلوک ہے لیکن اس کا حقیقی مطلب یہ ہے کہ فلسطینیوں اور عام اسرائیلی محنت کشوں کا مسلسل استحصال ہو رہا ہے جبکہ اسرائیلی سرمایہ دار دونوں ہاتھوں سے دولت سمیٹ رہے ہیں۔

چھ روزہ جنگ کی معیاری تبدیلی

سال 1967ء مشرق وسطیٰ کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوا۔ اس وقت تک مختلف عرب ممالک میں موجود فلسطینی مہاجرین کو امید تھی کہ ایک دن مصر، شام اور اردن کی افواج مداخلت کریں گی اور فلسطینی حقوق بحال ہو جائیں گے۔ ایک مہینہ تناؤ اور جھڑپوں کے بعد 5 جون کو اسرائیلی ائر فورس نے بجلی کی تیزی سے مصری اور اردنی ائرپورٹس پر شب خون مارتے ہوئے دونوں ممالک کی 90 فیصد سے زیادہ فضائیہ کو اڑان سے پہلے ہی تباہ و برباد کر دیا۔ اسی دن IDF نے غزہ اور مغربی کنارہ پر فوج کشی کر دی۔ چند دنوں کی شدید لڑائی کے بعد اردنی عرب لشکر اور غزہ میں تعینات فوج کو شکست دے دی گئی۔ 6 جون کو غزہ فتح کر لیا گیا اور اگلے دن انہوں نے یروشلم پر قبضہ کر لیا جس کے بعد مغربی کنارہ پر قبضہ مکمل ہو گیا۔ 10 جون کو عرب دنیا حیران پریشان تھی اور اسرائیل نے پورے برطانوی مینڈیٹ پر قبضہ کرنے کے ساتھ شامی گولان اور مصری سینائی پر بھی قبضہ کر لیا تھا۔ عربوں کو دیوہیکل شکست ہوئی اور 3 لاکھ مزید فلسطینی مہاجر بن گئے۔ لیکن فلسطینی عوام پر چھ روزہ جنگ کا نقبہ کی طرح اعصاب شکن اثر نہیں ہوا۔ اس مرتبہ مایوسی پر غصہ غالب آ گیا۔ عرب شکست نے (صیہونی حکمت کاروں نے ایسا سوچا بھی نہیں تھا) ہمیشہ کے لیے یہ خواب دفن کر دیا کہ کوئی بیرونی مداخلت ”صورتحال کو درست“ کر دے گی۔

1948ء کے فلسطینی مہاجرین اور ان کی اولادوں میں سے زیادہ تر کے پاس ان ممالک کے کوئی شہری حقوق نہیں ہیں۔

1964ء میں عرب سربراہی کانفرنس میں ایک فیصلے کے نتیجے میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (PLO) قائم ہوئی۔ پہلے چند سالوں تک یہ عرب ریاستوں کا محض ایک آلہ کار بنی رہی۔ اسے فلسطینی حریت پسند تحریک سے جنم لینے والی تنظیموں جیسے الفتح، یاسر عرفات کی گوریلا تنظیم اور اس جیسے اور افراد کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا تھا جنہوں نے 1960ء کی دہائی میں ”دوست“ ریاست کے زندانوں میں مہمان نوازی کا مزہ چکھا تھا۔ 1967ء میں جارج ہباش کی پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین (PFLP) کا قیام فلسطینی جدوجہد کی ریڈیکلائزیشن کا اظہار تھا۔ چھ روزہ جنگ کی شرمناک شکست نے ہمیشہ کے لیے عرب بورژوا قوم پرستی کو ننگا اور تباہ و برباد کر دیا۔ اچانک براہ راست اسرائیلی تسلط کے شکار فلسطینی اور اردن، شام اور لبنان کے مہاجر کیمپوں میں محصور مہاجرین؛ عرب قوم پرستی اور عرب ریاستوں کی شدید تنقید کے لیے زرخیز زمین بن گئے۔ اس بے چینی نے فلسطینی حریت پسندی (خاص طور پر الفتح اور نئی PFLP) کو دیوہیکل مہمیز فراہم کی اور یہ جلد ہی مہاجر کیمپوں میں عوامی حمایت حاصل کر گئی۔

21 مارچ 1968ء میں اسرائیلی فوج نے اردن میں الکرامہ گاؤں میں حریت پسندوں کے ہیڈکوارٹر پر حملہ کر دیا۔ الفتح جنگجوؤں کو پہلے سے خبر تھی اور وہ میدان میں ڈٹے رہے۔IDFکے وہم و گمان میں اتنی شدید مخالفت نہیں تھی اور وہ پسپائی پر مجبور ہو گئی۔ 28 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 69 زخمی ہوئے۔ سو سے زائد فلسطینی جنگجو شہید ہوئے لیکن اس ایک واقعہ نے پوری عرب دنیا میں جذبات کا طوفان برپاء کر دیا کیونکہ فلسطینی حریت پسندوں کو وہ فتح حاصل ہوئی جو عرب افواج سے ہمیشہ دور رہی۔۔ اسرائیلی فوج کو پہلی مرتبہ شکست ہوئی۔ اس کے بعد الفتح اور عرفات فروری 1969ء میں PLO کی سربراہی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

فلسطینی حریت پسندوں نے عرب ریاستوں کو رسوا کر دیا

فلسطینی مہاجرین کو ابلتے مہاجر کیمپوں میں کسمپرسی کی حالت میں ٹھونس دیا گیا۔ 1968ء تک ان کی آبادی 15 لاکھ ہو چکی تھی۔ مختلف ممالک کے سرمایہ داروں نے ان مہاجرین کو سستی لیبر کے طور پر استعمال کیا اور تحقیر آمیز حالات میں گزر بسر کرنے پر مجبور کر دیا۔ لیکن 1960ء کے اختتام پر حریت پسندی کی اٹھان نے ان کیمپوں کو مزاحمت کا گڑھ بنا دیا۔ ان کیمپوں اور میزبان ممالک کو اسرائیل نے پرتشدد کاروائیوں کا نشانہ بنایا۔ حریت پسندوں اور میزبان ممالک کے درمیان مسلسل چپقلش کو فلسطینیوں میں انقلابی نظریات کے پھیلاؤ نے اور زیادہ گھمبیر کر دیا کیونکہ وہ فلسطینی انقلاب کو ایک عمومی عرب انقلاب کا حصہ سمجھتے تھے جس کا سوشلسٹ کردار ہو گا۔ فلسطینی حریت پسندوں کی بڑھتی ساکھ اور ان کی پوزیشنوں کو لبنانی اور اردنی عوام میں بہت پذیرائی ملی۔ پہلا بحران 1969ء میں لبنان میں پھٹا جو پہلے ہی عیسائی میرونائٹ اقلیت کے ساتھ تناؤ سے شدید تضادات کا شکار تھا۔ حریت پسندوں اور لبنانی حکومت کے درمیان چپقلش 1969ء کے موسم خزاں میں کئی دنوں کی شدید لڑائی میں تبدیل ہو گئی جس میں لبنانی فوج کو شکست ہوئی۔ قاہر ہ معاہدہ کے تحت اس لڑائی کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔

سیاہ ستمبر

کچھ اسی قسم کی صورتحال اردن میں بھی جاری تھی۔ شاہ حسین کی ہاشمی بادشاہت اور امریکی سامراج کے درمیان بڑھتے تعلقات پر سخت نفرت اور عوام کی اکثریت پر جبری حالات نے ایک فلسطینی انقلاب کے امکانات سے امیدیں روشن کر دیں۔ PLO نے پوری کوشش کی کہ شاہ حسین کے ساتھ براہ راست تصادم نہ ہو لیکن اردنی عوام کی انقلابی اٹھان نے راستے کی ہر رکاوٹ کو روند ڈالا۔ عوامی تحریک نے PLO کے تذبذب اور کسی حقیقی قیادت کی عدم موجودگی میں اردنی بادشاہت پر دھاوا بول دیا۔ 1970ء کے موسم گرماء سے فلسطینی حریت پسند جنگجو اور فوج کے درمیان جھڑپوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا۔ PFLP نے کئی ائرلائنز کے طیاروں کو ہائی جیک کیا (پین ایم، سوئس ائر، برطانوی ائرویز؛ ان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا) جسے عالمی سامعین کے سامنے شاہ حسین نے بہانہ بنا کر جبر کا آغاز کر دیا۔ فلسطینی حریت پسندوں نے چند ہفتوں میں دارالحکومت عمان کے ایک بڑے حصہ پر قبضہ کر کے اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔ شاہ حسین نے 16 ستمبر کو ایک عسکری حکومت قائم کی جس نے اگلے دن فلسطینی مہاجر کیمپوں پر دھاوا بول دیا۔

جنرل المجالی کی کمانڈ میں بدو عسکری یونٹس (ان پر انقلابی موڈ کا کم اثر تھا) نے کیمپوں پر فاسفورس اور ناپام بم گرائے اور عمان کے محنت کش محلوں پر ٹینک چڑھا دیے۔ عسکری قوتوں کے عدم توازن کے باوجود مزاحمت اتنی شدید تھی کہ لڑائی مزید دو ہفتے جاری رہی جس کے بعد حسین 27 ستمبر 1970ء کو ایک معاہدہ کرنے پر مجبور ہو گیا۔ فلسطینی مزاحمت اردن چھوڑ کر لبنان منتقلی پر آمادہ ہو گئی۔ اردنی ”سیاہ ستمبر“ کے متاثرین کے درست اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق 20 ہزار تک افراد ہلاک ہوئے جبکہ دیگر کے مطابق 5-10 ہزار کے درمیان زیادہ تر شہری قتل ہوئے۔ PLO قیادت اور عرفات کے رویے پر فلسطینی انقلابی تحریک کی بھاری اکثریت نے شدید تنقید کی کیونکہ اردن جنگ کے بعد ان کی حالت بہت زیادہ خراب ہو چکی تھی۔ فلسطینیوں میں شاہ حسین کے قتل عام اور دیگر عرب اقوام کی خاموشی پر بہت زیادہ فرسٹریشن اور غصہ تھا۔ اس صورتحال نے بلیک ستمبر جیسے پرتشدد دہشت گرد گروہوں کو جنم لینے کا موقع دیا۔

PLO اور سفارت کاری

اردنی شکست نے فلسطینی حریت پسندوں کی بنیادی کمزوریوں کو دور کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ ”باہر سے“ آزادی کی ایک جدوجہد کے خیال نے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کا کردار غیر فعال کر دیا تھا۔ اس کے ساتھ PLO کی عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں ”عدم مداخلت“ کی پالیسی مزید مضبوط ہو گئی۔ جدوجہد کو خالصتاً ایک قومی ڈھانچے میں مقید کر دینا، فلسطینی ریاست میں آزادی کے بعد کے سماج کی سوچ بچار کو معطل کر دینا؛ ان تمام محرکات نے PLO کو عرب ریاستوں کے ساتھ ایک فریبی اتحاد کا موقع تو فراہم کیا لیکن انہی ریاستوں کی مسلسل دھوکہ دہی سے کوئی تحفظ حاصل نہیں ہو سکا۔ جب بھی عرب عوام نے اپنی زنجیروں کو توڑنے کی کوشش کی اور فلسطینی جدوجہد کا اپنے جابروں کے بنیادی مفادات سے ٹکراؤ ہوا، انہیں ہمیشہ دھوکہ ملا۔

بالآخر عرفات کی قیادت میں PLO نے فلسطینیوں میں عوامی حمایت حاصل کر لی۔ لیکن عالمی سفارتی دباؤ کے تحت، جن میں عرب ریاستیں پیش پیش تھیں، عرفات نے مکمل قلابازی لگا دی۔۔ فلسطینی عوام اپنی آزادی خود جدوجہد کے ذریعے حاصل کرے گی، یہ نظریہ ترک کر دیا گیا اور اس کی جگہ ایک مسلح جدوجہد عالمی سفارت کاری پر ”دباؤ ڈالے گی“ کا نظریہ حاوی ہو گیا۔ 6 اکتوبر 1973ء کو یہودی تہوار یوم کیپور کے دن مصر اور شام نے اسرائیل پر حملہ کر دیا۔ اسرائیلی دفاعی نظام مکمل طور پر بے خبر تھا اور اسے شدید نقصان اٹھانا پڑا۔ فلسطینی حریت پسندوں نے مقبوضہ علاقوں کی لڑائی میں حصہ لیا۔ اردن، عراق اور مراکشی یونٹس اور تیونس سے ایک علامتی دستے نے بھی جنگ میں حصہ لیا۔ عرب افواج کی ابتدائی فتوحات نے عرب عوام کی نظروں میں 1967ء کی شرمناک شکست کا کچھ ازالہ کیا۔

فلسطینی عوام اپنی آزادی خود جدوجہد کے ذریعے حاصل کرے گی، یہ نظریہ ترک کر دیا گیا۔

یوم کیپور جنگ کا اسرائیلی سماج پر بہت گہرا اثر ہوا کیونکہ اس نے اسرائیلی افواج کا ناقابل تسخیر تشخص نیست و نابود کر دیا۔ لیکن بالآخر IDF منظم ہو کر گنوائے گئے علاقہ جات واپس حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور 22 اکتوبر کو اس وقت ایک جنگ بندی معاہدہ ہوا جب اسرائیل کی بالادستی بحال ہو چکی تھی۔ ”سفارتی کاوش“ کو مضبوط کیا گیا۔ 27 نومبر 1973ء کے دن PLO کو عرب سربراہی اجلاس میں ”فلسطینی عوام کا واحد اور حقیقی نمائندہ“ تسلیم کیا گیا۔ مئی 1974ء میں فلسطینی قومی چارٹر کی ترامیم میں پہلی مرتبہ فلسطین کی جزوی آزادی (درحقیقت اسرائیل کے وجود کا اعتراف) کا امکان تسلیم کیا گیا۔ عرفات کو 13 نومبر 1974ء میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں تقریر کے لیے مدعو کیا گیا۔ اپنی شہرہ آفاق تقریر میں اس نے صیہونیت کی مذمت کی لیکن ساتھ میں یہ بھی کہا کہ: ”میں آج (دونوں ہاتھوں میں) امن کی آشا اور حریت پسندی کی بندوق لے کر آیا ہوں۔ میرے ہاتھ سے امن کی آشا گرنے نہ دو۔“ عرفات کی قلابازی نے مکار عرب ریاستوں کو ایک مرتبہ پھر موقع دیا کہ وہ حریت پسندوں کی حقیقی قوت یعنی فلسطینی عوام میں موجود بنیادوں کو کمزور کر سکیں۔

لبنان میں انقلاب اور رد انقلاب

اردن کے تجربات اور 1969ء کی جھڑپوں کے باوجود، لبنان میں فلسطینی مزاحمت اپنی مسلسل بڑھتی قوت سے پُر اعتماد تھی۔ لبنان میں فرانس کی مسلط کردہ حاکم عیسائی میرونائٹ اقلیت اور مختلف مسلمان بورژوا اور پیٹی بورژوا دھڑوں کے درمیان شدید تقسیم موجود تھی۔ اردن کی طرح فلسطینی مزاحمت کی بڑھتی ساکھ کے ساتھ لبنانی عوام میں بھی انقلابی جذبات بھڑکنا شروع ہو گئے۔ مہاجر کیمپوں میں موجود فلسطینی، لبنانی محنت کش طبقے کا کلیدی حصہ بن چکے تھے۔ لبنانی سرمایہ دار ان کی محنت کا کئی سالوں سے استحصال کر رہے تھے۔ انہوں نے مہاجر کیمپوں کو شہروں کے نزدیک کروایا اور مہاجرین کو استعمال کر کے لبنانی محنت کش طبقے کی طاقتور تنظیموں کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔ لیکن اس سفاک چالبازی نے فلسطینی آزادی تحریک اور لبنانی محنت کشوں کی انقلابی امنگوں کو آپس میں جوڑ دیا۔

اردن سے جبری منتقلی کے بعد ہزاروں PLO جنگجوؤں کامسکن لبنان بن چکا تھا۔ بیروت میں پورے محلے PLO کے کنٹرول میں تھے جو ریاست کے مقابلے میں ایک متبادل قوت بن کر ابھر چکی تھی۔ اس کے ساتھ لبنانی عوام میں اس کی دیوہیکل حمایت تھی۔ مزاحمت کی حمایت میں اکٹھا ہونے والا چندہ کئی سماجی اداروں، سکولوں اور ہسپتالوں کے قیام میں استعمال کیا گیا۔ یہ PLO کی قیادت میں پھلتے پھولتے رہے جو اکثر لبنانی ریاست سے بہتر معیار کی سہولیات فراہم کر رہے تھے۔ ان اداروں تک پوری عوام کو آزاد رسائی حاصل تھی۔

1970ء کی دہائی میں یہ کمزور توازن زمین بوس ہو گیا۔ عیسائی میرونائٹ حکمران طبقہ، فوج، عیسائی کتیبی ملیشیاؤں اور ان کے اتحادیوں نے ایک ”خانہ جنگی“ برپاء کر دی۔ درحقیقت یہ ایک رد انقلاب تھا جس کی پوری کوشش تھی کہ سماج پر اپنا کنٹرول بحال ہو۔ لبنانی عوام اور ان کی تنظیموں، جیسے کہ کمال جمبلات کی قیادت میں لبنانی قومی تحریک اور فلسطینی حریت پسندوں کو کچلنا لازم ہو چکا تھا۔ اسرائیل نے مسلسل جنوبی لبنان میں فوج کشی کرتے ہوئے مزاحمت پر شدید حملے کیے۔ 26 جنوری 1975ء کو فلسطینی جنگجوؤں نے فوجی جبر کے خلاف سیدون مچھیروں کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے ان کا دفاع کیا۔ فلسطینی حریت پسندوں نے لبنانی سیکورٹی فورسز کو پسپائی پر مجبور کر دیا اور ان کے دس سپاہی مارے گئے۔ عیسائی کتیبی نے PLO سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کر لیا۔ فروری میں مبینہ طور پر لبنانی فوج نے ایک فلسطین حامی لبنانی ممبر پارلیمنٹ معروف سعد کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ 13 اپریل کو کتیبی قائد پیئر جمیل پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں کتیبی نے مہاجر کیمپ تال الزعتر جانے والی ایک بس کو روک کر تمام 27 مسافروں کو سفاکی سے قتل کر دیا جس کے بعد پورا بیروت کشت و خون میں ڈوب گیا۔

1975ء کا پورا سال PLO نے لبنانی لیفٹ کی لاجسٹک اور اسلحہ سے حمایت کرنے پر اکتفاء کیا۔ PLO کی ”تیل دیکھو تیل کی دھار دیکھو“ پالیسی نے محض جنگ کو طویل کیا لیکن عیسائی کتیبی نے فیصلہ کیا کہ وہ دیبہ اور تال الزعتر مہاجر کیمپوں کا محاصرہ کریں گے جس نے فلسطینی مسلح حریت پسند گروہوں کو پوری قوت کے ساتھ جنگ میں داخل ہونے پر مجبور کر دیا۔ رد انقلابی کتیبی کو پہاڑوں تک بھگا دیا گیا، یہاں تک کہ وہ شکست کے دہانے پر پہنچ گئے۔ اس لمحہ پر ساری صورتحال حیران کن ڈرامائی انداز میں تبدیل ہو گئی۔ لبنانی لیفٹ کی جانب سے ایک انقلابی حکومت کے ممکنہ قیام کے اعلان پر فلسطینی جدوجہد کے ”دوست“ عرب فرنٹ کی دیوار زمین بوس ہو گئی۔ مصر اور اردن خوفزدہ تھے کہ انقلاب پورے مشرق وسطیٰ میں پھیل جائے گا۔ لیکن سفاک دھوکہ وہاں سے ہوا جہاں سے کسی کو توقع نہیں تھی۔ سامراج مخالفت کے ہیرو حافظ الاسد، بعث پارٹی سے تعلق رکھنے والے شامی صدر، نے ایک حیران کن قلابازی لگائی اور کتیبی کی حمایت میں جون 1976ء کو شام کی افواج متحرک کر دیں۔

شام کی مداخلت نے پرتشدد طریقہ سے پوری صورتحال بدل دی۔ فلسطینی مزاحمت کو شدید نقصانات اٹھاتے ہوئے شہروں کی جانب پسپائی اختیار کرنی پڑی جبکہ کتیبی نے شامی فوج کی حفاظت میں تال الزعتر کیمپ کا محاصرہ کر لیا۔ تمام عرب ریاستوں میں سب سے زیادہ ”ترقی پسند“ شام کو جب ایک انقلاب سے بالواسطہ خطرہ بھی محسوس ہوا تو اس نے انہی فلسطینی حریت پسندوں کے خلاف بورژوا رد انقلاب کے سب سے رجعتی دھڑے کا ساتھ دینے میں لمحہ بھر توقف نہیں کیا جس کا ہیڈکوارٹر کئی سالوں سے دمشق میں موجود تھا اور اس کی فنانسنگ جاری تھی۔ عرب لیگ کا حکمران ٹولہ خاموش تماشائی بنا رہا اور سکون و راحت محسوس کرتا رہا۔ انیس مہینوں کی جنگ اور 60 ہزار اموات کے بعد لبنان کو زونز میں تقسیم کر دیا گیا جہاں مختلف متحارب قوتوں نے ایک کمزور مسلح جنگ بندی معاہدے کے تحت ڈیرے جما لیے۔ اسد کے دھوکے کے باوجود PLO کی قیادت نے تحقیر آمیز مذاکرات کے ذریعے ”عرب فرنٹ“ کی دراڑوں کو ختم کرنے اور اسے ازسرنو منظم کرنے کی کوشش میں اپنے آپ کو خرچ کر دیا۔

لبنان پر اسرائیلی فوج کشیاں

اسرائیل کے لیے لبنانی سرزمین پر فلسطینی جنگجوؤں کی موجودگی ہی ناقابل برداشت تھی۔ 14 مارچ 1978ء کو اسرائیل نے جنوبی لبنان پر حملہ کر دیا اور چند دنوں میں فلسطینی حریت پسندوں پر حاوی ہو گئے (لبنانی فوج نے انہیں تنہا چھوڑ دیا تھا)۔ لیکن اس وقت کے وزیر اعظم بیگن نے امریکی صدر جمی کارٹر کے دباؤ میں انخلاء کا فیصلہ کیا جس نے سادات اور بیگن کے درمیان خفیہ دوطرفہ مذاکرات کروانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ ان کا مقصد اسرائیل اور مصر کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانا تھا۔ اس حوالے سے ایک باضابطہ معاہدہ کیمپ ڈیوڈ میں 18 ستمبر 1978ء میں ہو گیا۔ لیکن اسرائیل کے لیے مسئلہ حل نہیں ہوا تھا۔ 6 جون 1982ء میں IDF نے بیگن حکومت کے وزیر دفاع ایریل شیرون کی قیادت میں لبنان پر وسیع پیمانے پر دوسرا حملہ کیا۔ اس حملے نے خون کی ندیاں بہا دیں۔ چند گھنٹوں میں اسرائیلی ائر فورس کی برسائی آگ نے شہروں اور مہاجر کیمپوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ ٹینکوں کی قطاریں بیروت پر چڑھ دوڑیں۔ اس قتل و غارت گری کے بازار میں پہلے دو ہفتوں میں 14 ہزار ہلاکتیں ہوئیں۔ IDF نے مغربی بیروت کی ایک ہولناک ناکہ بندی شروع کر دی جو 78 دن جاری رہی۔ تمام سپلائی بند کر دی گئی اور شہر پر مسلسل بمباری جاری رہی۔ 7 ہزار لبنانی اور ان گنت فلسطینیوں کی اموات (حقیقی اعداد و شمار کا آج تک کسی کو نہیں معلوم) بھی مزاحمت کو نہیں توڑ سکیں۔ تعطل نے سامراجی سفارت کاری کو موقع فراہم کیا کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے لبنان سے فلسطینی مزاحمت کے مکمل انخلاء کے لیے مذاکرات کرے۔ اگست 1982ء کے اختتام پر 10 ہزار سے زائد فلسطینی جنگجوؤں کو فرانسیسی-اطالوی-امریکی فوجی نگرانی میں بیروت سے نکالا گیا لیکن PLO کے ڈھانچوں کو بچانے کے چکر میں جو نقصان ہوا وہ ناقابل تلافی تھا۔

لبنانی عوام اور مہاجر کیمپوں میں موجود فلسطینیوں کو عیسائی کتیبی، شام نواز عمل شیعہ ملیشیا، شامی فوج اور اسرائیلی فوج کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ ان کی حفاظت ایک معاہدہ تھا جس کی اوقات اس کاغذ کے ٹکڑے سے زیادہ نہیں تھی جس پر یہ لکھا گیا تھا۔ اسرائیل کا بدلہ فوری اور انتہائی بھیانک تھا۔ 16-18 ستمبر کے دوران لبنان سے عالمی ”امن“ دستے کے نکلنے کے فوری بعد (بقیہ فلسطینی جنگجوؤں کو غیر مسلح اور باہر نکالنے کے بعد) IDF کی حفاظت میں لبنانی کتیبی نے 3 ہزار نہتے فلسطینی مہاجرین کو بیروت میں واقع صبرا اور شاتیلا کیمپوں میں 40 گھنٹوں میں لگاتار آپریشن کر کے قتل کر دیا۔ خبروں کے مطابق ایریل شیرون شاتیلا کیمپ کی دیوار سے دو سو میٹر دور ایک اونچی عمارت کی چھت پر کھڑا خون کی ہولی کا نظارہ کر رہا تھا۔ چھ سال پہلے تال الزعتر میں شامیوں کی طرح اسرائیلیوں نے کتیبی کو کیمپوں سے تمام بھاگنے کے راستے بند کر کے اور اشیائے خورد و نوش کے ذریعے لاجسٹک سپورٹ دی۔

صبرا اور شاتیلا میں قتل عام کی ہولناکی سے سارا خطہ لرز اٹھا، حتیٰ کہ اسرائیل بھی نہیں بچ سکا۔ 25 ستمبر 1982ء میں 4 لاکھ افراد اس قتل عام پر تل ابیب کی سڑکوں پر IDF اور شیرون کے خلاف باہر نکل آئے۔ ایک سرکاری تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی تاکہ صورتحال کو زائل کرتے ہوئے IDF کے کردار کی پردہ پوشی کی جائے۔ لیکن یہ کمیٹی بھی ایریل شیرون کے ذاتی کردار کو بچا نہیں سکی اور اسے استعفیٰ دینا پڑا۔ PLO کی قیادت تیونس منتقل ہو گئی جہاں عرفات اور اس کے حواری 1994ء میں غزہ منتقلی تک جلا وطنی میں عیش و عشرت میں زندگی گزارتے رہے۔ ان کی تمام توانائی عرب ریاستوں کے درمیان مذاکراتی ترکیبوں اور باہمی لڑائیوں میں توازن پر صرف ہوتی رہی جس میں خلیجی بادشاہتوں کے ساتھ تعلقات کو معمول پر ازسرنو استوار کرنا بھی شامل تھا۔ PLO کی پالیسی کا محور مشرق وسطیٰ میں استحکام کے نتیجہ میں مراعات حاصل کرنا بنتا جا رہا تھا۔ شکست کے بعد عوامی قوت کی پسپائی کے ساتھ امریکی سامراج اور یورپ کی نگاہوں میں مذاکراتی میز پر کرسی حاصل کرنے کے لیے عرفات کا دار و مدار انڈر گراؤنڈ مزاحمت اور خاص کر انفرادی دہشت گرد اقدامات پر رہا (ماضی میں PLO اس کی مذمت کرتی تھی)۔

انتفادہ کے موقع پر مقبوضہ علاقہ جات کی حالت زار

بیس سالوں کے عسکری قبضہ کے دوران مقبوضہ علاقے اسرائیلی اجناس کے لیے اضافی منڈی اور غیر ہنر مند لیبر کا ایک ذریعہ بن چکے تھے۔ مغربی کنارہ اور گولان ہائیٹس پر قبضہ کرنے کے فیصلے میں علاقے کے آبی ذخائر کا سوال اہم رہا ہے۔ اسرائیل کبھی برداشت نہیں کر سکتا تھا کہ مقبوضہ علاقہ جات اپنی ایک علیحدہ اور آزاد زندگی تعمیر کر لیں۔ اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ علاقہ جات کی معیشت کا رفتہ رفتہ گلا گھونٹنے کا ایک نظام تشکیل دیا ہے جس میں زراعت کا سب سے بڑا کردار اور پھر چھوٹے پیمانے پر کچھ دستکاری شامل ہے۔ اس نے کسانوں اور زرعی مزدوروں کا روزگار چھین لیا اور ان میں سے کئی افراد ان 1 لاکھ 20 ہزار فلسطینیوں میں شامل ہو گئے جو روزانہ اسرائیل میں کام کرنے کے لیے سفر کرتے ہیں (مغربی کنارہ کی ایک تہائی اور غزہ کی 50 فیصد لیبر فورس)۔ اسرائیلی ریاست نے ”گرین لائن“ کو پار کرنے کی شرط کو فلسطینی محنت کشوں کیخلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جنہیں سرحد بند ہونے کا مسلسل خطرہ لاحق رہتا تھا۔ مقبوضہ علاقہ جات کی معیشت اس وقت (اور آج بھی) بنیادی اشیائے ضرورت کے لیے مکمل طور پر اسرائیل پر منحصر تھی۔ اسرائیلی پالیسی کے نتیجے میں مقبوضہ علاقوں کا قدرتی اور تاریخی معاشی انحصار باقی فلسطین پر بے تحاشہ بڑھ گیا۔ 1970ء میں 82 فیصد درآمدات اسرائیلی تھیں جبکہ 1987 ء میں یہ شرح 91 فیصد ہو چکی تھی۔

اس وقت بیرون ملک مقیم لاکھوں فلسطینی اپنے خاندانوں کو ترسیلات زر بھی بھیج رہے تھے جو اس وقت مقبوضہ علاقہ جات کے GDP کا 37 فیصد بنتا تھا۔ ترسیلات زر آج بھی مغربی کنارہ اور غزہ کے GDP کا ایک قابل ذکر حصہ ہیں (20 فیصد)۔ اس بنیاد پر ایک ایسی منڈی فعال ہے جس میں اسرائیلی زائد مصنوعات بیچی جا سکتی ہیں۔ قبضہ کے پہلے دس سالوں میں آبادکاروں کی کل آبادی 7 ہزار سے زیادہ نہیں تھی۔ لیکن 1977ء میں لیکود جیسی صیہونی رائٹ ونگ پارٹیوں کے ابھار کے ساتھ آبادکاری کی پالیسی تیزی سے پروان چڑھنے لگی۔ اگلے دس سالوں میں فلسطینی زمینوں پر 18 ہزار گھر اور 139 نئی آبادیاں بنائی گئیں جن میں 80 ہزار آبادکار رہائش پذیر ہو گئے۔ مخصوص سڑکوں کا ایک نیٹ ورک بنایا گیا جس کے ذریعے آبادکاروں کو فلسطینیوں سے علیحدہ کر دیا گیا اور ان کی سرگرمیاں شدید محدود ہو گئیں۔ یہودی آبادکاروں کی بڑھتی آبادی اس قبضے کا سب سے غلیظ اور مکروہ اظہار بن چکی ہے۔ بیس سالوں میں مقبوضہ علاقہ جات کی فلسطینی آبادی میں حیران کن اضافہ ہوا ہے۔ 1987ء میں 25 سال سے کم عمر آبادی 75 فیصد اور 15 سال عمر سے کم 50 فیصد تھی۔ انتفادہ میں متحرک ہونے والی اکثریت آبادی نے اپنی زندگی میں اسرائیلی قبضے کا ناقابل برداشت، تذلیل آمیز اور جابرانہ تسلط ہی دیکھا تھا۔

انتفادہ

نقبہ کی چار دہائیوں اور چھ روزہ جنگ کی دو دہائیوں بعد فلسطینی قومی آزادی کی جدوجہد کے حالات بہت پتلے تھے۔ اردن اور لبنان میں انقلابی تحریکیں خون میں ڈوب چکی تھیں اور فلسطینی مزاحمت کا شیرازہ بکھر چکا تھا۔ مہاجر کیمپوں میں موجود فلسطینی عوام کی دیوہیکل قربانیوں کا کوئی ٹھوس نتیجہ نہیں نکلا تھا۔ اسرائیل پورے فلسطین پر اپنی آہنی گرفت مضبوط کر چکا تھا۔ تیونس میں موجود PLO قیادت اور مقبوضہ علاقوں میں زمینی حقائق کے درمیان خلیج اتنی بڑھ چکی تھی کہ عوامی موڈ کی تبدیلی کو عقابی نگاہوں والا عرفات بھی بھانپ نہیں سکا تھا۔ انتفادہ سے چند مہینوں پہلے اسرائیلی ماہر سماجیات میرون بن ونیستی کے ادارے مغربی کنارہ ڈیٹا بیس نے ایک رپورٹ شائع کی کہ:

”غیر منظم، خودرو گروہوں کی جانب سے تشدد مسلسل بڑھ رہا ہے۔ اپریل 1986ء اور مئی 1987ء کے دوران 3 ہزار 150 پُر تشدد واقعات رونما ہوئے جن میں پتھراؤ سے لے کر سڑکوں کی بندش اور تقریباً سو سے زائد اسلحہ یا دھماکہ خیز مواد کے ساتھ حملے شامل ہیں۔“

5-6 جون کو فلسطینی عوام کا بڑھتا باغیانہ موڈ واضح تھا جب اسرائیلی قبضہ کے بیس سالوں کی سالگرہ کا ایک عام ہڑتال سے استقبال ہوا۔ 7 دسمبر 1987ء کو وہ کچھ ہوا جس کا وہم و گمان بھی اسرائیلی انٹیلی جنس اور PLO قیادت کو نہیں تھا۔ کئی واقعات کی طرح ایک واقعہ جس نے مقبوضہ علاقوں کے دل میں اسرائیلی قبضے کے خلاف ہزاروں لاکھوں فلسطینی نوجوانوں کے خود رو انقلاب کو جنم دیا۔ اس امکان کو PLO قیادت مکمل طور پر رد کر چکی تھی۔ ایک IDF ٹرک نے ایک سویلین گاڑی کو ٹکر مار کر چار فلسطینی محنت کشوں کو قتل کر دیا۔ یہ واقعہ ایک دن پہلے غزہ میں ایک اسرائیلی کے قتل کا بدلہ تھا یا محض ایک حادثہ، یہ اہم نہیں ہے۔ یہ واقعہ اونٹ کی کمر پر آخری تنکا ثابت ہوا۔ اس چنگاری نے اس بارود کی ڈھیری کو دھماکہ سے اڑا دیا جو بیس سالوں سے اسرائیلی قبضے میں اکٹھی ہو رہی تھی۔

لفظ ”انتفادہ“ (اس کا معنی بغاوت یا ”جھٹک کر اتار دینا“ ہے) حقیقی طور پر فلسطینی عوام کے ردعمل کا اظہار ہے۔

لفظ ”انتفادہ“ (اس کا معنی بغاوت یا ”جھٹک کر اتار دینا“ ہے) حقیقی طور پر فلسطینی عوام کے ردعمل کا اظہار ہے۔ ایک مرتبہ شروع ہونے کے بعد اس نے چند گھنٹوں میں طویل عرصہ سے لاگو طاقتوں کے توازن کو توڑ کر رکھ دیا اور کئی مہینوں قابض قوتوں کے لیے سخت ترین امتحان بنا رہا۔ انتفادہ کا دیوہیکل عالمی اثر پڑا اور اس نے اسرائیل میں عرب اسرائیلیوں کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ اس بغاوت کو کچلنے کی کوششوں نے یہودی نوجوانوں کی ایک پرت میں بھی شدید غم و غصہ کو جنم دیا۔ سخت ترین جبری اقدامات بھی ناکارہ ثابت ہوئے۔ اسرائیل نے ایک سال تک بغیر فرد جرم یا کیس انتظامی گرفتاری کا نظام سختی سے مسلط کر دیا۔ چند مہینوں میں 9 ہزار گرفتاریاں ہوئیں، کئی سو افراد قتل اور ہزاروں زخمی ہوئے، قتل یا گرفتار افراد کے خاندانوں کے خلاف تادیبی کاروائیاں ہوئیں اور ان کے گھر مسمار ہوئے، دیہات اور محلوں پر اجتماعی سزا کا قہر ڈھایا گیا۔ پتھراؤ کرنے والوں کے لیے (ان میں سے زیادہ تر بچے تھے) اسرائیلی وزیر دفاع رابین کے الفاظ ڈاکٹرائن تھے، ”ان کے ہاتھ اور پیر توڑ دو“۔ اس ہولناک جبر کا نتیجہ سوائے بغاوت کے اور کچھ نہیں تھا۔

جدوجہد نے عام ہڑتالوں، سڑک بندشوں اور اسرائیلی پٹرولنگ پر گھات لگا کر ان پر پتھراؤ کرنے والے باغی نوجوان کی شکل میں اپنا اظہار کیا۔ اس میں سول نافرمانی جیسے ٹیکسوں کی ہڑتال اور اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے دکانوں پر لاگو بندش اوقات کی نافرمانی بھی شامل تھی۔ مشرقی یروشلم میں اسرائیلی فوج نے ایک لاک ڈاؤن کے دوران دکانیں کھلوانے کی ناکام کوشش کی۔ دکاندار دھمکیوں اور جبر کے زور پر دکانیں کھولتے تھے لیکن جیسے ہی فوجی آگے نکل جاتے، فوراً بند کر دیتے تھے۔ انتفادہ کے اوائل دنوں سے ہی ہر جگہ خودرو پاپولر کمیٹیاں بننی شروع ہو گئی تھیں۔ ابتداء میں انہوں نے IDF اور پولیس سے لڑنے والے نوجوان گروہوں کو گلیوں میں ٹائر جلانے کے حوالے سے منظم کیا۔ جدوجہد جاری رہنے کے ساتھ پاپولر کمیٹیوں نے ہڑتالوں اور لاک ڈاؤن کے دوران بنیادی اشیائے ضرورت بھی تقسیم کیں اور ایسے گروہ تشکیل دیے جن کا کام آبادیوں کا تحفظ تھا۔

ان تنظیموں نے نوجوانوں اور مزدور سرگرم کارکنوں (ان میں بھاری اکثریت کسی روایتی تنظیم کی ممبر نہیں تھی) کو متحد اور منظم کیا۔ اس کے ساتھ جدوجہد کی قیادت بھی حاصل کی، عوام کی فوری ضرورتوں کے ہر پہلو اور جدوجہد سے ابھرنے والے ہر فرض کو نبھایا۔ مخصوص کمیٹیاں جدوجہد کے مختلف پہلوؤں کو منظم کر رہی تھیں۔ محلوں اور دیہات میں صحت پوسٹیں بنائی گئیں اور جب قابض انتظامیہ نے فروری 1988ء کو تمام سکول بند کر دیے تو تعلیم کو بھی منظم کیا۔ تمام سرکاری ریٹ، کرائے اور قیمتیں منجمد کر دی گئیں۔ ذخیرہ اندوزی کے خلاف لڑائی منظم کی گئی، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا گیا، قلت زدہ اشیاء کی تقسیم کو منظم کیا اور اشیائے خورد و نوش کے بحران سے نمٹنے کے لیے گزارے لائق کاشتکاری اور جانوروں کی افزائش نسل کو منظم کرنے کی بھی کوششیں ہوئیں۔ عوامی عدالتیں قائم ہوئیں۔ کمیٹیوں کے ان جمگھٹوں میں خواتین نے ایک کلیدی کردار ادا کیا۔ عسکری آپریشن کے بوجھ تلے کمیٹیاں اگرچہ ایک عمومی سطح پر نوآبادیاتی اتھارٹیوں کی متبادل قوت بن کر اپنے امکانات کا مکمل اظہار نہیں کر سکیں لیکن انتفادہ کے پہلے مرحلے میں یہ ڈھانچے تھے جن کے ذریعے عوام نے اپنی قوت اور لڑاکا سرگرمیوں کا اظہار کیا۔

مئی 1988ء میں بغاوت کو چھ مہینے ہو چکے تھے اور اسرائیلی ذرائع کے مطابق 45 ہزار کمیٹیاں فعال تھیں۔ شہری سطح پر ان کی آپسی رابطہ کاری اور جڑت کا کام شروع ہو چکا تھا جبکہ فلسطینی لیفٹ کی مرکزی پارٹیوں (PFLP, DFLP, PCP) کی پیش قدمی سے ایک متحدہ انتفادہ کمانڈ کا فوری نفاذ ہو چکا تھا۔ بعد میں کیے جانے والے تمام دعووں کے برعکس تیونس میں موجود PLO کی قیادت مقبوضہ علاقوں میں دیوہیکل انقلابی تحریک کے نتیجہ میں مکمل طور پر فارغ ہو چکی تھی۔ ستمبر 1988ء یعنی ایک سال تک متحدہ کمانڈ نے اس وقت تک عرفات کا ہر حکم مسترد کر دیا جب تک کمانڈ کی قیادت کا اسرائیلی فوج نے صفایا نہیں کر دیا۔

اسرائیلی تقسیم

پتھروں اور جذبات سے مسلح بچوں کے خلاف خطے کی سب سے طاقتور فوج کو متحرک کیا جا چکا تھا۔ یہ صورتحال بائبلی دیومالا داود (David) اور جالوت (Goliath) سے مشابہہ تھی اگرچہ یہاں داود فلسطین بن چکا تھا۔ قابض افواج باقاعدہ ”ہتھیاروں“ کی ضبطگی اور جلاؤ گھیراؤ کے لیے آپریشن کر رہی تھیں جیسے سکول کی کتابیں، ادویات اور میڈیکل سپلائز اور شدید افلاس کی صورتحال میں عوام کی اشیائے خورد و نوش ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بننے والے باغات کو تباہ و برباد کیا جا رہا تھا۔ ان معاملات نے نوجوان IDF فوجیوں کا اعتماد ہلا کر رکھ دیا اور اسرائیلی نوجوانوں کی پرتوں میں قبضے کے خلاف شدید نفرت کے جذبات کو بھڑکا دیا۔ مارچ 1988ء میں حالات اس نہج پر پہنچ گئے کہ ریٹائرڈ اسرائیلی جرنیلوں کے ایک گروہ نے ”کونسل برائے امن اور سیکورٹی“ بنا لی جس کی پوزیشن شمالی علاقہ جات (لبنان) کے سابق سپریم کمانڈر جنرل اور (Orr) نے ان الفاظ میں واضح کی کہ: ”ہم متفق ہیں کہ قبضہ ختم ہونا چاہیے کیونکہ اس کو جاری رکھنا ہمارے لیے کہیں زیادہ خطرناک ہے“ (لی مونڈ، 2 جون 1988ء)۔

ان کی پٹیشن پر سابق موساد سربراہ (یاریف)، سابق مغربی کنارہ منتظم (سنیح) سمیت 30 ڈویژن جرنیلوں اور 100 بریگیڈیئر جرنیلوں نے دستخط کیے۔ یہ نصف ریزرو جرنیل تھے۔ شمیر نے اس بحران کو حل کرنے کی بجائے مقبوضہ علاقہ جات پر کریک ڈاؤن مزید سخت کر دیا۔ اگست 1988ء میں پاپولر کمیٹیوں پر پابندی لگا دی گئی اور ان کے ممبران کے لیے دس سال تک جیل سزا مقرر کی گئی۔ ایک سال بعد انتفادہ جبر کے شدید حملوں اور تباہ کن معاشی حالات کے بوجھ تلے ٹوٹنا شروع ہو گئی۔ متحدہ کمانڈ نے 1988ء کے اختتامی ہفتوں میں PLO کی اتھارٹی کو بطور ”فلسطینی عوام کا واحد نمائندہ“ تسلیم کر لیا۔ 15 نومبر کو عرفات نے اسرائیلی مقبوضہ علاقہ جات میں ایک فلسطینی ریاست کے قیام کا اعلان کر دیا جس کے بعد PLO نے فوری طور پر مقبوضہ علاقہ جات میں تحریک پر اپنا کنٹرول بنانا شروع کر دیا۔ تمام کمیٹیوں کو PLO کے فلاحی ڈھانچوں میں ضم کر لیا گیا اور فلسطینی عوام کی ابتدائی طاقت کے سرچشموں کے طور پر ان کا کردار تباہ و برباد کر دیا گیا۔ ان اقدامات نے انتفادہ کے عوامی کردار کا گلا گھونٹ دیا اور بغاوت کے دوسرے زیادہ پرتشدد دور کا آغاز ہوا جس میں نوجوانوں کی ایک پرت نے شدید ہیجان میں ردعمل کا اظہار کرنا شروع کر دیا۔ یہ کوئی حادثہ نہیں کہ جیسے جیسے بغاوت کا عوامی کردار ختم ہوتا گیا ویسے ویسے اسلامک جہاد اور حماس کا کردار بڑھتا گیا۔

حماس

انتفادہ کے پہلے مرحلے میں اخوان المسلمین نے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ انتفادہ کے آغاز کے بعد حماس کو ایک علیحدہ تنظیم کے طور پر منظم کیا گیا تاکہ غزہ میں موجود اخوان کے قائد شیخ احمد یاسین کی تنظیم الجامعہ الاسلامیہ کے مفادات کا تحفظ ہو۔ وال سٹریٹ جرنل میں اینڈریو ہگنز نے 2009ء میں ایک مضمون لکھا جس میں حماس کی تنظیم اور ارتقاء میں اسرائیل کے کردار کو واضح کیا گیا ہے۔ مصری ریاست کے ہاتھوں بیس سال شدید جبر سہنے کے بعد اخوان المسلمین کو اسرائیلی مقبوضہ غزہ میں پھلنے پھولنے کے لیے سازگار ماحول میسر ہو گیا۔ اسرائیل نے الجامعہ الاسلامیہ کو رجسٹر ہونے کے بعد 1970ء اور 1980ء کی دہائیوں میں قانونی طور پر کام کرنے کی اجازت دی جس کا نتیجہ پیسوں اور اثاثوں کا ارتکاز تھا۔

تنظیم کے گرد سکولوں، کلبوں، مسجدوں اور غزہ کی اسلامک یونیورسٹی کے جال نے اخوان کو اپنی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا۔ اسرائیل کا مقصد اسلامی قدامت پرستوں کو استعمال کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمت کے انقلابی لیفٹ کی کمر توڑنا تھا۔ الجامعہ نے فلسطینی لیفٹ کے دفتروں پر دھاوا بول کر خونریز لڑائیاں لڑیں تاکہ فلسطینی ریڈ کریسنٹ (ریڈ کراس کا مسلم ورژن) کا کنٹرول لیا جا سکے۔ اس جنگ و جدل نے ہر سطح پر اپنا اظہار کیا۔ اسلام پسندوں نے شراب بیچنے والی دکانوں اور سینما پر حملے کیے۔ زیادہ تر واقعات میں اسرائیلی فوج محض خاموش تماشائی بنی رہی۔ الجامعہ اور اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں کے درمیان تعلقات 1984ء میں شیخ یاسین کی گرفتاری کے دوران بھی جاری رہے تھے اور اعلیٰ ترین سطح پر مشاورتی تعلقات قائم رہی۔ انتفادہ کے بھرپور عروج کے دنوں میں ایک اسرائیلی عسکری اور عرب معاملات ماہر مسٹر ہشام نے ایک واقعہ بتایا کہ باقاعدہ مشورہ جات کے سلسلے میں حماس کے ایک بانی محمود زاہار کو اسرائیلی وزیر دفاع ازہاق رابین سے ملوایا گیا۔ اکتوبر 1990ء میں یروشلم میں الاقصیٰ مسجد قتل عام اور بغیر تناظر ایک طویل جدوجہد سے ابھرنے والی مایوسی نے حماس کی پھلنے پھولنے کے لیے زمین زرخیز کر دی۔

اوسلو معاہدہ 1993ء

عرفات اور PLO نے 1990ء کی پہلی خلیجی جنگ میں عراق کی حمایت کی۔ صدام حسین نے فلسطینی سوال کو امریکی سامراج کے خلاف استعمال کیا تھا۔ اس نے عراق اور اسرائیل کے حوالے سے دوہرے معیار پر شدید تنقید کی اور کویت سے انخلاء کی پیشکش کی اگر اسرائیل بھی مقبوضہ علاقہ جات سے نکل جائے۔ اس پر PLO اور امریکہ کے درمیان دراڑ پیدا ہو گئی۔ لیکن عرب لیگ کے ساتھ بھی مسائل بن گئے کیونکہ وہ بش (Bush) کے پیچھے ہاتھ باندھے کھڑی تھی۔ اب امریکی سامراج سمجھتا تھا کہ وہ عرفات کی کمزوری کو اپنے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ اس نے 1991ء موسم گرماء میں میڈرڈ میں ”فلسطینی سوال کے حل“ کے لیے ایک کانفرنس منعقد کی جس میں PLO نے شمولیت کی جبکہ حماس نے اسے ”فلسطین کو بیچ ڈالا“ کہا۔ اسرائیلی فلسطینی باہمی مذاکرات کا نتیجہ اوسلو معاہدہ کی شکل میں نکلا جس کی وائٹ ہاؤس نے 13 ستمبر 1993ء کو آفیشل حمایت کی۔ اس موقع پر وائٹ ہاؤس کے باغ میں یاسر عرفات اور اسرائیلی وزیر اعظم ازہاق رابین نے مشہور زمانہ ہاتھ بھی ملایا۔

اسرائیلی فلسطینی باہمی مذاکرات کا نتیجہ اوسلو معاہدہ کی شکل میں نکلا۔

اوسلو معاہدہ اسرائیلی جانب سے یہ اعتراف تھا کہ انتفادہ ثابت کر چکا ہے کہ مقبوضہ علاقہ جات پر براہ راست حکمرانی نہیں ہو سکتی۔ رابین نے اپنی عمر کا زیادہ تر حصہ فلسطینیوں کے خلاف لڑائی میں گزارا تھا۔ 1948ء میں اس نے تل ابیب اور یروشلم کے درمیان موجود اطاع اور تعثر پر حملوں میں حصہ لیا تھا۔ اس آپریشن میں کئی سو افراد قتل ہوئے تھے۔ 1967ء کی چھ روزہ جنگ میں رابین IDF کا چیف آف سٹاف تھا جس کے بعد وہ اسرائیلی ہیرو بن گیا تھا۔ 1980ء کی دہائی کے اختتامی سالوں میں وہ شمیر کے تحت وزیر دفاع تھا۔ اس دوران اس نے انتفادہ کے خلاف سارے آپریشن کی نگرانی کی جس میں اسرائیلی فوجیوں کو حکم دیا گیا کہ وہ پتھراؤ کرنے والے فلسطینیوں کے ہاتھ توڑ ڈالیں۔ بعد میں اس نے انکار کر دیا کہ ایسا کوئی حکم جاری ہوا تھا۔ یہ انتفادہ تھا جس نے اسے قائل کیا کہ سٹیٹس کو اب مزید جاری نہیں رہ سکتا۔ نیو یارکر اخبار میں ایک مضمون (19 اکتوبر 2015ء) میں 1988ء میں لیبر پارٹی میں اپنے ساتھیوں کو کہے گئے رابین کے یہ الفاظ نقل کیے گئے کہ: ”میں نے پچھلے ڈھائی مہینوں میں ایک نئی بات سیکھی ہے۔ دیگر معاملات کے علاوہ، 15 لاکھ فلسطینیوں پر جبر کے ذریعے حکمرانی نہیں ہو سکتی“۔ رابین کے الفاظ بتا رہے ہیں کہ انتفادہ کی بغاوت نے اسرائیلی قبضے کی بنیادوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔ اس نے صیہونی قیادت کو اپنا طریقہ کار تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا۔ رابین کی اتھارٹی کے تحت ایساممکن تھا اگرچہ صیہونی انتہائی دائیں بازو کی بڑھتی شدید مخالفت کے نتیجے میں 1995ء میں اسے اپنی جان گنوا کر قیمت ادا کرنی پڑی۔

”جانی دشمن“ PLO قیادت کو اسرائیل حکمران طبقہ نے ایک ناپائیدار سمجھوتہ کے تحت اپنے ساتھ ملا لیا جو درحقیقت ایک جال ثابت ہوا۔ PLO متفق ہو گئی کہ وہ اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرتے ہوئے 1948ء والے فلسطینی مہاجرین کی واپسی کے مطالبے کو ترک کر دے گی۔ اسرائیل متفق ہو گیا کہ مقبوضہ غزہ اور مغربی کنارہ میں ایک فلسطینی اتھارٹی تشکیل دی جائے گی جو اسرائیل کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے گی۔ سادہ الفاظ میں PLO نے ایک نیم فلسطینی ریاست کے ڈھونگ کے بدلے اپنی ہی عوام پر اسرائیل کی تمام مرضی منشاء کے مطابق نگرانی کی نوکری سنبھال لی۔ اس معاہدے کی نگرانی فلسطین اور امریکی سامراج کی ”دوست“ عرب ریاستیں خود کر رہی تھیں۔ اوسلو معاہدہ ساری صورتحال میں ایک معیاری تبدیلی تھا جس نے فلسطینی حریت پسند تحریک کی موت کا اعلان کر دیا۔ معاہدے کے خلاف حماس واحد فعال تنظیم رہ گئی تھی۔ امریکی سامراج کے تحت نام نہاد امن کا زہریلا پھل آج تک اسرائیلی فلسطینی تنازعہ کو فروغ دے رہا ہے۔ عوام کی ولولہ انگیز جدوجہد کے اس دور اور قیادت کی غداری کے بعد آج تک کچھ حل نہیں ہو سکا ہے۔ درحقیقت عوام کی اکثریت کے لیے نقبہ آج بھی جاری ہے۔